1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ ہارُونؔ کے بیٹوں سے جو کاہن ہیں، مُخاطب ہو اور اُنہیں کہہ کہ کوئی کاہن اپنے لوگوں میں سے کِسی مُردہ کے باعث اپنے آپ کو نجس نہ کرے۔ 2 ۲۔سِوائے کِسی قریبی رِشتہ دار کے مَثلاً ماں یا باپ، بیٹا یا بیٹی، بھائی 3 ۳۔یا اپنی کنواری بہن کے جِس کی دیکھ بھال اُس کے ذِمّہ ہو، اُن کی خاطر وہ اپنے آپ کو نجس کر سکتا ہے۔ 4 ۴۔لیکن وہ اپنے لوگوں کا سر براہ ہونے کے باعث اپنے آپ کو ایسا آلُودہ نہ کرے کہ ناپاک ہو جائے۔ 5 ۵۔کاہن نہ تو اپنے سر گھٹوائیں نہ اپنی داڑھیوں کے کونے منڈوائیں اور نہ ہی اپنے آپ کو زخمی کریں۔ 6 ۶۔وہ اپنے خُدا کے لِئے پاک رہیں اور کبھی اپنے خُدا کے نام کی بے حُرمتی نہ کریں کیونکہ وہ آتشین قُربانیاں پیش کرتے ہیں جو اُن کے خُدا کی غذاہیں۔ لٰہذا اُن کا پاک رہنا لازمی ہے۔ 7 ۷۔وہ جِسم فروشی کرنے والی نجس عورتوں یا طلاق یافتہ عورتوں سے ہرگِز شادی نہ کریں کیونکہ کاہن اپنے خُدا کے لِئے مُقدّس ہیں۔ 8 ۸۔لٰہذا تُم اُنہیں مُقدّس سمجھو کیونکہ وہ تُمہارے خُدا کے حضُور میں قُربانیوں کی غذا لاتے ہیں۔ اُنہیں مُقدس سمجھو کیونکہ مَیں خُداوند جو تُمہیں مُقدس کرتا ہُوں، قُدُوس ہُوں۔ 9 ۹۔اگر کِسی کاہن کی بیٹی فاحشہ بن کر اپنے آپ کو ناپاک کرے تو وہ اپنے باپ کی رُسوائی کا باعث بنتی ہے۔ لازم ہے کہ وہ آگ میں جلا دی جائے۔ 10 ۱۰۔وہ جو اپنے بھائیوں کے درمیان سردار کاہن ہو جِس کے سر پر مَسح کرنے کا تیل ڈالا گیا ہو اور جو پاک لِباس پہننے کے لِئے مُخصوص کِیا گیا ہو وہ نہ تو اپنے سر کے بال نوچے اور نہ ہی اپنے کپڑے پھاڑے۔ 11 ۱۱۔وہ اُس جگہ جہاں کوئی لاش رکھی ہو، داخل نہ ہو۔ اور وہ اپنے باپ یا ماں کی خاطر بھی اپنے آپ کو نجس نہ کرے۔ 12 ۱۲۔اورنہ ہی اپنے خُدا کے مَقدِس سے باہر جائے یا اُس کو بے حُرمت کرے کیونکہ کاہن کو اُس کے خُدا کے مَسح کرنے کے تیل سے مُخصوص کِیا گیاہے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 13 ۱۳۔وہ جِس عورت سے شادی کرے وہ ضرُور کنواری ہو۔ 14 ۱۴۔ وہ کِسی بیوہ، طلاق یافتہ یا کِسی بازاری عورت سے ہرگِز شادی نہ کرے بلکہ اپنی ہی قوم میں سے کِسی کنواری کو بیاہ لے۔ 15 ۱۵۔اِس طرح اُس کی اولاد اپنی قوم میں نجس نہ ٹھہرے گی۔ مَیں خُداوند ہُوں جو اُسے مُقدّس کرتا ہُوں۔ 16 ۱۶۔پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 17 ۱۷۔ہارُونؔ سے کہہ کہ اگر تیری نسل میں کسی میں کِسی طرح کا کوئی عیب ہو تو پُشت در پُشت وہ اپنے خُدا کے حُضور قُربانی پیش کرنے نہ آئے۔ 18 ۱۸۔کوئی بھی آدمی جِس میں کوئی عیب ہو، نزدیِک نہ آئے یعنی جواَندھا یا لنگڑا، بد صُورت یا کُبڑا ہو۔ 19 ۱۹۔اور نہ ہی وہ آدمی جِس کا پیر یا ہاتھ ناکارہ ہو۔ 20 ۲۰۔یا جو کُبڑا یا بَونا ہو یا جِس کی آنکھ میں کوئی نُقص ہو یا جِس کے زخموں سے پیِپ بہتی ہو یا جِس کے خُصیے ضرر رِسیدہ ہوں۔ 21 ۲۱۔اور ہارُون کاہن کی نَسل میں سے کوئی بھی جِس میں کوئی عیب ہو وہ خُداوند کو آتشین قُربانیاں گُذراننے کو اُس کے حُضور نہ آئے۔ اُس میں عیب ہے۔ وہ ہرگِز اپنے خُدا کو غذا کی قُربانی پیش کرنے کے لئے اُس کے حُضور نہ آئے۔ 22 ۲۲۔وہ اپنے خُدا کی نہایت ہی مُقدّس غذا کو اور پاک روٹی کو بھی کھا سکتا ہے۔ 23 ۲۳۔تاہم اپنے عیب کی وجہ سے وہ پردہ کے نزدیک یا مذبح کے پاس ہرگِز نہ جائے۔ ایسا نہ ہو کہ وہ میرے مَقدِس کوبے حُرمت کرے۔ مَیں خُداوند ہُوں جو اُن کو مُقدّس کرتا ہُوں۔‘ 24 ۲۴۔لٰہذا مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو اور تمام بنی اِسرائیلؔ کو یہ سب باتیں بتائیں۔