1 ۱۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو بتا کہ وہ اُن مُقدّس نذروں کا جو بنی اِسرائیلؔ میرے لِئے مُخصُوص کرتے ہیں، احترام کِیا کریں۔ یُوں وہ میرے پاک نام کی بے حُرمتی کرنے کے مرتکب نہ ہوں گے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 3 ۳۔اور اُن سے کہہ پُشت در پُشت تُمہاری نَسل میں سے جو کوئی ناپاکی کی حالت میں اُن مُقدّس نذروں کے قریب آئے گا جو بنی اِسرائیلؔ میرے حُضور لائیں گے تو لازم ہوگا کہ وہ شخص میرے حُضور سے کاٹ ڈالا جائے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 4 ۴۔اگر ہارُونؔ کی نَسل میں سے کِسی کو جِلد کی کوئی معتدّی بیماری ہو یا اُسے جریان کا مَرض ہو تو جب تک وہ پاک نہ ہو جائے اُس وقت تک مُقدّس نذروں کو نہ کھائے۔ اور اگر وہ کِسی ایسی چیز کو چُھوئے جو کسی لاش کی وجہ سے یا جریان کے مریض کی وجہ سے آلُودہ ہو چُکی ہو تب بھی وہ ناپاک ہو گا۔ 5 ۵۔یا اگر وہ رینگنے والی کِسی ایسی چیز کو چُھوئے جِس سے وہ ناپاک ہو سکتا ہو یا کِسی ایسے شخص کو چُھوئے جِس کے چُھونے سے وہ ناپاک ہو سکتا ہو خواہ وہ ناپاکی کِسی بھی قسم کی ہو، اُسے نجس کر سکتی ہے۔ 6 ۶۔جو کوئی کِسی ایسی چیز کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا اور وہ مُقدّس نذروں میں کِسی چیز کو تب تک نہ کھائے جب تک وہ پانی سے نہانہ لے۔ 7 ۷۔ اور جب سُورج غُروب ہو جائے، وہ پاک ہوگا۔ پِھر وہ اُن مُقدّس نذروں کو کھا سکتا ہے کیونکہ وہ اُس کی خُوراک ہیں۔ 8 ۸۔اور وہ کِسی جاندار کو جو مَرا ہُوا مِلا ہو یا جنگلی جانوروں سے پھاڑ ڈالا گیاہو، ہرگِز نہ کھائے تاکہ اُن کے باعث وہ ناپاک نہ ہو جائے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 9 ۹۔کاہن میرے احکام کو مانیں تاکہ وہ مُجرم نہ ٹھہریں اور اُن کی بے حُرمتی کرنے کے باعث مَر نہ جائیں۔ مَیں خُداوند ہُوں جو اُنہیں مُقدّس کرتا ہُوں۔ 10 ۱۰۔اور کاہن کے خاندان سے باہر کا کوئی بھی شخص اُس مُقدّس نذر کو نہ کھائے اور نہ ہی کاہن کا مہمان یا اُس کا مزدُور اُسے کھائے۔ 11 ۱۱۔لیکن اگر کوئی کاہن قیمت دے کر کوئی غلام خریدے یا اگر کوئی غلام اُس کے گھر میں پیدا ہُوا ہو تو وہ اُس کے کھانے میں سے کھا سکتا ہے۔ 12 ۱۲۔اگر کِسی کاہن کی بیٹی کِسی کاہن کے علاوہ کِسی اور سے بیاہ کر لے تو وہ مُقدّس نذروں میں کِسی کو نہ کھائے۔ 13 ۱۳۔لیکن اگر کِسی کاہن کی بیٹی بیوہ ہو جائے یا طلاق یافتہ اور بے اولاد ہو اور وہ اپنے بچپن کے دِنوں کی طرح واپس آکر اپنے باپ کے گھر میں رہنے لگے تو وہ اپنے باپ کے کھانے میں سے کھا سکتی ہے۔ لیکن کوئی اَجنبی اُسے نہ کھائے۔ 14 ۱۴۔اور اگر کوئی نادانستہ کِسی مُقدّس نذر کو کھائے تووہ اُسے اُس کی قیمت کے پانچویں حِصّہ کے برابر اضافہ کے ساتھ کاہن کو لَوٹائے۔ 15 ۱۵۔اور کاہن اُن نذروں کو جو بنی اِسرائیلؔ خُداوند کے حضُور چڑھائیں یُوں بے حُرمت نہ کریں کہ 16 ۱۶۔اُنہیں مُقدّس نذریں کھانے کی اِجازت دے دیں اور اُن کے سر گُناہ لانے کے ذمّہ دار ٹھہریں۔ مَیں خُداوند ہُوں جو اُن کو مُقدّس کرنے والا ہُوں۔ 17 ۱۷۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 18 ۱۸۔ہارُون اور اُس کے بیٹوں اور تمام بنی اِسرائیلؔ سے مُخاطب ہو اور اُن سے کہہ کہ اگر تُم میں سے کوئی خواہ وہ اِسرائیلی ہو یا کوئی پردیسی ہو جو اِسرائیلؔ میں رہتا ہو، خُداوند کے حضُور سوختنی قُربانی کے واسطے کوئی ہدیہ لائے جو خُواہ کِسی منّت کی تکمیل کے لِئے ہو یا رضا کارانہ ہدیہ ہو۔ 19 ۱۹۔تو تُم بَیلوں یا بَرّوں یا بکروں میں سے بے عیب نّر نذر کرنا تاکہ وہ تُمہاری خاطر مقبُول ہو۔ 20 ۲۰۔اور کوئی چیز جِس میں عیب ہو اُسے مت لانا کیونکہ وہ تُمہاری خاطر مقبُول نہ ہوگی۔ 21 ۲۱۔اور جب کوئی اپنی کِسی خاص منّت کی تکمیل کے لِئے یا رضا کارانہ نذر کے طور پر گائے بیَلوں میں سے یا بھیڑ بکریوں میں سے رفاقت کا ذبیحہ خُداوند کے حُضور پیش کرے تو وہ بے عیب یا بے داغ ہوتاکہ مقبُول ہو۔ 22 ۲۲۔اگر وہ اندھا یا شکستہ غُضو یا لُولا ہے جِس کے رسولی ہے یا پیپ بھرے یا بہتے زخم ہیں تو ایسے چوپایوں کو خُداوند کے حضُور میں نہ لانا اور نہ مذبح پر اُن کی آتشین قُربانی خُداوند کے حضُور گُذراننا۔ 23 ۲۳۔تاہم تُم کِسی ناقص اَعضا والے بچھڑے یا بّرے کو رضا کی قُربانی کے طور پر پیش کر سکتے ہو مگر اُس کی قُربانی کِسی منّت کی تکمیل کے لِئے قبُول نہ ہوگی۔ 24 ۲۴۔تُم ایسے جانور کو جِس کے خُصیے زخمی، کٹے پھٹے یا کُچلے ہُوئے ہوں خُداوند کے حضُور نہ چڑھانا اور اپنے مُلک میں ایسا کام کبھی نہ کرنا۔ 25 ۲۵۔اور نہ تُم ایسے جانوروں کو کِسی اجنبی سے قبُول کرکے اُنہیں اپنے خُدا کے لِئے قُربانی کے طور پر گُذراننا۔ وہ تُمہاری خاطر قبُول نہ ہونگے کیونکہ وہ بد وضع عیب والے ہیں۔ 26 ۲۶۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 27 ۲۷۔جب کوئی بچھڑا یا بھیڑ یا بکری کا بچّہ پیدا ہو تو وہ سات دِن تک اپنی ماں کے ساتھ رہے اور آٹھویں دِن اور اُس کے بعد سے جب کبھی وہ بطور آتشین قُربانی پیش کِیا جائے گا تو خُداوند کو مقبُول ہوگا۔ 28 ۲۸۔اور تُم کسی گائےکو یا بھیڑ اور اُس کے بچّے دونوں کو ایک ہی دِن ذبح نہ کرنا۔ 29 ۲۹۔اور جب تُم خُداوند کے حضُور شُکرگُزاری کی قُربانی پیش کرو تو اُسے ایسے طریقہ سے پیش کرو کہ وہ تُمہاری خاطر قبُول کی جائے۔ 30 ۳۰۔اُسے ضرُور اُسی دِن کھا لینا اور صُبح تک اُس میں سے کُچھ بھی باقی نہ چھوڑنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 31 ۳۱۔اور تُم میرے احکام کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 32 ۳۲۔تُم میرے پاک نام کی بے حُرمتی نہ کرنا اور تمام بنی اِسرائیلؔ پر لازم ہے کہ وہ مُجھے پاک تسلیم کریں۔ مَیں خُداوند ہُوں، مَیں تُمہیں پاک کرتا ہُوں۔ 33 ۳۳۔اور مَیں تُمہیں مِصؔر سے نِکال کر لایا تاکہ تُمہارا خُدا بنا رہُوں۔ مَیں خُداوند ہُوں۔