باب۲۳

1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ سے مخاطب ہو اور اُنہیں کہہ کہ خُداوند کی مقرّر کردہ عیدیں، جِن کا تُم مُقدّس اِجتماعوں کے طور پر اعلان کرنا یہ ہیں: 3 ۳۔چھ دِن ہیں جِن میں تُم کام کاج کر سکتے ہولیکن ساتواں دِن آرام کا سبت ہے یعنی مُقدّس اِجتماع کا دِن ہے۔ لٰہذا اُس دِن جہاں کہیں بھی تُمہاری رہائش ہو تُم کوئی بھی کام نہ کرنا کیونکہ یہ خُداوند کا سبت ہے۔ 4 ۴۔خُداوند کی مقرّر کردہ عیدیں یعنی مُقدّس اِجتماعات جِن کا تُمہیں مُقررہ اوقات پر اعلان کرنا ہوگا یہ ہیں: 5 ۵۔پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کو غروبِ آفتاب کے وقت سے خُداوند کی فسح شُروع ہوتی ہے۔ 6 ۶۔اور اُس مہینہ کی پندرھویں تاریخ کو خُداوند کی عیدِ فِطیر شُروع ہوتی ہے۔ سات دِن تک تُم بے خمیری روٹی کھانا۔ 7 ۷۔پہلے دِن مُقدّس اِجتماع کرنا اور عام دِنوں کی طرح کوئی کام نہ کرنا 8 ۸۔اور سات دِن تک تُم خُداوند کو آتشین قُربانیاں پیش کرنا اور ساتویں دِن مُقدّس اِجتماع کرنا اور عام دِنوں کی طرح کوئی کام نہ کرنا۔ 9 ۹۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 10 ۱۰۔بنی اِسرائیلؔ سے مُخاطب ہو اور اُنہیں کہہ کہ جب تُم اُس ملک میں جِسے میں تُمہیں دینے والا ہُوں، داخل ہو جاؤ اور وہاں فصل کے پہلے پھلوں کا ایک پُولا کاہن کے پاس لانا۔ 11 ۱۱۔وہ اُس پُولے کو خُداوند کے حُضور ہِلائے۔ تب وہ تُمہاری طرف سے خُداوند کی نظر میں مقبُول ٹھہرے گا۔ اور کاہن اُسے سبت کے بعد کے دِن ہلائے۔ 12 ۱۲۔اور جِس دِن تُم اُس پُولے کو ہلانے کے لِئے لاؤ اُسی دِن تُم ایک یکسالہ بے عیب بّرہ بطور سوختنی قُربانی ضرُور خُداوند کے حُضور پیش کرنا 13 ۱۳۔ اور اُس کے ساتھ نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُوا مَیدہ ایفہ کے دو دہائی حِصّہ کے برابر ہوتاکہ وہ آتشین قُربانی کے طور پر خُداوند کے حُضور خُوشگوار خُوشبُو کے لِئے جلائے جائیں اور اُس کے ساتھ مَے کا تپاون ہین کے چوتھے حِصّہ کے برابر مَے لے کر کرنا 14 ۱۴۔اور جب تک تُم اپنے خُدا کےلِئے یہ چڑھاوا نہ لے آؤ اُس دِن تک تُم کوئی روٹی یا بُھنا ہُوا اناج یا ہری بالیں نہ کھانا۔ تُمہارے لِئے خُواہ تُم کہیں بھی رہو یہ ایک دائمی مذہبی فریضہ ہے جو ہمیشہ تک برقرار رہے گا۔ 15 ۱۵۔اور تُم سبت کے بعد کے دِن سے جب کہ تُم ہلانے کی قُربانی کے لِئے پُولے لاؤ، پُورے سات ہفتے گِننا 16 ۱۶۔اور ساتویں سبت کے بعد کے دِن تک پچاس دِن گِننا اور پِھر تُم خُداوند کے حُضور نئے اناج کو نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کرنا۔ 17 ۱۷۔اور جہاں کہیں تُمہاری رہایش ہو وہاں سے ایفہ کے دو دہائی حِصّہ کے وزن کے دو نان جو خمیر کے ساتھ پکائے گئے ہوں پہلے پھلوں کے ہلانے کی قُربانی کے طور پر خُداوند کے حُضور پیش کرنا 18 ۱۸۔اور اُن کے ساتھ ہی ایک ایک سال کے سات بے عیب بّرے، ایک بچھڑا اور دو مینڈھے بھی لانا تاکہ وہ اپنی نذر کی قُربانی اور تپاون کے ساتھ بطور سوختنی قُربانی خُداوند کے حُضور ایک خُوشگوار خُوشبُو ہوں۔ 19 ۱۹۔اور پِھر ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے اور دو یکسالہ بّرے رفاقت کی قُربانی کے لِئے ذبح کرنا۔ 20 ۲۰۔اور کاہن دہ دونوں بّرے اور پہلے پھل کے دونوں نان لے اور اُنہیں ہلانے کی قُربانی کے طور پر خُداوند کے حُضور ہلائے۔ خُداوند کو پیش کی گئی وہ مُقدّس نذریں کاہن کے لِئے ہیں۔ 21 ۲۱۔اُسی دِن تُم مُقدّس اِجتماع کا اعلان کرنا اور اُس دِن روز مرّہ کا کوئی کام انجام نہ دینا۔ خواہ تُم لوگ کہیں بھی جا بسو یہ مذہبی فریضہ تُمہارے لِئے دائمی طور پر مقّرر کِیا گیا ہے۔ 22 ۲۲۔ اور جب تُم اپنی زمین کی فصل کاٹو تو اپنے کھیت کو کونےکونے تک پُورا نہ کاٹنا اور نہ ہی اپنے کھیت کی گری پڑی بالیں جمع کرنا بلکہ اُنہیں غریبوں اور مُسافروں کے لِئے چھوڑ دینا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 23 ۲۳۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 24 ۲۴۔بنی اِسرائیلؔ سے کہہ کہ ساتویں مہینے کی پہلی تاریخ کو تُمہارا یَومِ آرام ہوگا۔ اِس مُقدّس موقع پر اِجتماع کِیا جائے اور یادگاری کے لِئے زور زور سے نرسنگے پُھونکے جائیں۔ 25 ۲۵۔اُس دِن روز مّرہ کا کوئی کام انجام نہ دینا بلکہ خُداوند کے حضُور آتشین قُربانی پیش کرنا۔ 26 ۲۶۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 27 ۲۷۔اُسی ساتویں مہینے کی دَسویں تاریخ کو یَومِ کفّارہ ہے۔ اُس روز تُمہارا مُقدّس اِجتماع ہو۔ تُم روزہ رکھنا اور خُداوند کے حُضور آتشین قُربانی پیش کرنا۔ 28 ۲۸۔اُس دِن کو ئی کام نہ کرنا کیونکہ یہ یَومِ کفّارہ ہے جب تُمہارے خُداوند خُدا کے حُضور تُمہارے لِئے کفّارہ دِیا جاتا ہے۔ 29 ۲۹۔اور جو کوئی اُس دِن خُود اِنکاری نہ کرے وہ ضرُور اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ 30 ۳۰۔اور جو کوئی اُس دِن کوئی کام کرے گا اُسے مَیں اُس کے لوگوں میں سے فنا کردُوں گا۔ 31 ۳۱۔لٰہذا تُم کوئی کام مَت کرنا اور تُمہارے لِئے یہ تا ابد ایک مذہبی فریضہ ہو گا خواہ تُمہاری رہائش کہیں بھی ہو۔ 32 ۳۲۔یہ تُمہارے لِئے آرام کا سبت ہے اور تُم ضُرور خُود اِنکاری کرنا۔ یہ سبت مہینے کی نَویں تاریخ کو شام سے لے کر اگلے دِن کی شام تک مانا جائے۔ 33 ۳۳۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 34 ۳۴۔بنی اِسرائیلؔ سے کہہ کہ ساتویں مہینے کی پندرھویں تاریخ کو خُداوند کی خیموں کی عید شُروع ہوتی ہے اور وہ سات دِن تک رہتی ہے۔ 35 ۳۵۔پہلا دِن مُقدّس اِجتماع کا دِن ہے ۔ اُس دِن روزمرّہ کا کوئی کام انجام نہ دینا 36 ۳۶۔اور سات دِن تک خُداوند کے حُضور آتشین قُربانیاں پیش کرنا اور آٹھویں دِن مُقدّس اِجتماع کرنا اور خُداوند کے حُضور آتشین قُربانی پیش کرنا۔ وہ اِس عِید کا آخری اِجتماع ہوگا۔ لٰہذا اُس دِن روز مرّہ کا کوئی کام انجام نہ دینا۔ 37 ۳۷۔یہ خُداوند کی مُقرّر کردہ عِیدیں ہیں جِنہیں منانے کے لِئے مُقدّس اِجتماعات منعقد کِئے جائیں تاکہ تُم خُداوند کے حضُور مقرّرہ دِنوں پر آتشین قُربانیاں، اناج کی قُربانیاں، ذبیحے اور تپاون پیش کرو۔ 38 ۳۸۔یہ قُربانیاں اُن قُربانیوں کے علاوہ ہیں جِنہیں تُم خُداوند کے سبتوں کے لِئے ہدیوں، منّتوں اور رضا کی قُربانیوں کے طور پر خُداوند کے حضُور میں پیش کرتے ہو۔) 39 ۳۹۔لٰہذا زمین کی فصلوں کو جمع کرنے کے بعد ساتویں مہینے کی پندرھویں تاریخ سے شُروع کر کے تُم اِس عِید کو خُداوند کے لِئے سات دِن تک منانا۔ پہلا دِن اور آٹھواں دِن دونوں آرام کے دِن ہوں۔ 40 ۴۰۔اور اُس پہلے دِن تُم درختوں کے چُنیدہ پھل، کھجُور کی ڈالیاں، گھنے درختوں کی شاخیں اور ندّیوں کے بید مجنوں لینا اور سات دِن تک خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔ 41 ۴۱۔اور تُم ہر سال یہ عیِد خُداوند کے لِئے منایا کرنا اور تُمہارے لِئے یہ تا ابد ایک مذہبی فریضہ ہوگا۔ تُم یہ عید ساتویں مہینے میں منانا۔ 42 ۴۲۔اور سات دِن تک تُم سائبانوں میں رہنا۔ تمام اِسرائیلی شہری سائبانوں میں رہیں۔ 43 ۴۳۔تاکہ تُمہاری نَسلوں کو معلُوم ہو کہ جب بنی اِسرائیلؔ کو مِصؔر سے نِکال کر لایا تو مَیں نے اُنہیں سائبانوں میں رَکھا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 44 ۴۴۔پس مُوسیٰؔ نے بنی اِسرائیلؔ میں خُداوند کی مقرّر کردہ عِیدوں کا اعلان کِیا۔