1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ کو حُکم دے کہ وہ تیرے پاس کولہو کے ذریعہ نِکالا ہُوا زیتون کا خالص تیل روشنی کے لِئے لائیں تاکہ چراغ ہمیشہ جلتے رہیں۔ 3 ۳۔اور ہارُونؔ شہادت کے پردہ کے باہر خیمۂ اِجتماع میں شام سے صُبح تک لگاتار اُن چراغوں کی دیکھ بھال کِیا کرے۔ تُمہارے لِئے یہ تا ابد ایک دائمی مذہبی فریضہ ہو گا۔ 4 ۴۔اور وہ خُداوند کے آگے خالص سونے کے چراغدان پر قرینہ سے رکھّے ہُوئے چراغ ہمیشہ روشن رکّھے۔ 5 ۵۔اور تُو مَیدہ لے کر بارہ نان میں ایفہ کا دو دہائی حِصّہ مَیدہ ہو۔ 6 ۶۔اور تُو اُنہیں خُداوند کے حضُور خالص سونے کی میز پر دو قطاروں میں رکھ دینا۔ ہر قطار میں چھ چھ نان ہوں۔ 7 ۷۔اور ہر قطار کے ساتھ خالص بخُور یادگاری حِصّہ کے طور پر رکھنا تاکہ وہ نان کے نمُونہ پر خُداوند کے حضُور میں پیش کی گئی آتشین قُربانی ہو۔ 8 ۸۔اور بنی اِسرائیلؔ کی خاطر یہ نان باقاعدہ ہر سبت کو خُداوند کے آگے ایک دائمی عہد کے طور پر رکھے جائیں۔ 9 ۹۔اور یہ نان ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کے ہوں گے اور وہ اُنہیں کِسی پاک جگہ میں کھائیں کیونکہ دائمی فریضہ کے مُطابق خُداوند کو گُذرانی جانے والی آتشین قُربانیوں میں سے یہ اُن کا پاک ترین حِصّہ ہے۔ 10 ۱۰۔اور یُوں ہُوا کہ ایک اِسرائیلی عورت کا بیٹا جِس کا باپ مِصری تھا بنی اِسرائیلؔ میں جا گُھسا اور لشکرگاہ کے اندر اُس میں اور ایک اِسرائیلی میں جھگڑا ہو گیا۔ 11 ۱۱۔اُس اِسرائیلی عورت کے بیٹے نے (خُدا کا) پاک نام لیتے وقت گُستاخی کی لٰہذا وہ اُسے مُوسیٰؔ کے پاس لائے (اُس کی ماں کا نام سلومیتؔ تھا جو دِیری کی بیٹی تھی جو دانؔ کے قبیلہ کا تھا)۔ 12 ۱۲۔اور اُنہوں نے خُدا کی مرضی صاف صاف معلُوم ہو جانے تک اُسے زیرِ حِراست رکھا۔ 13 ۱۳۔تب خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 14 ۱۴۔کُفر بکنے والے کو لشکر گاہ سے باہر لے جاؤ اور وہ تمام جِنہوں نے اُسے کفر بولتے سُنا اُس کے سر پر اپنے ہاتھ رکھیں اور ساری جماعت اُسے سنگسار کرے۔ 15 ۱۵۔اور تُو بنی اِسرائیلؔ سے کہہ کہ اگر کوئی اپنے خُدا پر لعنت کرے تو اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔ 16 ۱۶۔اور جو کوئی خُداوند کے نام پر کُفر بکے وہ ضرُور جان سے مارا جائے اور پُوری جماعت اُسے ضرُور سنگسار کرے اور خواہ کوئی دیسی ہو یا پردیسی جب وہ پاک نام لیتے وقت گُستاخی کرے تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔ 17 ۱۷۔اور اگر کوئی کِسی اِنسان کو مار ڈالے تووہ ضرُور جان سے مارا جائے 18 ۱۸۔اور جو کوئی کِسی کے چوپائے کو مار ڈالے تو لازم ہے کہ وہ اُس کا معاوضہ دے یعنی جان کے بدلے جان۔ 19 ۱۹۔اور اگر کوئی اپنے ہمسایہ کو زخمی کر دے تو جیسا اُس نے کِیا ہے ویسا ہی اُس کے ساتھ کِیا جائے 20 ۲۰۔یعنی ہڈّی توڑنے کے بدلے ہڈّی توڑنا۔ آنکھ کے بدلے آنکھ اور دانت کے بدلے دانت۔ اور جیسے اُس نے دُوسرے کو زخمی کِیا ہے ویسے ہی اُسے زخمی کِیا جائے۔ 21 ۲۱۔جو کوئی کِسی جانور کو مارڈالے وہ اُس کا معاوضہ دے لیکن جوکوئی کِسی آدمی کو مار ڈالے وہ ضرُور جان سے مار ڈالا جائے۔ 22 ۲۲۔اور دیسی اور پردیسی دونوں کے لِئے تُمہارا ایک ہی قانون ہو۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 23 ۲۳۔پِھر مُوسیٰؔ نے بنی اِسرائیلؔ سے بات کی اور اُنہوں نے اُس کفر بکنے والے کو لشکر گاہ سے باہر لے جا کر سنگسار کر دِیا اور بنی اِسرائیلؔ نے ویسا ہی کِیا جیسا کہ خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا۔