باب۲۵

1 ۱۔اور خُداوند نے کوہِ سینا پر مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ سے مُخاطب ہو اور اُنہیں کہہ کہ جب تُم اُس ملک میں جو میں تُمہیں دینے والا ہُوں داخل ہو تو وہاں کی زمین بھی خُداوند کے لِئے سبت منائے۔ 3 ۳۔چھ سال تک تُم اپنے کھیتوں میں بیج بونا اور چھ سال تک اپنے انگورستان کو چھانٹنا اور اُن کے پھل جمع کرنا 4 ۴۔لیکن ساتویں سال زمین کے لِئے آرام کا سبت ہو یعنی خُداوند کے لِئے سبت۔ لٰہذا تُم نہ اپنے کھیتوں میں بیج بونا اور نہ اپنے انگُورستان کو چھانٹنا۔ 5 ۵۔ اور نہ خُود رَو فصل کو کاٹنا اور نہ بِنا چھٹی تاکوں کے انگُور توڑنا تاکہ زمین ایک سال آرام کرے۔ 6 ۶۔ اور سبت سال کے دُوران جو کُچھ زمین میں پیدا ہو وہ تُمہاری خُوراک ہو یعنی خُود تُمہارے لِئے تُمہارے نوکروں اور نوکرانیوں کے لِئے اور مزدُوروں اور تُمہارے درمیان رہنے والے عارضی باشندوں کے لِئے، 7 ۷۔نیز تُمہارے مال مویشیوں اور تُمہاری زمین کے جنگلی جانوروں کے لِئے بھی۔ اور جو کُچھ زمین میں پیدا ہو کھایا جائے۔ 8 ۸۔اور تُو برسوں کے سات سبتوں یعنی سات گُنا سات سال گِن لینا۔ یُوں برسوں کے سات سبتوں کی مُدّت اُنچاس سال ہوگی۔ 9 ۹۔تب تُم ساتویں مہینے کی دَسویں تاریخ کو ہر جگہ نرسنگا پُھنکوانا۔ تُم کفّارہ کے دِن اپنے سارے مُلک میں نرسنگا پُھنکوانا۔ 10 ۱۰۔تُم پچاسویں برس کو مُقدّس جاننا اور مُلک بھر میں سب باشندوں کے لئے آزادی کا اعلان کرنا۔ یہ تُمہارے لِئے جُوبلی ہو اور اِس میں سے ہر ایک اپنی اپنی خاندانی ملکیت اور اپنے اپنے خاندان کی طرف لَوٹے۔ 11 ۱۱۔وہ پچاسواں برس تُمہارے لِئے جُوبلی کا سال ہو۔ تُم نہ تو کُچھ بونا اور نہ اُسے جو اپنے آپ پیدا ہو جائے، کاٹنا اور نہ بِنا چِھٹی تاکوں کے اَنگُور جمع کرنا۔ 12 ۱۲۔وہ جُوبلی کا سال ہوگا۔ وہ تُمہارے لِئے مُقدّس ٹھہرایا گیا ہے۔ تُم صِرف کھیتوں کی خُود رَو اَشیاء پر گُزارا کرنا۔ 13 ۱۳۔اور جُوبلی کے اُس سال میں ہر ایک اپنی اپنی ملکیت پِھر سے حاصل کر لے۔ 14 ۱۴۔اگر تُم اپنے مُلک کے کِسی آدمی کو زمین بیچو یا اُس سے خِریدو تو دھوکے سے کام نہ لینا۔ 15 ۱۵۔اور جُوبلی کے بعد جِتنے بر س گُزرے ہوں اُن کے شُمار کے مُطابق تُم اپنے ہم وطن سے اُسے خریدنا اور وہ تُمہیں اُن برسوں کے شُمار کے مُطابق بیچے جو فصلیں کاٹنے کے لِئے باقی ہوں۔ 16 ۱۶۔اور جب سالوں کی تعداد زیادہ ہو تو دام بڑھا دینا اور جب کَم ہو تو قیمت کو گھٹا دینا کیونکہ جو وہ تُم کو بیچ رہا ہے وہ اُن سالوں کی فصلوں کی تعداد ہے۔ 17 ۱۷۔لٰہذا ایک دُوسرے کو دھوکا مَت دینا بلکہ اپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 18 ۱۸۔پس تُم میرے احکام پر عمل کرنا اور میرے قوانین کو پُوری طرح ماننا تو تُم اُس مُلک میں اَمن کے ساتھ بسے رہوگے۔ 19 ۱۹۔تب زمین اپنی پیداوار دے گی اور تُم پیٹ بھر کر کھاؤ گے اور وہاں محفُوظ بسے رہو گے۔ 20 ۲۰۔اگر تُمہیں خیال آئے کہ جب ہم بوئیں گے نہیں اور نہ ہی اپنی فصلیں کاٹیں گے تو پِھر ہم ساتویں برس کیا کھائیں گے؟ 21 ۲۱۔تو مَیں چھٹے برس تُمہیں اِس قدر برکت دُوں گا کہ زمین خُوب پیداوار دے گی اور تُمہارا غلّہ تین سال کے لِئے کافی ہوگا۔ 22 ۲۲۔اور آٹھویں سال کے دوران بیج بوتے وقت تُم وہی غلّہ اِستعمال کروگے بلکہ نویں سال کی فصل جمع کر کے گھر لانے تک بھی اُسی میں سے کھاتے رہوگے۔ 23 ۲۳۔اور زمین ہمیشہ کے لِئے بیچی نہ جائے کیونکہ زمین میری ہے اور تُم محض پردیسی ہو اور اُس کی دیکھ بھاک کے لِئے مقرّر کِئے گئے ہو۔ 24 ۲۴۔اور جب سارے مُلک کی زمین تُمہارے قبضہ میں آجائے تو دیکھنا کہ وہ چھڑائی بھی جاسکے۔ 25 ۲۵۔اور اگر تُمہارا کوئی ہم وطن غُربت کی وجہ سے اپنی ملکیت کا کُچھ حِصّہ بیچ دے تو اُس کا نزدیکی رِشتہ دار آکر اُس ہم وطن کا بیچا ہُوا حِصّہ چھڑا لے۔ 26 ۲۶۔تاہم اگر اُس کا بیچا ہُوا حِصّہ چھڑانے والا کوئی نہ ہو اور وہ خُود اِس قدر خُوشحال ہو جائے کہ اُس حِصّہ کو چھڑانے کے لِئے اُس کے پاس کافی وسائل ہوں 27 ۲۷۔تو وہ اُس حِصّہ کے بیچے جانے کے وقت سے اُس کی قیمت کا تعیّن کر کے بقایا رقم خریدنے والے کو لَوٹا دے اور یُوں وہ پِھر سے اپنی ملکیت کا مالک ہو سکتا ہے۔ 28 ۲۸۔لیکن اگر اُس میں ادائیگی کا مقدُور ن ہو تو جو کُچھ اُس نے بیچا وہ جُوبلی کے سال تک خریدار کے قبضہ میں رہے گا اور جُوبلی کے سال میں لَوٹا دِیا جائے گا۔ اور تب وہ اُس کی ملکیت ہو گی۔ 29 ۲۹۔اور اگر کوئی آدمی کِسی فصیل دار شہر میں کوئی مکان بیچے تو اُس کی فروخت کے بعد بھی اُسے حق حاصل ہے کہ وہ ایک سال کے پُورا ہونے سے پہلے اُسے چُھڑالے۔ اُس عرصہ کے دوران وہ اُسے چُھڑا سکتا ہے۔ 30 ۳۰۔ اور اگر پُورا ایک سال گُزر جائے اور وہ اُسے نہ چُھڑا سکے تو اُس فصیل دار شہر میں وہ مکان ہمیشہ کے لِئے خریدار اور اُس کی اولاد کا ہوگا۔اور وہ جُوبلی والے سال میں بھی واپس نہ کِیا جائے گا۔ 31 ۳۱۔لیکن جو دیہات فصیِلوں کے بغیر ہوں اُن میں مکانات کو کھلا علاقہ سمجھا جائے۔ اُنہیں چُھڑایا جا سکتا ہے اور جُوبلی والے سال میں اُنہیں واپس لَوٹا دینا چاہئیے۔ 32 ۳۲۔لیکن لاویوں کو اپنے قصبوں میں اُن مکانات کو جِن کے وہ مالک ہیں چُھڑانے کاہمیشہ حق ہوگا۔ 33 ۳۳۔لٰہذا وہ مکانات جو لاویوں کی ملکیت ہوں چُھڑوائے جا سکتے ہیں یعنی لاویوں کے کِسی بھی قصبہ میں کوئی مکان جو بیچ دیا گیا ہو اُسے جُوبلی میں واپس لَوٹا دِیا جائے کیونکہ وہ مکانات جو لاویوں کے قصبوں میں ہیں بنی اِسرائیلؔ کے درمیان اُن کی ملکیت ہیں۔ 34 ۳۴۔لیکن اُن کے قصبوں کی چراگاہوں کو ہرگِز نہ بیچا جائے کیونکہ وہ اُن کی دائمی ملکیت ہیں۔ 35 ۳۵۔اور اگر تُمہارا کوئی ہم وطن مفلس ہو جائے اور تُمہارے درمیان رہتے ہُوئے بھی تنگ دَست ہو تو اُس کی مدد کرنا جیسے کہ تُم کِسی پردیسی یا مُسافر کی کرتے ہو تاکہ وہ تُمہارے درمیان بسا رہے۔ 36 ۳۶۔اور اُس سے کسی قسم کا سُود نہ لینا بلکہ خُدا سے ڈرنا تاکہ تُمہارا ہم وطن تُمہارے درمیان بسا رہے۔ 37 ۳۷۔اور تُم اُسے قرض دو تو اُس پر سُود نہ لینا اور نہ ہی اناج نفع پر بیچنا۔ 38 ۳۸۔مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُمہیں مِصؔر سے نِکال کر لایا تاکہ تُمہیں کنعانؔ کا مُلک دُوں اور تُمہارا خُدا ٹھہروں۔ 39 ۳۹۔اگر تُمہارے درمیان تُمہارا ایک ہم وطن مفلس ہو جائے اور اپنے آپ کو تُمہارے ہاتھ بیچ دے تو اُس سے غلام کی مانند کام نہ لینا۔ 40 ۴۰۔بلکہ اُس کے ساتھ ایک مزدُور یا تمہارے درمیان کِسی مُسافر کی طرح سلُوک کِیا جائے اور وہ سالِ جُوبلی تک تُمہارے لِئے کام کرے۔ 41 ۴۱۔پِھر اُسے اور اُس کے بچّوں کو جانے دِیا جائے اور وہ اپنے گھرانے کے پاس اور اپنے آباؤ اَجداد کی ملکیت کی طرف واپس چلا جائے۔ 42 ۴۲۔کیونکہ بنی اِسرائیلؔ میرے خادم ہیں جِنہیں مَیں مِصؔر سے نِکال کر لایا۔لٰہذا اُن کو بطور غلام ہرگِز نہ بیچا جائے۔ 43 ۴۳۔اور تُم اُن پر سختنی سے حُکمرانی نہ کرنا بلکہ اپنے خُدا سے ڈرتے رہنا۔ 44 ۴۴۔تُمہارے غلام اور تُمہاری کنیزیں اُن قوموں میں سے ہوں جو تُمہارے چَوگرد رہتی ہیں۔ اُن ہی میں سے تُم غلام اور لونڈیاں خریدا کرنا۔ 45 ۴۵۔اور تُمہارے درمیان عارضی طور پر رہنے والوں اور اُن کے گھرانوں کے اُن اَفراد میں سے بھی جو تُمہارے مُلک میں پیدا ہُوئے، کُچھ کو خرید سکتے ہو اور وہ تُمہاری ملکیت ہوں گے۔ 46 ۴۶۔اور تُم اُنہیں میراث کے طور پر اپنی اولاد کے نام کر سکتے ہو اور یُوں اُنہیں عُمر بھر کے لِئے غلام بنا سکتے ہو لیکن تُم اپنے اِسرائیلی ہم وطنوں پر سختی سے حُکمرانی نہ کرنا۔ 47 ۴۷۔اور اگر تُمہارے درمیان کوئی پردیسی یا عارضی طور پر رہنے والا شخص دولتمند ہو جائے اور تُمہارا کوئی ہم وطن مُفلس اپنے آپ کو اُس پردیسی یا عارضی طور پر رہنے والے شخص یا پردیسی کے خاندان کے کِسی آدمی کے ہاتھ بیچ ڈالے 48 ۴۸۔تو بِک جانے کے بعد بھی وہ چُھڑایا جا سکتا ہے اور اُس کے رِشتہ داروں میں سے کوئی اُسے چُھڑا سکتا ہے۔ 49 ۴۹۔اُس کا چچا یا چچیرا بھائی یا اُس کے گھرانے کا کوئی قریبی رِشتہ دار اُسے چُھڑا سکتا ہے یا اگر وہ مالدار ہو جائے تو وہ اپنے آپ کو چُھڑا سکتا ہے۔ 50 ۵۰۔وہ اور اُس کا خریدار اُس سال سے جِس میں اُس نے اپنے آپ کو بیچا سالِ جُوبلی تک مُدّت کا شُمار کریں۔ اُس کی رہائی کی قیمت اُن سالوں کے لِئے کِسی مزدُور کو اَدا کی گئی مُزدُوری کی شرح کے حِساب سے طَے ہو۔ 51 ۵۱۔ اگر بہت سال باقی ہوں تو جِتنی قیمت اُس کے لِئے اَدا کی گئی، وہ اُس کا بیشتر حِصّہ اپنے چُھڑانے کے لِئے اَدا کرے۔ 52 ۵۲۔اور اگر سالِ جُوبلی تک تھوڑے سال رہ گئے ہوں تو وہ اُس کے ساتھ حِساب کرے اور اتنے برسوں کے مُطابق اپنے چُھوٹنے کی قیمت اُسے لَوٹا دے۔ 53 ۵۳۔اور اُس کے ساتھ کِسی مزدُور کی طرح جِس کی اُجرت سال بسال ٹھہرائی جاتی ہو سلُوک کِیا جائے اور تُم اِس بات کا ضرُور دھیان رکھنا کہ اُس کا آقا اُس پر سختی سے حُکمرانی نہ کرے۔ 54 ۵۴۔اور اگر وہ اِن طریقوں میں سے کِسی طریقہ سے چُھڑایا نہ جائے تو بھی وہ اور اُس کے بَچّے سالِ جُوبلی میں چھوڑ دِئیے جائیں۔ 55 ۵۵۔کیونکہ بنی اِسرائیلؔ میرے لِئے بطور خادم ہیں۔ وہ میرے خادم ہیں جِنہیں مَیں مِصّر سے نِکال کر لایا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔