باب۲۶

1 ۱۔تُم اپنے لِئے بُت نہ بنانا اور نہ کوئی مُورت یا کوئی مُقدّس پتّھر کھڑا کرنا اور نہ اپنے مُلک میں کوئی شبیِہ دارپتھر رکھنا کہ اُس کے آگے سِجدہ کرو۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 2 ۲۔اور تُم میرے سبتوں کو ماننا اور میرے مَقدِس کی تعظیم کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 3 ۳۔اگر تُم میری شریعت پر چلو گے اور میرے احکام کو ماننے میں مُحتاط رہوگے۔ 4 ۴۔تو مَیں تُمہارے لِئے بروقت بارش برساؤں گا، زمین اپنی پیداوار دے گی، میدان کے درخت اپنے پھل دیں گے، 5 ۵۔تُمہاری گہائی انگُور کی فصل تک جاری رہے گی، انگُور کی فصل بوائی تک جاری رہے گی، تُم وہ خُوراک کھاؤ گے جِس کی تُمہیں ضرُورت ہوگی اور تُم اپنے مُلک میں بحفاظت بسے رہو گے۔ 6 ۶۔اور مَیں مُلک میں امن بخشوں گا، تُم سوؤ گے اور تُمہیں کوئی پریشان نہیں کرے گا اور مَیں جنگلی دِرندوں کو ملک سے بھگا دُوں گا۔ تلوار تمہارے مُلک میں نہ چلے گی۔ 7 ۷۔تُم اپنے دُشمنوں کا تعاقب کروگے اور وہ تُمہارے آگے تلوار سے مارے جائیں گے۔ 8 ۸۔تُمہارے پانچ آدمی سَو کو رکھدیڑدیں گے، تُمہارے سَو آدمی دَس ہزار کو کھدیڑ دیں گے اور تُمہارے دُشمن تُمہارے آگے تلوار سے مارے جائیں گے۔ 9 ۹۔اور میری تُم پر نظرِ عنایت ہوگی اور مَیں تُمہیں سرفراز کرُوں گا، مَیں تُمہاری تعداد کو بڑھاؤں گا اور تُمہارے ساتھ اپنے عہد کو پُورا کرُوں گا۔ 10 ۱۰۔تُم ابھی پِچھلے سال کا ہی اناج کھارہے ہو گے کہ تُمہیں اُسے باہر نِکالنا پڑے گا تاکہ تُم نئے اناج کا ذخیرہ کرنے کے واسطے جگہ بنا سکو۔ 11 ۱۱۔مَیں اپنا مَسکن تُمہارے درمیان قائم کرُوں گا، مَیں تُم سے نفر ت نہ کرُوں گا۔ 12 ۱۲۔مَیں تُمہارے درمیان چلا پِھرا کروں گا، مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا اور تُم میرے لوگ ہوگے۔ 13 ۱۳۔مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تمہیں مِصؔر سے نِکال کر لایا تاکہ تُم آئیندہ مِصؔریوں کے غلام نہ رہو۔ مَیں نے تُمہارے جُوئے کی چوبیں توڑ ڈالیں اور تُمہیں سر اُونچا کر کے چلنے کے لائق بنا دِیا۔ 14 ۱۴۔لیکن اگر تُم میری نہ سُنو گے اور اِن سب احکام پر عمل نہ کرو گے 15 ۱۵۔اور میری شریعت کو مُسترد کروگے اور میرے قوانین سے نفرت کرو گے، میرے تمام احکام کی تعمیل کرنے میں ناکام رہوگے اور یُوں میرے عہد کی خِلاف ورزی کروگے۔ 16 ۱۶۔تو مَیں تُمہارے ساتھ اِس طرح پیش آؤں گا کہ ناگہانی دہشت، گُھلانے والی بیماریاں اور بُخار تُم میں بھیج دُوں گا جو تُمہاری بینائی کو تباہ کردیں گے اور تُمہاری جان لے لیں گے۔ تُم بیکار بیج بوؤ گے کیونکہ وہ تُمہارے دُشمن کا لُقمہ بن جائیں گے۔ 17 ۱۷۔اور مَیں تُمہارا مُخالف ہو جاؤں گا۔ لٰہذا تُم اپنے دُشمنوں سے شکست کھاؤ گے اور وہ جو تُم سے نفرت کرتے ہیں، تُم پر حُکمرانی کریں گے اور جب کوئی بھی تُمہارا تعاقب نہ کررہا ہوگا، تب بھی تُم بھاگو گے۔ 18 ۱۸۔اگر تُم اِن سب کے باوجود بھی میری نہ سُنو گے تو مَیں تُمہیں تُمہارے گُناہوں کے باعث سات گُنا سزا دُوں گا۔ 19 ۱۹۔اور مَیں تمہاری شہزوری کے تکبّر کو توڑ ڈالُوں گا اور تُمہارے اُوپر آسمان کے لاہے کی مانند اور نیچے زمین کو کانسی کی مانند بنا دُوں گا۔ 20 ۲۰۔اور تُمہاری قُوت بیفائدہ صرف ہوگی کیونکہ تُمہاری زمین اپنی پیداوار نہ دے گی اور نہ ہی مُلک کے درخت اپنے پھل دیں گے۔ 21 ۲۱۔اگر تُم میرے مُخالف رہوگے اور میری سُننے سے اِنکار کروگے تو مَیں تُمہارے گُناہوں کے مُطابق تُمہارے مُصائب کو سات گُنا بڑھا دُوں گا۔ 22 ۲۲۔مَیں تُمہارے خِلاف جنگلی درندوں کو بھیجوں گا، وہ تُمہارے بچّوں کو اُٹھا لے جائیں گے۔ تُمہارے مویشیوں کو تباہ کردیں گے اور تُمہاری تعداد اِس قدر کم کردیں گے کہ تُمہاری شاہراہیں سُونی پڑ جائیں گی۔ 23 ۲۳۔اگر اِن باتوں کے باوجود بھی تُمہاری اَصلاح نہ ہُوئی بلکہ تُم میرے خلاف ہی چلتے رہے 24 ۲۴۔تو مَیں بھی تُمہارے خلاف چلوں گا اور تُمہارے گُناہوں کے باعث تُمہیں سات گُنا رنجیدہ کرُوں گا۔ 25 ۲۵۔تُمہاری عہد شِکنی کا بدلہ لینے کے لِئے تُم پر تلوار چلاؤں گا اور جب تُم اپنے شہروں کے اندر پِسپا ہو گے تو مَیں تُمہارے درمیان وَبا بھیجوں گا اور تُم دُسمن کے ہاتھوں میں دِئیے جاؤ گے۔ 26 ۲۶۔اور جب مَیں تُمہاری رَسد کو کاٹ ڈالُوں گا تو دَس عورتیں ایک ہی تنُور میں تُمہاری روٹی پکائیں گی اور تُمہیں وزن کے حِساب سے تھوڑی تھوڑی دیں گی۔ تُم کھاؤ گے لیکن سیر نہ ہو گے۔ 27 ۲۷۔اور اگر اِس کے باوجود بھی تُم نے میری نہ سُنی اور میرے خلاف ہی چلتے رہے 28 ۲۸۔تب مَیں اپنے غضب میں تُمہارے خلاف ہُوں گا اور تُمہارے گُناہوں کے باعث میں خُود تُمہیں سات گُنی سزا دُوں گا۔ 29 ۲۹۔تُم اپنے بیٹوں اور اپنی بیٹیوں کا گوشت کھاؤ گے۔ 30 ۳۰۔اور مَیں تُمہارے اُن اُونچے مقامات کو جہاں تُم پر ستش کرتے ہو، تباہ کر دُوں گا اور تُمہارے بخُور دانوں کے پایے کاٹ ڈالُوں گا۔ اور تُمہارے بے جان بُتوں پر تُمہاری لاشوں کا ڈھیر لگا دُوں گا اور تُم سے نفرت کرُوں گا۔ 31 ۳۱۔اور مَیں تُمہارے شہروں کو کھنڈرات میں تبدیل کردُوں گا اور تُمہارے معبُودوں کو برباد کردُوں گا اور تُمہارے معبُودوں کو برباد کردُوں گا اور تُمہاری قُربانیوں کی فرحت انگیز خُوشبُو سے مُجھے کوئی خُوشی نہ ہوگی۔ 32 ۳۲۔مَیں اُس مُلک کو ویران کر دُوں گا اور تُمہارے دُشمن جو وہاں رہتے ہیں ہکّے بکّے رہ جائیں گے۔ 33 ۳۳۔مَیں تُمہیں قوموں میں پراگندہ کر دُوں گا، مَیں اپنی تلوار کھینچ کر تُمہارا تعاقب کرُوں گا اور تُمہارا مُلک سُونا ہو جائے گا اور تُمہارے شہر کھنڈرات بن جائیں گے۔ 34 ۳۴۔اور پِھر جب تک یہ مُلک ویران رہے گا اور تُم اپنے دُشمنوں کے مُلک میں رہو گے تب تک یہ زمین آرام کرے گی اور اپنے سبت کے سال منائے گی۔ 35 ۳۵۔جب تک یہ زمین ویران رہے گی اُسے وہ آرام نصیب ہوگا جو اُسے اُن سبتوں کے دوران بھی نہ ملا تھا جب تُم اِس میں رہتے تھے۔ 36 ۳۶۔اور تُم میں سےجو باقی بچیں گے، مَیں اُن کے دُشمنوں کے ممالک میں اُن کے دِلوں کو ایسا خوفزدہ کردُوں گا کہ ہوا سے اُڑتے ہُوئے پتّے کی آواز سُن کر بھی وہ بھاگ کھڑے ہوں گے۔وہ ایسے بھاگیں گے گویا تلوار سے بھاگ رہے ہیں۔ وہ گِر پڑیں گے حالانکہ کوئی بھی اُن کا تعاقب نہ کر رہا ہوگا۔ 37 ۳۷۔اور وہ ٹھوکر کھا کر ایک دُوسرے پر ایسے گریں گے گویا تلوار سے بھاگ رہے ہوں حالانکہ کوئی بھی اُن کا تعاقب نہ کر رہا ہوگا۔ لٰہذا تُم میں اپنے دُشمنوں کے مُقابل کھڑا ہونے کی ہِمّت نہ ہوگی۔ 38 ۳۸۔اور تُم غیر قوموں کے درمیان فنا ہو جاؤ گے اور تُمہارے دُشمنوں کی زمین تُمہیں کھا جائے گی۔ 39 ۳۹۔اور تُم میں سے جو باقی بچ رہیں گے وہ اپنے گُناہوں کے باعث تُمہارے دُشمنوں کے مُلک میں اندر ہی اندر گُھلتے رہیں گے اور اپنے باپ دادا کے گُناہوں کے باعث بھی گُھل گُھل کر ختم ہو جائیں گے۔ 40 ۴۰۔لیکن اگر وہ اپنے اور اپنے باپ دادا کے گُناہوں کا اعتراف کریں گے یعنی اگر وہ میرے ساتھ اپنی اُس دغا بازی اور اپنے اُس معاندانہ رَوّیہ کا اعتراف کریں۔ 41 ۴۱۔جِس کے باعث میں بھی اُن کا ایسا مُخالف ہُوا کہ مَیں نے اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے مُلک میں بھیج دِیا اور جب اُن کے نامختون دِل عاجزبن جائیں گے اور وہ اپنے گُناہ کی سزا بُھگت لیں گے 42 ۴۲۔تو مَیں اپنا عہد جو مَیں نے یعقُوبؔ، اِضحاقؔ اور ابرہامؔ کے ساتھ باندھا تھا، یاد کرُوں گا اور اُس مُلک کو بھی یاد کرُوں گا۔ 43 ۴۳۔ کیونکہ وہ زمین اُن سے چُھوٹ جائے گی اور جب تک وہ اُن کے بغیر سُونی پڑی رہے گی، اپنے سبتوں کو مناتی رہے گی۔ اور وہ اپنے گُناہوں کی سزا بھُگتیں گے کیونکہ اُنہوں نے میری شریعت کو مُسترد کِیا اور میرے احکام سے نفرت کی۔ 44 ۴۴۔تاہم جب وہ اپنے دُشمنوں کے مُلک میں ہوں گے، مَیں اُنہیں مسترد نہ کُروں گا اور نہ ہی اُن سے ایسی نفرت کرُوں گا کہ اُن کے ساتھ اپنے عہد کو توڑ کر اُن کو بالکل فنا کردُوں۔ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔ 45 ۴۵۔لیکن اُن کی خاطر میں اُن باپ دادا کے ساتھ باندھا ہُوا عہد یاد کروں گا جِنہیں مَیں غیر اقوام کی آنگھوں کے سامنے مِصؔر سے نِکال لایا تاکہ مَیں اُنکا خُداٹھہروں۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 46 ۴۶۔یہ وہ احکام، قوانین اور قواعد و ضوابط ہیں جو خُداوند نے کوہِ سیناؔ پر مُوسیٰؔ کی معرفت اپنے اور بنی اِسرائیلؔ کے مابین مقرّر کِئے تھے۔