باب۲۷

1 ۱۔اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 ۲۔بنی اِسرائیلؔ سے مُخاطب ہو اور اُنہیں بتا کہ اگر کوئی کِسی شخص کے فِدیہ کے طور پر خُداوند کی نذر کے لِئے کوئی خاص منّت مانے 3 ۳۔تو تُو بیس سال سے لے کر ساٹھ سال کی عمُر تک مَرد کی قیمت مَقدِس کی مثقال کے حِساب سے چاندی کی پچاس مِثقال مقرّر کرنا۔ 4 ۴۔اور اگر وہ عورت ہو تو اُس کی قیمت تیس مِثقال ٹھہرانا۔ 5 ۵۔اور اگر وہ شخص پانچ سال سے لے کر بیس سال کی عُمر کا ہو تو مَرد کی قیمت بیس مِثقال اور عورت کی قیمت دس مِثقال مقرّر کرنا۔ 6 ۶۔اور اگر کوئی ایک ماہ سے لے پانچ سال کا ہو تو لڑکے کے لِئے چاندی کی پانچ مِثقال اور لڑکی کے لِئے چاندی کی تین مِثقال مقرّر کرنا۔ 7 ۷۔اور اگر وہ ساٹھ سال کا یا زیادہ عُمر کا ہو تو مَرد کی قیمت پندرہ مِثقال اور عورت کی دس مِثقال مقرّر کرنا۔ 8 ۸۔اور اگر کوئی منّت ماننے والا اِس قدر غریب ہو کہ اُسے مقرّرہ رقم ادا کرنے کا مقُدور نہ ہو تو وہ اُس شخص کو کاہن کے سامنے پیش کرے اور وہ منّت ماننے والے کی استطاعت کے مُطابق اُس کی قیمت مقرّر کرے۔ 9 ۹۔اگر اُس نے کِسی ایسے جانور کی منّت مانی ہے جو بطور نذر خُداوند کے لِئے قابلِ قبُول ہو تو خُداوند کو نذر کِیا ہُوا وہ جانور پاک ٹھہرے گا۔ 10 ۱۰۔اور منّت ماننے والا اُسے ہرگز نہ بدلے، نہ اچھے کے عِوض بُرا دے اور نہ بُرے کے عِوض اچّھا دے۔ اور اگر وہ کِسی حال میں ایک جانور کے بدلے دُوسرا جانور دے تو وہ اور اُس کا بدل دونوں پاک ٹھہریں گے۔ 11 ۱۱۔اور اگر وہ جِس کی منّت مانی گئی ہو ناپاک ہو یعنی ایسا جا خُداوند کے لِیے بطور نذر ناقابلِ قبُول ہو تو وہ جانور لازماً کاہن کے سامنے پیش کِیا جائے۔ 12 ۱۲۔جو اُس کی اچھائی یا بُرائی کی جانچ کرے گا اور تب اُس کی جو بھی قیمت کاہن مقرّر کرے وہی اُس کی قیمت ہو گی 13 ۱۳۔اور اگر اُس کا مالک اُس جانور کا فِدیہ دینا چاہے تووہ اُس مقرّرہ قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کرکے اُسے ادا کرے۔ 14 ۱۴۔اور اگر کوئی آدمی اپنے مکان کو خُداوند کے لِئے پاک قرار دےکر مخصوص کرے تو کاہن اُس کے اچھا یا بُرا ہونے کی جانچ کرے اور وہ جو قیمت مقرّر کرے وہی اُس کی قیمت ہو گی۔ 15 ۱۵۔اور وہ آدمی جو اپنے مکان کو مخصوص کرے اور فِدیہ دے کر اُسے چُھڑانا چاہے تو وہ اُس کی قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کر کے ادا کرے اور وہ مکان پِھر اُس کا ہو جائے گا۔ 16 ۱۶۔اگر کوئی آدمی اپنی موروثی زمین کا کُچھ حِصّہ خُداوند کے لِئے مخصوص کرے تو اُس کی قیمت اُس کے لِئے درکار بیج کی مقدار کے مُطابق مقرّر ہو گی یعنی جَو کے بیج کے ایک حُومر کے لِئے پچاس مِثقال۔ 17 ۱۷۔اور اگر وہ جُوبلی والے سال کے دوران اپنا کھیت مخصوص کرے تو اُس کی جو قیمت مقرّر ہو چُکی ہو وہی رہے گی۔ 18 ۱۸۔لیکن اگر وہ اپنا کھیت جُوبلی کے بعد مخصوص کرے تو اگلی جُوبلی تک جِتنے سال باقی رہتے ہوں اُن کے مُطابق کاہن اُس کی قیمت مقرّر کرے اور اُس کی پہلی قیمت کم کر دے۔ 19 ۱۹۔اگر وہ آدمی جِس نے کھیت مخصوص کِیا ہو اُس کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑانا چاہیے تو وہ اُس کی قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کر کے ادا کرے تو وہ کھیت پِھر اُس کا ہو جائے گا۔ 20 ۲۰۔تاہم اگر وہ اُس کھیت کو نہ چُھڑائے یا اگر اُس نے اُسے کِسی دُوسرے کو بیچ دِیا ہو تو پھِر اُسے کبھی بھی چُھڑایا نہیں جا سکتا۔ 21 ۲۱۔اور جب کھیت جُوبلی والے سال میں چُھڑایا جائے تو وہ خُداوند کے لِئے مخصوص کِئے ہوُئے کھیت کی طرح پاک ہوگا اور وہ کاہن کی ملکیت ٹھہرے گا۔ 22 ۲۲۔اور اگر کوئی آدمی کوئی خریدا ہُوا کھیت جو اُس کی موروثی زمین کا حِصّہ نہیں خُداوند کے لِئے مخصوص کرے 23 ۲۳۔تو کاہن جُوبلی کے سال تک اُس کی قیمت مُعیّن کرے اور وہ آدمی اُس دِن ضرُور اُس کی قیمت ادا کرے جو خُداوند کے لِئے مُقدّس نذرانہ ہو گی۔ 24 ۲۴۔اور جُوبلی کے سال میں وہ کھیت اُس آدمی کو جِس سے اُس نے خریدا تھا، واپس کر دِیا جائے یعنی اُس شخص کو جِس کی وہ موروثی ملکیت تھی۔ 25 ۲۵۔ہر ایک قیمت مَقدِس کی مِثقال کے مُطابق مُقرّر کی جائے یعنی ایک مِثقال بیس جیراہ کا ہو۔ 26 ۲۶۔ تاہم کوئی بھی کِسی جانور کے پہلوٹھے کو مخصوص نہ کرے کیونکہ وہ پہلوٹھا پہلے ہی خُداوند کا ہے خواہ وہ بَیل ہو یا بھیڑ، وہ خُداوند ہی کا ہے۔ 27 ۲۷۔اور اگر کوئی ناپاک جانور ہو تووہ اُس کی مقرّرہ قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کر کے اُسے واپس خرید لے۔ اور اگر وہ اُس کو نہ چُھڑائے تو اُسے اُس کی مقررّہ قیمت پر بیچ دِیا جائے۔ 28 ۲۸۔لیکن کوئی شَے جو کِسی کی ملکیت ہو اور اُس نے اُسے خُداوند کے لِئےمخصوص کر دیا ہو، خواہ وہ آدمی ہو یا جانور یا موروثی زمین تو اُسے بیچا ہی جاسکتا ہے نہ چُھڑایا جا سکتا ہے کیونکہ اِس طرح کی مخصوص کی ہُوئی ہر چیز خُداوند کے لِئے نہایت پاک ہے۔ 29 ۲۹۔کوئی بھی شخص جو ہلاکت کے لِئے مخصوص کِیا گیا ہو چُھڑایا نہ جائے بلکہ جان سے مار دِیا جائے۔ 30 ۳۰۔زمین سے پیدا ہونے والی ہر چیز کی دہ یکی خواہ وہ زمین سے اناج کی یا درختوں سے پھلوں کی پیداوار ہو، خُداوند کی ہے اور وہ خُداوند کے لِئے پاک ہے۔ 31 ۳۱۔اور اگر کوئی آدمی اپنی کسی دہ یکی کو چُھڑائے تو وہ اُس کی قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کر کے ادا کرے۔ 32 ۳۲۔گلّے اور ریوڑ کی دہ یکی یعنی ہر دَسواں جانور جو چرواہے کی لاٹھی کے نیچے سے گُزرتا ہے، خُداوند کے لِئے پاک ہوگا۔ 33 ۳۳۔وہ بُروں میں سے اچّھوں کا چُناؤ ہر گز نہ کرے اور نہ ہی اُنہیں بدلے۔ اور اگر وہ بدلے گا تو وہ جانور اور اُس کا بدل دونوں ہی پاک ہوں گے اور چُھڑائے نہ جا سکیں گے۔ 34 ۳۴۔یہ وہ احکام ہیں جو خُداوند نے بنی اِسرائیلؔ کے لِئے موُسیٰ کو کوہِ سیناؔ پر دِئیے۔