1 ۱۔اورایسا ہُؤا کہ جب سب لوگ یردنؔ کے پار چلے گئے تو خُداوند نے یشُوع سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 ۲۔۔کہ تُو لوگوں میں سے بارہ آدمی ہر قبیلے میں سے ایک ایک آدمی لے۔ 3 ۳۔۔اور اُنہیں حُکم دے کر کہہ کہ یرَدن کے درمیان سے اُس جگہ جہاں کاہِنوں کے پاؤں ٹِکے تھے بارہ پتھراُٹھاؤ اور اُنہیں پار لے جاؤ۔ اَور اُس جگہ پر جہاں تُم رات کو مقام کرو گے نصب کرو۔ 4 ۴۔۔تب یشُوع نے اُن بارہ آدمیوں کو جِنہیں اُس نے بنی اِسرؔائیل میں سے ہر قبیلے میں سے ایک ایک آدمی لے کر منتخب کیِاتھا، بُلایا۔ 5 ۵۔۔اَور یشُوع نے اُن سے کہا۔ کہ خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے آگے یردن کے درمیان سے تُم پار جاؤ۔ اَور تُم میں سے ہر ایک مرَد بنی اِسرائیل کے قبائل کے شُمار کے مطابِق ایک ایک پتھراپنے کندھے پر اُٹھا لے۔ 6 ۶۔۔تاکہ تُمہارے درمیان یہ ایک یادگار ہو۔ اَور جب تُمہارے لڑکے کل کو تُم سے پُوچھیں گے اَور کہیں گے کہ یہ پتھرکیسے ہیں۔ 7 ۷۔۔تو تُم اُنہیں جَواب دو گے۔ کہ خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے یردنؔ کا پانی تھم گیاتھا۔ جب وہ یردن میں داخِل ہُؤا تھا تو یردن کا پانی تھم گیا تھا۔ اَوریہ پتھّربنی اسرائیل کے لئے اَبد تک یادگار کے واسطے ہیں۔ 8 ۸۔۔تو جیسا یشُوع نے حُکم دِیا بنی اِسرائیل نے ویسا ہی کیِا۔ اَور بنی اسرائیل کے قبائل کے شُمار کے مُطابق یردن کے درمیان سے بارہ پتھراُٹھائے جیسا خُداوند نے یشُوع کوفرمایا تھا اَور اپنے مقام کرنے کی جگہ تک اُنہیں پار لے گئے اور وہاں اُنہیں نصب کیِا۔ 9 ۹۔ ۔اَور یشُوع نے یردن کے درمیان اُس جگہ پر جہاں کہ عہد کا صندُوق اُٹھانے والے کاہِنوں کے پاؤں ٹِکے تھے بارہ پتھرنصب کیےاَور وہ آج کے دِن تک وہیں ہیں۔ 10 ۱۰۔۔اَور وہ کاہِن جو صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے یردن کے درمیان کھڑے رہے۔ جب تک کہ سب کچھ جوخُداوند نے یشُوع کو حُکم دِیا تھا۔ کہ لوگوں سے کہے جِس طرح کہ موسیٰ نے یشُوع سے کہا تھا۔ تمام نہ ہُؤا۔ اَور لوگوں نے جلدی کی اَور پار ہو گئے۔ 11 ۱۱۔۔ جس وقت سب لوگ پارجا چکے۔ تو خُداوند کے عہدکاصندوق اور کاہِن لوگوں کے سامنے پار گئے۔ 12 ۱۲۔۔ اَور بنی روبن اَور بنی جد اَور نصف قبیلہ منسی کا ہتھیار باندھے ہُوئے بنی اسرائیلؔ کے آگے پار گئے۔ جیسا کہ مُوسیٰ نے اُنہیں حُکم دِیا تھا۔ 13 ۱۳۔۔اَور قریباً چالیس ہزار مرَد جنگ کے ہتھیار باندھے ہُوئے یریحو ؔکے میدان میں لڑائی کرنے کے لئے خُداوند کے آگے پار اُترے ۔ 14 ۱۴۔۔اُس روز خُداوند نے سب اِسرائیل کی نظروں میں یشُوع کو عظمت بخشی۔ تو وہ اُس سے ڈرے۔ جیسا کہ موسیٰ سے اُس کی زِندگی بھر ڈرتے رہے تھے۔ 15 ۱۵۔۔ اَور خُداوند نے یشُوع سے کلام کر کے فرمایا۔ 16 ۱۶۔۔کہ اُن کاہِنوں کو جو شہادت کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے ہیں، حُکم کر۔ کہ یردنؔ میں سے باہر نِکل آئیں۔ 17 ۱۷۔۔ تب یشُوع نے کاہِنوں کو حُکم دے کر کہا۔ کہ یردن سے باہر نِکل آؤ۔ 18 ۱۸۔۔اَور ایسا ہُؤا کہ جب کاہِن جو عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے یردنؔ کے درمیان سے باہر نِکلے اَور اُن کے پاؤں کے تلوئے خُشکی پر پُہنچے۔ تو یردنؔ کا پانی اپنی جگہ میں واپس آگیا ۔ اَور جیسے پہلے بہتا تھا۔ اپنے سب کِناروں پر سے بہنے لگ گیا۔ 19 ۱۹۔۔اَور پہلے مہینے کی دسویں تاریخ تھی کہ لوگ یردن میں سے نِکل کر اُوپر آئے۔ اَور یریحو کی مشرقی سَرحد جِلجال میں ڈیرہ کیِا۔ 20 ۲۰۔۔اَور یشُوع نےاُن بارہ پتھروں کوجو وہ یردن سے اُٹھا لائے تھے جِلجاؔل میں نصب کیِا۔ 21 ۲۱۔۔ پھراُس نے بنی اسرائیل سے کلام کر کے کہا کہ جب تُمہارے لڑکے کل کو اپنے باپ دادا سے پُوچھیں گے اَور کہیں گے کہ اِن پتھّروں سے کیا مُراد ہے؟ 22 ۲۲۔۔تو تُم اپنے لڑکوں کو خبر دے کر کہو گے ۔کہ اِسرائیل نے یہاں یردن کو خُشکی پر پار کِیا تھا۔ 23 ۲۳۔۔اَور خُداوند تُمہارے خُدا نے یرَدنؔ کے پانی کو تُمہارے آگے خُشک کر دِیا تھا۔ جب تک کہ تم اُس کے پار نہ ہوئے۔ جس طرح خداوند تمہارے خدا نے بحرِ قلزم سے کیا تھا ۔ کہ اُس نے اُسے ہمارے سامنے خشک کر دیا تھا۔ جب تک کہ ہم پار نہ گزر گئے۔ 24 ۲۴۔۔۔تاکہ زمین کی تمام قومیں جانیں۔ کہ خُداوند کا ہاتھ قادِر ہے۔ اَور تاکہ تُم خُداوند اپنے خُدا سے ہمیشہ ڈرتے رہو۔