باب۳

1 ۱۔ تب یشُوع صُبح سویرے اُٹھا۔ اَور شِطیم سے کُوچ کیِا۔ اَور وہ اور تمام بنی اِسؔرائیل یردنؔ کے پاس آئے۔اور وہاں پار جانے سے پیشتر مقام کیِا۔ 2 ۲۔۔ اَور ایسا ہُوا کہ دِن کے بعد منصب دار خَیمہ گاہ کے درمیان سے گُزرے۔ 3 ۳۔۔اور لوگوں کو حُکم دےکر کہا۔ کہ جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کو اَور کاہِنوں اَور لاویوں کو اُسے اُٹھائے ہُوئے دیکھو تب تُم اپنی جگہ سے کُوچ کرو۔ اَور اُس کے پیچھے چلو۔ 4 ۴۔۔لیکن تُمہارے اَور اُس کے درمیان قریبا دو ہزار ہاتھ کا فاصلہ رہے اُس کے نزدِیک نہ جاؤ۔ تاکہ تُم اُس راہ کو جس پر تمہیں جانا ہے، پہچانو۔ کیونکہ اِس سے پیشتر تُم اِس راہ سے کبھی نہیں گئے۔ 5 ۵۔۔اَور یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم اپنے آپ کو پاک کرو۔ کیونکہ کل کے روز خُداوند تُمہارے درمیان عجائبات کرے گا۔ 6 ۶۔۔اَور یشُوع نے کاہِنوں سے کلام کرکے کہا تُم عہد کے صندُوق کو اُٹھاؤ۔ اور لوگوں کے آگےآگے چلو۔ تب اُنہوں نے عہد کا صندُوق اُٹھایا اَور لوگوں کے آگے چلے۔ 7 ۷۔۔ تب خُداوند نے یشُوع سے فرمایا۔ کہ آج کے دِن میَں تمام بنی اسرائیل کی نِگاہ میں تجھےعزِت بخشنا شرُوع کرُوں گا۔ تاکہ وہ جانیں۔ کہ جیسا میَں موُسیٰ کے ساتھ تھا تیرے ساتھ بھی ہُوں۔ 8 ۸۔۔اَور تُو اُن کاہِنوں کو جو عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے ہیں۔ حُکم دے کر کہہ۔ کہ جب تُم یردن کے کِنارے کے پانی میں گھسو تو یَردنؔ ہی میں کھڑے رہو۔ 9 ۹۔۔ لہذا یشُوع نے بنی اسرائیل سے کہا کہ اِدھرآؤ اورخُداوند اپنے خُدا کا کلام سُنو۔ 10 ۱۰۔۔اَور یشُوع نے کہا کہ اِس سے تُم جانو گے کہ زِندہ خُدا تُمہارے درمیان ہے ۔اَور کہ وہ تُمہارے سامنے سے کِنعانیوں اورحِتیوںؔ اَور حِوّیوں اَور فِرزّیوںؔ اَور جِرجاسیؔوں اَور اَموریوؔں اَور یبُوسیوؔں کو دُور کرے گا۔ 11 ۱۱۔۔دیکھو۔ کہ کل دُنیا کے خُداوند کے عہد کا صندُوق تُمہارے سامنے یرَدنؔ میں جاتا ہے۔ 12 ۱۲۔۔اَوراَب تُم بنی اسرائیل کے قبیلوں میں بارہ آدمی ایک فی قبیلہ لو۔ 13 ۱۳۔۔اور ایسا ہو گا کہ جب کاہِنوں کے پاؤں کے تلوے جوکل دُنیا کے خُداوند خُدا کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے ہیں یردنؔ کے پانی میں ٹھہریں گے۔ تب یرَدنؔ کا پانی تھم جائے گا۔ اَور اُوپر سے آنے والا پانی ٹھہر کر ایک ڈھیر بن جائے گا۔ 14 ۱۴۔۔تب لوگوں نے اپنے خَیموں سے کُوچ کیا۔ تاکہ یردنؔ کے پار جائیں اَور کاہِن جو عہد کا صندُوق اُٹھائے تھے۔ لوگوں کے آگے تھے۔ 15 ۱۵۔۔تو جب صندُوق اُٹھانے والے یردنؔ میں گھسے اَور صندُوق اُٹھانے والے کاہِنوں کے پاؤں کنارے کے پانی میں ڈُوبے کیونکہ فصل کے تمام دِنوں میں یرَدنؔ اپنے کِناروں کے اُوپر سے بہتا ہے۔ 16 ۱۶۔۔تو پانی جو اُوپر سے آتا تھا ٹھہر گیا۔ اور بہت لمبا سا ڈھیر شہر آدام کے قریب جو صُرتان کے پاس ہے بن گیا۔ اور نیچے کا پانی جو عرابہ کے سمنُدر بحرِشور کو جاتا تھا الگ ہو گیا۔ اَور لوگ یریحو ؔکے مُقابل پار گزُرگئے۔ 17 ۱۷۔۔اور وہ کاہِن جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کواُٹھائے ہُوئے تھے یردنؔ کے درمیان خُشک زمین پر کھڑے رہے اَور تمام اسرائیل خُشک زمین پر گزرتا تھا یہاں تک کہ سب لوگ یرَدنؔ کے پار چلے گئے۔