باب۱۶

1 ۱۔۔اَور وہ خُدا کے صندُوق کو اندر لائے۔ اَور اُسے خَیمے کے بِیچ میں رکھّا جو داؔؤد نے اُس کے لئے کھڑا کِیا تھا۔ اَور اُنہوں نے سوختنی قُربانیاں اَور سلامتی کے ذَبیحے خُدا کے آگے گُزرانے۔ 2 ۲۔۔اَور جب داؔؤد سوختنی قُربانیا اَور سلامتی کے ذَبیحے گُزراننے سے فارِغ ہُؤا۔ تو اُس نے لوگوں کو خُداوند کے نام سے برکت دی۔ 3 ۳۔۔اَور اُس نے سارے اِسرؔائیل کے ہر مرد و زن کو ایک ایک مَے کی صراحی اَور گوشت کا ایک ایک ٹکڑا اَور کِشمِش کی ایک ایک ٹِکیا تقسیم کی۔ 4 ۴۔۔اَور اُس نے لاویوں میں سے بعض کو خُداوند کے صندُوق کے آگے خدمت کرنے کے لئے مُقرّر کِیا۔ تاکہ خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کا ذِکر اَور شُکر اَور حمد کِیا کریں۔ 5 ۵۔۔آساف سردار اَور دُوسرا ز،کرؔیاہ پھِر یعؔی ایل اَور شِمیؔراموت اَور یحی ایؔل اَور مَتّت ؔیاہ اَور اِلی آبؔ اَور بناؔیاہ اَور عوبؔید اِدوم اَور یعؔی ایل بانسریوں اَور بربطوں کے ساتھ۔ اَور آساؔف جھانجھ بجاتا تھا۔ 6 ۶۔۔اَور بناؔیاہ اَور یَحزیؔ ایل کاہِن خُدا کے عہد کے صندُوق کے سامنے ہمیشہ نرسِنگے بجاتے تھے۔ 7 ۷۔۔اُسی روز داؔؤد نے آساؔف اَور اُس کے بھائیوں سے پہلی دفعہ "خُداوند کی حمد" کا گیت گانے کے لئے کہا۔ 8 ۸۔۔خُداوند کا شُکر کرو۔ اُس کے نام کو پُکارو۔ قوموں میں اُس کے کاموں کا بیان کرو۔ 9 ۹۔۔اُس کا گیت گاؤ۔ اُس کی حمد سُناؤ ۔ اُس کے تمام عجائبات کا چرچا کرو۔ 10 ۱۰۔۔اُس کے قُدُّوس نام پر فخر کرو۔ خُداوند کے طالبوں کے دِل شادمان ہوں۔ 11 ۱۱۔۔خُداوند کو اَور اُس کی قُوّت کے طالب ہو۔ ہر وقت اُس کے چہرہ کی تلاش کرو۔ 12 ۱۲۔۔وہ عجائبات یاد رکھّو جواُس نے کِئے۔ اُس کے نِشانات۔ اُس کے مُنہ کے احکام۔ 13 ۱۳۔۔اَے اُس کے بندہ اِسرؔائیل کی نسل۔ اَے اُس کے برگُزیدہ کی اولاد۔ 14 ۱۴۔۔وہی خُداوند ہمارا خُدا ہے۔ تمام زمین پر اُس کے آئین مُرّؤج ہَیں۔ 15 ۱۵۔۔وہ اَبد تک اپنے عہد کو یاد رکھتا ہَے ۔اُس کلام کواُس نے ہزار پُشتوں کے لئے فرمایا۔ 16 ۱۶۔۔وہ عہد جو اُس نے اِبراہؔیم کے ساتھ باندھا۔ وہ قَسم جو اُس نے اِسحاؔق سے کھائی۔ 17 ۱۷۔۔جو اُس نے یَعقُوب کے لئے قانُون مُستحکم۔ اَور اِسرؔائیل کے لئے عہد اَبدی ٹھہرایا۔ 18 ۱۸۔۔جب کہا کہ مَیں مُلک کِنعان تُجھے دُوں گا۔ کہ تُمہاری مِیرَاث کا حِصّہ ہو۔ 19 ۱۹۔۔جس وقت تُم شُمار میں تھوڑے ۔ بلکہ بُہت ہی تھوڑے تھے۔ اَور اُس مُلک میں پردیسی۔ 20 ۲۰۔۔جب وہ ایک قوم سے دُوسری قوم میں۔ اَور ایک مَملُکَت سے دُوسرے لوگوں میں پھرتے تھے۔ 21 ۲۱۔۔تو اُس نے کِسی شخص کو اُن پر ظُلم کرنے نہ دِیا۔ بلکہ اُن کی خاطِر اُس نے بادشاہوں کو تنبیہہ دی۔ 22 ۲۲۔۔کہ"میرے ممسُوحوں کو ہاتھ نہ لگاؤ"۔ اَور میرے انبِیاء کو کوئی نُقصان نہ پُہنچاؤ۔ 23 ۲۳۔۔اَے ساری زمین خُداوند کے لئے گاؤ۔ روز بروز اُس کی نجات کی بشارت دو۔ 24 ۲۴۔۔قوموں میں اُس کے جلال کا سب لوگوں میں اُس کے عجائبات کا بیان کرو۔ 25 ۲۵۔۔کیونکہ خُداوند عظیم ہَے اَور بڑی سِتائش کے لائق۔ سب مَعبُودوں سے وہ زیادہ مُہیب ہَے۔ 26 ۲۶۔۔کیونکہ اقوام کے تمام مَعبوُد ہیچ ہیں۔ پر خُداوند نے افلاک کو بنایا۔ 27 ۲۷۔۔عظمت اَور حشمت اُس کے حضُور میں۔ قُوّت اَور شادمانی اُس کے ہاں ہَیں۔ 28 ۲۸۔۔اَے قوموں کے گھرانوں۔ خُداوند کو منسُوب کرو۔ خُداوند ہی کو حشمت اَور قُوّت منسُوب کرو۔ 29 ۲۹۔۔خُداوند کو اُس کے نام کی عظمت منسُوب کرو۔ ہدیہ لاؤ اَور اُس کے حضوُر میں حاضِر ہو اَور پاک آرائش سے خُداوند کو سجدَہ کرو۔ 30 ۳۰۔۔اَے ساری زمین اُس کے حضُور کانپتی رہ۔ اُس نے دُنیا قائم کی کہ وہ جُنبِش نہ پائے۔ 31 ۳۱۔۔اَفلاک خُوش ہوں۔ اَور زمین شادمانی کرے۔ قوموں کے درمیان مُنادی کرو کہ خُداوندسَلطنَت کرتا ہَے۔ 32 ۳۲۔۔سمُندر اَور اُس کی معمَوری شور مچائے۔ میدان اَور جو کُچھ اُ س میں ہَے خُوشی کرے۔ 33 ۳۳۔۔تب جنگل کے درخت خُداوند کے آگے گائیں گے۔ کیونکہ وہ دُنیا کی عدالت کرنے آ رہا ہَے ۔ 34 ۳۴۔۔خُداوند کا شُکر کرو۔ کیونکہ وہ نیک ہَے۔ کیونکہ اُس کی رحمت اَبد تک ہَے۔ 35 ۳۵۔۔اَور کہو ۔اَے ہماری نجات کے خُدا۔ ہمیں نجات دے۔ اَور ہمیں فراہم کر۔ اَور قوموں سے ہمیں چُھڑا لے۔ تاکہ ہم تیرے قُدُّوس نام کا شُکر کریں۔ اَور للکارتے ہُوئے تیری سِتائش کریں۔ 36 ۳۶۔۔خُداوند اِسرؔائیل کا خُدا۔ اَزل سے اَبد تک مُبارَک ہو۔ اَور سب لوگ بولے۔ آمین۔ اَور اُنہوں نے خُداوند کی سِتائش کی۔ 37 ۳۷۔۔پھِر اُس نے وہاں خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے آساؔف اَور اُس کے بھائیوں کو چھوڑا۔ تاکوہ وہ صندُوق کے آگے روز بروزکے کام کے مُطابِق خدمت کریں۔ 38 ۳۸۔۔اَور عوبید اِدوؔم مع اپنے اَڑسھٹ بھائیوں کے اَور عوبیؔد اِدوم بِن یدوتوؔن اَور حوؔسہ دربان مُقرّر کِئے گئے۔ 39 ۳۹۔۔اَور صَادوؔق کاہِن اَور اُس کے بھائی کاہِن خُداوند کے مَسکِن کے آگے اُونچی جگہ میں جو جِبعُؔون میں ہَے۔ 40 ۴۰۔۔تاکہ سوختنی قُربانی کے مذَبح پر صُبح اَور شام کو ہمیشہ خُداوند کے لئے سوختنی قُربانیاں چڑھائیں۔ بمُطابِق اُس سب کے جو خداوند کی شریعت میں لِکھا ہُؤا ہَے۔ جس کا اُس نے اِسرؔائیل کو حُکم دِیا۔ 41 ۴۱۔۔اَور اُن کے ہیماؔن اَور یِدوتؔون اَور باقی چُنے ہُوئے آدمی جِن کے نام بیان کِئے گئے تاکہ خُداوند کی سِتائش کریں کہ اُس کی رحمت اَبد تک ہَے۔ 42 ۴۲۔۔اَور ہیماؔن ا۔ور یِدوتوؔن نے نرسِنگا پھُونکا اَور سب قِسم کے موسیقی کے ساز بجائے کہ خُدا کی سِتائش کریں۔ اَور اُس نے بنی یِدوتؔون کو دربان مُقرّر کِیا۔ 43 ۴۳۔۔تب سب لوگ اپنے اپنے گھر چلے گئے۔ اَور داؔؤد لَوٹا کہ اپنے گھرانے کو برکت دے۔