باب

1 ۔ عزرا کا لوگوں کے سامنے شریعت کا پڑھنا اَور جب ساتواں مہینہ ہُؤا تو بنی اِسؔرائیل اپنے اپنے شہروں میں تھے۔ اَور سب لوگ ایک تن ہو کر اُس فراخ جگہ میں جو پانی کے پھاٹک کے آگےہے جمع ہُوئے۔ اَور اُنہوں نے عزؔرا فقیہہ سے کہا کہ مُوسؔیٰ کی شریعت کی کِتاب لائے جس کا اِسرؔائیل کے خُداوند نے حُکم دِیا۔ 2 ۔تب ساتویں مہینے کی پہلی تارِیخ کو عزؔرا کاہن آدمیوں اَور عوتوں کی جماعت اَور سب کے آگے جو سُن کر سمجھ سکیں، شریعت لایا۔ 3 ۔اَور پانی کے پھاٹک کے آگے کے میدان میں صُبح سے لے کر دوپہر تک آدمیوں اَور عورتوں اَور سب اِصحاب فِہم کے سامنے اُس میں سے پڑھتا رہا۔ اَور سب لوگ شریعت کی کِتاب غور سے سُنتے رہے۔ 4 ۔اَور عزؔرا فقیہہ ایک چوبی منبر پر جو اِسی کام کے لئے بنایا گیاتھا کھڑا ہُؤا۔ اَور اُس کے ساتھ اُس کی دہنی طرف مَتّتِیا اَور سمع اَور عَناؔیاہ اَور اُور یؔاہ اَور خِلقیا اَور مَعسؔیاہ اَور اُس کے بائیں طرف فِداؔیاہ اَور مِساؔایل اَور مَلکؔیاہ اَور حاشؔوُم اَور حَسبدّاؔنہ اَور زِکرَؔیاہ اَور مسُلّام کھڑے ہُوئے۔ 5 ۔اَور عزؔرا نے سب لوگوں کے سامنے کِتاب کھولی کیونکہ وہ سب لوگوں سے اُونچا تھا۔ تو جب اُس نے اُسے کھولا ۔ سب لوگ کھڑے ہو گئے۔ 6 ۔اَور عزؔرا نے خُداوند خُدائے عظیم کو مُبارَک کہا۔ تو تمام لوگوں نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جَواب دِیا۔ آمِین۔ آمِین۔ اَور اُوندھے مُنہ زمین تک جُھک کر اُنہوں نے خُداوند کو سجدَہ کِیا۔ 7 ۔اَور یَشُوع اَور بؔانی اَور سربیاہ اَور یامَن اَور عَقوُبؔ اَور سبتی اَور ہودؔیاہ اَور معؔسیاہ اَور قِلیؔطا اَور عَزّریاہ اَور یوزبداَور حناؔن اَور فلاؔیا اَور لاوی لوگوں کو شریعت سمجھاتے تھے اَور لوگ اپنی اپنی جگہوں میں کھڑے تھے۔ 8 ۔اَور اُنہوں نے خُدا کی شریعت کی کِتاب میں سے صاف صاف پڑھ کر معنی بتائے تو اُنہوں نے عِبارت کو سمجھا۔ 9 ۔لیکن نحمیاہ اَور عزرا فقیہہ اَور اُن لاویوں نے جو لوگوں کو سمجھاتے تھے۔سب لوگوں سے کہا۔ کہ آج کا دِن خُداوند تُمہارے خُدا کے لئے مُقدّس ہَے۔ تُم غم نہ کرو۔ اَور مت رو۔ کیونکہ سب لوگ شریعت کی باتیں سُن کر رو رہے تھے۔ 10 ۔اَور اُس نے اُن سے کہا۔ جاؤ عُمدہ چیزیں کھاؤ اَور شربت پیئو۔ اَور جِن کے پاس کُچھ تیاّر نہیں اُنہیں حِصّے بھیجو۔ کیونکہ آج کا دِن تُمہارے خُداوند کے لئے مُقدّس ہَے۔ غمگین نہ ہونا۔ کیونکہ خُداوند کی خُوشی تُمہاری قُوّت ہَے۔ 11 ۔اَور لاوی سب لوگوں کو چُپ کراتے ہُوئے کہتے تھے چُپ کرو۔ کیونکہ آج کا دِن مُقدّس ہے غمگین نہ ہونا۔ 12 ۔تب سب لوگ چلے گئے۔ کہ کھائیں اَور پیئیں اَور حِصّے بھیجیں۔اَور بڑی خُوشی سے شادمانی کریں۔ کیونکہ اُنہوں نے وہ باتیں جو اُنہیں سِکھائی گئی تھیں۔سمجھیں۔ 13 ۔ عیدِ خیام اَور دُوسرے دِن سب لوگوں کے آبائی رئیس اَور کاہَن اَور لاوی عزؔرا فقیہہ کے پاس جمع ہُوئے تاکہ شریعت کی باتیں سمجھیں۔ 14 ۔اَور اُنہوں نے شریعت میں وہ لِکھا ہُؤا پایا۔ جس کا خُداوند نے مُوسؔیٰ کی زُبان سے حُکم دِیا۔ کہ ساتویں مہینہ کی عید میں بنی اِسرؔائیل خَیموں میں رہیں۔ 15 ۔اَور کہ سب شہروں میں اَور یرُوشلِیؔم میں اِشتہار دِیں اَور مُنادی کریں اَور کہیں کہ پہاڑ پر جاؤ اَور زیتُون اَور عُتم اَور مہندی اَور کھُجوروں کی شاخیں اَور گھنے درختوں کی ڈالیاں خیموں کے بنانے کے لئے لائیں۔ جیسا کہ لِکھا ہُؤا ہے۔ 16 ۔تب لوگ باہر گئے اَور لائے ۔ اَور ہر ایک نے اپنی چھت پر اَور اپنے صحن میں اَور خُدا کے گھر کے صحنوں میں اَور پانی کے پھاٹک کی کُشادہ جگہ اَور اِفرائیم کے پھاٹک کی کُشادہ جگہ میں اپنے لئے خَیمے بنائے۔ 17 ۔اَور اُن لوگوں کی تمام جماعت نے جو جَلاوطنی سے واپس آئے تھے خَیمے بنائے۔ اَور خیموں میں رہے۔ اَور یشوع بِن نُونؔ کے دِنوں سے لے کر اُس دِن تک بنی اِسؔرائیل نے ایسا کبھی نہیں کِیا تھا۔ تو نہایت بڑی خُوشی ہُوئی۔ 18 ۔اَور وہ خُدا کی شریعت کی کِتاب کو تمام دِنوں میں پہلے دِن سے لے کر آخِری دِن تک پڑھتا رہا۔ اَور اُنہوں نے سات دِن تک عید کی۔ اَور آٹھویں دِن دستُور کے مُوافِق محِفل ہُوئی۔