باب

1 ۔ دیوار کا تمام کیا جانا اَورایسا ہُؤا ۔ کہ جب سَنَبلّؔط اَور طوبیاہ اَور جشم عربی اَور ہمارے باقی دُشمنوں نے سُنا کہ مَیں نے دِیوار بنا لی ہے اَور اُس میں کوئی توڑ پھوڑ نہیں رہی۔ اگرچہ اُس وقت تک مَیں نے پھاٹکوں میں کواڑ نہ لگائے تھے۔ 2 ۔تو سَنَبلّؔط اَور جشم نے مُجھے کہلا بھیجا۔ کہ آؤ۔ ہم اوؔنو کے میدان کے دیہات میں آپس میں اِتحاد کریں۔ اَور وہ مُجھ سے بَدی کرنے کی فِکر میں تھے۔ 3 ۔تو مَیں نے اُن کے پاس قاصِد بھیج کر کہا۔ کہ مَیں بڑے کام میں لگا ہُؤاہُوں اَور آ نہیں سکتا۔ اگر مَیں اُسے چھوڑُوں اَور تُمہارے پاس آؤں تو کہیں ایسا نہ ہو کہ کام بند ہو جائے۔ 4 ۔تو اُنہوں نے میرے پاس چار دفعہ یہی کہلا بھیجا۔ اَور مَیں نے ویسا ہی جَواب دِیا۔ 5 ۔پِھر سَنَبلّؔط نے پانچویں دفعہ اُسی طرح سے اپنے نوکر کو میرے پاس ہاتھ میں کُھلی چِٹھی لئے ہُوئے بھیجا۔ اُس میں لِکھا تھا۔ 6 ۔قوموں کے درمیان سُنا گیا ہَے اَور جشم کہتا ہَے ۔ کہ تُو اَور یہُودی لوگ بغاوت کرنےکے منصُوبہ کرتے ہَیں۔ اَور تُو دِیوار بنا رہا ہَے۔ تاکہ اِس طرح سے تُو اُن پر بادشاہ ہو جائے۔ 7 ۔اَور اِسی واسطے تُو نے نبیوں کو مُقرّر کِیا۔ تاکہ یرُوشلِیؔم میں تیری بابت مُنادی کریں۔ اَور کہیں۔ کہ یہوداہ میں ایک بادشاہ ہَے اَور اب بادشاہ کواِس بات کی خبر پُہنچے گی۔ چُنانچہ اَب تُو آ۔ تاکہ ہم آپس میں مشورت کریں۔ 8 ۔تو مَیں نے اُسے کہلا بھیجا کہ جو تُو کہتا ہَے۔ اِس طرح کی کوئی بات نہیں ہُوئی ہَے اَور یہ بات تُو نے اپنے دِل سے بنائی ہے۔ 9 ۔اَور وہ سب ہمیں یہ کہہ کر ڈراتے تھے۔ کہ اُن کے ہاتھ کام کرنے میں کمزور ہو گئے ہَیں اَور وہ تمام ہو گا ہی نہیں۔ پس اَب اَے خُداوند! میرے ہاتھوں کو مضبُوط کر۔ 10 ۔پِھر مَیں سمعیاہ بِن دِلاؔیاہ بِن مُہیطبیل کے گھر میں گیا اَور وہ بند کِیا ہُؤا تھا۔ اُس نے کہا۔ آؤ ہم خُدا کے گھر میں ہَیکل کے اندر جمع ہوں اَور ہَیکل ے دروازے بند کریں۔ کیونکہ وہ تُجھے قتل کرنے کو آئیں گے۔ ہاں وہ رات کے وقت تُجھے قتل کرنے کو آئیں گے۔ 11 ۔مَیں نے کہا۔ کیا مُجھ سا آدمی بھاگے؟ اَور میرے جیسا ہَیکل کے اندر جائے۔ اَور جیتا رہے؟ مَیں اندر نہیں جاؤں گا۔ 12 ۔پِھر مَیں سمجھ گیا۔ اَور دیکھو خُدا نے اُسے نہیں بھیجا تھا۔ بلکہ اُس نے یہ نُبوّت میری بابت اِس لئے کی کیونکہ طوبیاہ اور سَنَبلّؔط نے اُسے اُجرت پر رکھّا تھا۔ 13 ۔اَور اُسے رشوت دِی گئی تھی۔ تاکہ مَیں ڈر جاؤں اَور ایسا کر کے خطا کار ٹھہرُوں۔ تو یہ اُن کے لئے بُری خبر دینے کا موقع ہو۔ تاکہ وہ مُجھے ملامت کریں۔ 14 ۔اَے میرے خُدا! طوبیاہ اور سَنَبلّؔط کو بمُطابِق اُن کے اَعمال کے اَور نوعیدیاہ نبی کو اَور باقی نبیوں کو جو مُجھے ڈرانا چاہتے تھے یاد کر۔ 15 ۔اَور باون دِن میں اُلول کے پچیسویں دِن دِیوار تمام ہُوئی۔ 16 ۔اَور ہمارے سب دُشمنوں نے سُنا۔ اَور سب قوموں نے جو ہمارے اِرد گِرد تھیں دیکھا۔ تو وہ آپ اپنی آنکھوں سے گِر گئے اَور اُنہوں نے جان لِیا۔ کہ یہ کام درحقیقت ہمارے خُدا کی طرف سے پُورا ہُؤا۔ 17 ۔علاوِہ اِس کے اُن دِنوں میں یہوداہ کے سردار طوبیاہ کے پاس بُہت سے خط بھیجتے اَور طوبیاہ کے خط اُن کے پاس آتے تھے۔ 18 ۔کیونکہ یہوداہ میں سے بُہتیروں نے اُس سے قَسم کھائی تھی۔ کیونکہ وہ سکنیاہ بن ارخ کا داماد تھا اَور اُس کے بیٹے یہوحانان نے مسلام بن برکیاہ کی بیٹی کو بِیاہ لِیا تھا۔ 19 ۔اَور وہ میرے آگے اُس کی خُوبیوں کا بیان کرتے تھے۔ اَور میری بات اُس کے پاس لے جاتے تھے۔ اَور طوبیاہ مُجھے ڈرانے کے لئے خط بھیجا کر تا تھا۔