باب

1 ۔ مخالفت کے مقابلہ میں تعمیر کاجاری رہنا اَور جب سَنَبلّط نے سُنا ۔ کہ ہم دِیوار بنا رہے ہَیں تو وہ غضبناک اَور نہایت غُصّے ہُؤا۔ اَور یہُودیوں پر ٹھٹّھا کِیا۔ 2 ۔اَور اُس نے اپنے بھائیوں اَور سامریہ کے لشکر کے سامنے بات کر کے کہا۔ کہ کمزور یہُودی یہ کیا کر رہے ہَیں؟ کیا اُنہیں اِجازت دی گئی ہَے؟ کیا وہ قُربانی کریں گے؟ کیا وہ ایک ہی دِن میں تمام کریں گے؟ کیا وہ مِٹی کے دھیر سے جو جلا ہُؤا پڑا ہَے نئے پتّھر نِکالیں گے؟ 3 ۔اَور طوبیاہ عموّنی نے جو اُس کے پاس تھا کہا۔ کہ یہ جو وہ بنا رہے ہَیں ۔ اگر لومڑی کُودے ۔ تو اُن کی پتھّروں کی دِیوار کو ڈھا دے گی۔ 4 ۔اَے ہمارے خُدا سُن۔ کیونکہ ہمارے حقارت کی جاتی ہَے۔ اَور اُن کی ملامت کو اُن ہی کے سروں پر لَوٹا دے اَور جَلاوطنی کی زمین میں اُنہیں برباد کر۔ 5 ۔اُن کی بَدی کو نہ چُھپا اَور اپنے سامنے سےاُن کی خطاؤں کو مت مِٹا کیونکہ وہ بنانے والوں پر ٹھٹّھا کرتےہَیں۔ 6 ۔چُنانچہ ہم نے دِیوار بنا لی۔ اَور ساری دِیوار کو اُس کے نِصف تک جوڑ دِیا۔ کیونکہ لوگوں نے دِل لگا کر کام کِیا تھا۔ 7 ۔جب سَنَبلّؔط اَور طوبیاہ عربیؔوں اَور عموّنیوؔں اَور اشدودیوؔں نے سُنا۔ کہ یرُوشلِیؔم کی دِیواریں مَرمّت ہو رہی ہیں۔ اَور توڑ پھوڑدرُست ہونے لگی ہَے۔ تو وہ بُہت غُصّے ہُوئے۔ 8 ۔اَور سب نے مِل کر سازِش کی۔ کہ آکریرُوشلِیؔم سے لڑائی کریں۔ اَور وہاں پریشانی پیدا کی۔ 9 ۔تب ہم نے اپنے خُدا سے دُعا مانگی۔ اَور ہم نے اُن کے خلاف رات اَور دِن کے لئے نِگہبان کھڑے کئے۔ کہ اُن سے خبردار رہیں۔ 10 ۔اَور یہُوداہ نے کہا ۔ کہ بوجھ اُٹھانے والوں کی طاقت کم ہو گئی ہَے۔ اَور مِٹی بُہت ہے اَور ہماری طاقت میں نہیں کہ ہم دِیوار کو بنائیں۔ 11 ۔اَور ہمارے دُشمنوں نے کہا ہَے کہ جب تک ہم اُن کے درمیان نہ پُہنچ جائیں گے وہ نہ جائیں گے اَور نہ دیکھیں گے۔ پس ہم اُنہیں قتل کریں گے۔ اَور کام کو بند کرائیں گے۔ 12 ۔تو یہُودی جو اُن کے آس پاس رہتے تھے آئے اَور انُہوں نے سب جگہوں سے جہاں سےوہ ہمارے پاس آیا کرتے تھے۔ ہمیں دس دفعہ یہ کہہ دِیا۔ 13 ۔تو مَیں نے لوگوں کو دِیوار کے پیچھے نیچی جگہ میں اَور اُونچی جگہ میں بٹھایا۔ مَیں نے اُنہیں بمُطابِق اُن کے خاندانوں کے اُن کی تلواروں اَ ور اُن کے نیزوں اَور اُن کی کمانوں کے ساتھ بٹھایا۔ 14 ۔اَور مَیں نے نظر کی اَور مَیں اُٹھا۔ اَور مَیں نے اَمیروں اَور ناظموں اَور باقی عوام سے کہا۔ کہ تُم اُن سے مت ڈرو۔ اَور خُداوند کو جو عظیم اَور مُہیب ہَے یاد کرو۔اَور اپنے بھائیوں اَور اپنے بیٹوں اَور اپنی بیٹیوں اَور اپنی بیویوں اَور اپنے گھروں کے لئے لڑو۔ 15 ۔جب ہمارے دُشمنوں نے سُنا کہ ہمیں معلُوم ہو گیا ہَے اَور خُدانے اُن کی مشورت کو باطِل کر دِیا ہَے۔ تو ہم سب میں سے ہر ایک اپنے کام پر دیوار کی طرف واپس آیا۔ 16 ۔اَور اُس روز سے میرے آدھے جوان کام کرتے اَور آدھے نیزوں اَور ڈھالوں اَور کمانوں اَور بکتروں سے مُسلّح رہتے اَور یہوداہ کے تمام گھروں میں حاکِم اُن کے پیچھے تھے۔ 17 ۔جودِیوار بنا رہے تھے۔ اور بوجھ اُٹھانے والے اَور لادنے والے ایک ہاتھ سے کام کرتے اَور دُوسرے ہاتھ میں ہتھیار پکڑے رہتے تھے۔ 18 ۔اَور ہر ایک مِعمار جو تعمیر کرتاتھا۔ اپنی کَمر پر تلوار باندھے رہتا تھا اَور نرسِنگا پُھونکنے ولا میرے پاس تھا۔ 19 ۔اَور مَیں نے امیروں اَور حاکِموں اَور باقی عوام سے کہا کہ کام بڑا اَو ر وسیع ہَے۔ اَور ہم لوگ دِیوار کے اُوپر الگ الگ ایک دُوسرے سے دُور ہَیں۔ 20 ۔تو جس جگہ تُم نرسِنگے کی آواز سُنو وہاں سے تُم ہمارے پاس جمع ہو جاؤ۔ ہمارا خُدا ہمارے لئے لڑے گا۔ 21 ۔پس ہم کام کرتے تھے۔ اَور ہم میں سے آدھے صُبح ہونے سے سِتاروں کے دِکھائی دینے تک نیزے اُٹھائے رہتے تھے۔ 22 ۔اَور اُس وقت مَیں نے لوگوں سے یہ بھی کہا۔ کہ ہر ایک اپنے نوکر کے ساتھ رات کو یرُوشلِیؔم میں رہے۔ تاکہ رات کو وہ پَہرہ دیں۔ اَور دِن کوکام کریں۔ 23 ۔لہٰذا مَیں اَور میرے بھائی اَور میرے نوکر اَور پَہرہ دار آدمی جو میرے پیچھے تھے اپنے کپڑے نہ اُتارتے تھے۔ اَور ہم میں سے کوئی بھی بغیر ہتھیار غُسل کرنے نہیں جاتا تھا۔