باب

1 ۔ نجات اَور سزا اَور خُداوند نے مُجھ سےکہا کہ ایک بڑا طُومار لے ۔اُوراُس پر آدمی کے قلم سے لکھ۔مہیر شالؔال حاش بز کے لیے ۔ 2 ۔ اور میں نے اپنے لیے دو امانت دار گَواہ لئے یعنی اُور یاہ کاہن اَور زکریاہ بِن یبرکیاہ ۔ 3 ۔اَور میں نَبیّہ کے نزدِیک گیا تو وہ حاملہ ہُوئی اَور اُس سے بیٹا ہُوا ۔تب خُداوند نے مُجھ سے کہا۔ اُس کا نام مہیر شالاؔل حاش بزرکھّ۔ 4 ۔کیونکہ بیشتر اُس کے لئے یہ لڑکا اَے میرے باپ ! اَے میری ماں ! پُکارنا جانے دَمشِقؔ کی ثروت اور سامریہ کی غنیمت شاہ اسور کے آگے لے جائی جائے گی۔ 5 ۔اَور خُداوند نے پھر مُجھ سے کلام کرکے کہا کہ ۔ 6 ۔ چونکہ اِس اُمّت نے چشمہ شیلوخ کا وہ پانی ترک کیا جو آہستہ بہتا ہے ۔اَور رضین اَور رملیاہ کے بیٹےسے خوف زَدہ ہُوئی ۔ 7 ۔اِس لئے دیکھ خُداوند دریا کا شدید اَور مُہیب سیلاب اِن پر چڑھالائے گا۔ یعنی شا ہ اسُور کو مع اُس کی تمام قُوّت کے اَور وہ اپنے سب نالوں پر اُونچا ہوگا اَور اپنے تمام کِناروں سے بہہ نِکلے گا۔ 8 ۔اَور طُغیانی بن کر یہُوداہ پر بڑھتا جائے گا اَور لبریز ہوگا یہاں تک کہ وہ گردن تک پُہنچے گا اَور اُس کی آخری حدیں پھیل پھیل کر تیری سَر زمین کی تمام وُسعت ،اَے عمانوایل بھردیں گی ۔ 9 ۔فراہم ہو ۔اَے قومو اَور خوف کھاؤ ۔اَے دُور دراز مُمالک کان دھرو۔ کَمر بَستہ ہو اَور خوف کھاؤ۔کَمربَستہ ہو اَور خوف کھاؤ۔ 10 ۔ تُم خُوب مشورت کرو پر وہ باطِل ہوگی ۔بات کہو پر وہ ٹھہرے گی ۔کیونکہ خُدا ہمارے ساتھ ہے۔ 11 ۔شاگِردوں کے لئے اِعلان یقیناََ جب اُس کا ہاتھ مُجھ پر بھاری تھا اَور اُس نے مُجھے تاکِید کی کہ اِس اُمّت کی راہ میں نہ چل۔تو خُداوند نے مُجھ سے کلام کرکے کہا کہ ۔ 12 ۔ سب کُچھ کہ جِسے یہ اُمّت مُعاہدہ کہتی ہے ۔تُم مُعاہدہ مت کہو اَور اُس سے نہ ڈرو جس سے وہ ڈرتے ہیں اَور نہ گھبراؤ ۔ 13 ۔ تُم ربُّ الافواج کے ساتھ عہد باندھو اَور وہی تُمہارا خوف اَور تُمہارا ڈر ہو ۔ 14 ۔ اَور وہ تُمہاری جائے پناہ ہوگا لیکن اِسراؔئیل کے دونوں گھرانوں کے لئے ٹھیس لگنے کا پتھّر اور ٹھوکر لگنے کی چٹان ہوگا اَور یُروشؔلیِؔم کے رہنے والوں کے لئے پھندا اَور دام ہوگا ۔ 15 ۔پس بُہتیرے اُس سے ٹھوکر کھائیں گے اَور گِر جائیں گے اَور ٹکُڑے ٹکُڑے ہو جائیں گے اَور پھنس جائیں گے اَور پکڑے جائیں گے۔ 16 ۔شہادت کو بند کرلو۔ میرے شاگِردوں کے لئے شریعت پر مُہر لگاؤ۔ 17 ۔میں خُداوند سے امُیّد کُروں گا۔ جس نے یَعقُوبؔ کے گھرانے سے اپنا مُنہ چھُپایا اَور میں اُس پرتوکُّل کُروں گا۔ 18 ۔ دیکھ میں اَور وہ فرزند جو خُدا نے مُجھے عطا کئے ہم ربُّ الافواج کی طرف سے جو کو ہ ِ صیُون میں سکُونت پذیر ہے۔ اِسرائیل کے لئے نِشانات اَور مُعجزات ہیں ۔ 19 ۔جب وہ تُم سے کہیں کہ اُن بُڑ بُڑانے اَور پھُسپھُسانے والے ساحِروں اَور غیب دانوں سے دریافت کرو۔ جو کہتے ہیں کہ کیا اُمّت کو نہیں چاہئے کہ اپنے مَعُبودوں سے اَور زِندوں کی خاطِر مُردوں سے سوال کرلیں۔ 20 ۔ بلکہ شریعت اَور شہادت سے سوال کرلو۔ جو کوئی اِس کلام کے مُطابق بات نہ کرے ۔اُس کے لئے صُبح روشن نہ ہوگی۔ 21 ۔ اَور وہ زمین میں خراب حال اَور بھُوکا ہوگا اَور بھُوک کی وجہ سے جان سے بیزار ہوگا اَور اپنے بادشاہ اَور اپنے خُدا پر لعنت کرے گا اَور آسمان کی طرف نظر کرے گا ۔ 22 ۔اَور پھر زمین کی طرف نظر کرے گا۔تو دیکھ ۔دہشت اَور تارِیکی یعنی ظُلمت اَندوہ اَور تیرگی میں کھدیڑے جائیں گے لیکن اَندُوہگین کی تیرگی ہمیشہ تک نہ رہے گی۔