1 ۔ نُبوّت کی دعوت عزیاہ بادشاہ کی وفات کے برس میں میں نے خُداوند کو بُلند و فراز تخت پر بیٹھے دیکھا اَور اُس کے لباس کے دامن نے ہَیکل کو بھر دِیا ۔ 2 ۔ اُس کے پاس سرافین کھڑے تھے۔ ہر ایک کے چھ چھ پرَ تھے ۔دو سے وہ اپنے مُنہ کو چھُپاتا اَور دو سے اپنے پاؤں کو ڈھانپتا اَور دو سے اُڑتا تھا ۔ 3 ۔ اَور ایک نے دُوسرے کا پُکارا اَور کہا۔ قُدّوس قُدّوس ربُّ الافواج تمام زمین اُس کے جلال سے معُمور ہے۔ 4 ۔ اَور پُکارنے کی آواز سے آستانوں کی بُنیادوں ہل گئیں اَور گھردُھوئیں سے بھر گیا۔ 5 ۔ تب میں نے کہا ۔ مُجھ پر افسوس۔ میں برباد ہُوا کیونکہ میں ناپاک ہونٹوں والا آدمی ہُوں اَور ناپاک ہونٹوں والی قوم کے درمیان رہتا ہُوں۔ کیونکہ میری آنکھوں نے بادشاہ ربُّ الافواج کو دیکھا۔ 6 ۔ تب سرافین میں سے ایک اُڑ کر میرے پاس آیا اَور اُس کے ہاتھ میں ایک اَنگارا تھا جو اُس نے دست پناہ سے مذَبح پر سے اُٹھایا تھا ۔ 7 ۔ اَور اُس نے میرے مُنہ کو چھُوا اَور کہا دیکھ اُس نے تیرے ہونٹوں کو چھُؤا۔ تیری بَدی دُور کی گئی اَور تیری خطا کا کَفارہ ہُوا۔ 8 ۔ اَور میں نے خُداوند کی آواز سنُی اَور اُس نے کہا کہ میں کِس کو بھیجوں اَور ہمارے لئے کون جائے گا؟ تو میں نے کہا ۔دیکھ میں حاضر ہُوں مُجھے بھیج۔ 9 ۔ اَور اُس نے کہا جا اَور اِس اُمّت سے کہہ کہ تُم سُنتے ہُوئے سُنو پرسمجھو نہیں اَور دیکھتے ہوئے دیکھو پر پہچانو نہیں ۔ 10 ۔ تُو اِس اُمّت کے دِل کو موٹا کر اَور اُن کے کانوں کو بھاری کر اَور اُن کی آنکھیں بند کر ۔ایسا نہ ہو کہ وہ اپنی آنکھوں سے پہچانیں اَور اپنے کانوں سے سُنیں اَور اپنے دِل سے سمجھ کر رجُوع لائیں اَور شفا پائیں ۔ 12 ۔ پس خُداوند اِن آدمیوں کو دُور کر دے گا اَور اِس ملک کےبیچ میں بڑی خَلا ہوگی ۔ 13 ۔ اَور اگر اُس میں دسواں حِصّہ بھی باقی رہے تو یہ بھی ہلاک ہو جانے کے لئے ہوگا۔ جس طرح بُطم یا بلُوط جب کاٹ ڈالا جائے تو ٹھونٹھ باقی رہتا ہے اَور اُس کے ٹھونٹھ سے مُقدّس اُگے گا ۔