1 ۔ تاکِستان کی تمِثیل میں اپنے رفیق کا گیت گاؤں گا ۔یعنی اُس مُحبّت کا گیت جو وہ اپنے تاکِستان سے رکھتا ہے۔ پہاڑی پر زرخیز جگہ میں میرے رفیق کا ایک تاکِستان تھا۔ 2 ۔ اَور اُس نے اُسے کھودا ۔اَور اُس کے پتھّر نِکالے اَور اُس میں عُمدہ تاکیں لگائیں اَور اُس کے درمیان ایک بُرج بنایا اَور اُس میں کھولُھو گاڑے اَور اِنتظار کیا کہ وہ انگور کا پھَل دے تو اُس میں بَدبو دار چیزیں لگیں۔ 3 ۔ اَب اَے باشِندگان یُروشلیِؔم اَور مَردان یہُوداہ ! میرے اَور میرے انگُور کے درمیان تُم ہی اِنصاف کرو۔ 4 ۔ کونسی بات ہے جو مُجھے اپنے تاکِستان کے لئے کرنی چاہئے تھی اَور میں نے نہیں کی ؟ تو پھر جب میں نے انگُور کے پھَل کا اِنتظار کیا ۔تو اُس میں بَدبُو دار چیزیں کیوں پیدا ہُوئیں؟ 5 ۔اَب میں تُمہیں بتاتا ہوں کہ مِیں اپنے تاکِستان سے کیا کُروں گا۔ میں اُس کی باڑ دُور کُروں گا اَور وہ چراگاہ ہوگا اَور میں اُس کی دیوار گِرادُوں گا تو وہ پامال کیا جائے گا۔ 6 ۔میں اُسے وِیران کُروں گا ۔وہ نہ چھانٹا جائے گا اَور نہ کھوّدا جائے گا ۔سواُس میں خاردار جھاڑی اورکانٹے نِکلیں گے اَور میں بادلوں کو حُکم دُوں گا کہ اُس پر مینہ نہ برسائیں ۔ 7 ۔ پس ربُّ الافواج کا تاکِستان اَسرائؔیل کا گھرانا ہے اَور مَردانِ یہُوداہ اُس کے پسندیدہ پودے ہیں اَور وہ عدل کا مُنتظِر رہا ۔پر دیکھ خُون ریزی ہے اَور وہ صداقت کے اِنتظار میں تھا پر دیکھ ظُلم ہے۔ 8 ۔ خطا کاروں پر افسوس افسوس اُن پر جو گھر سے گھر ملاتے اَور کھیت سے کھیت نزدِیک کرتے ہیں یہاں تک کہ جگہ نہیں چھوڑتے تاکہ تُم اکیلے ہی زمین میں سکُونت کرو۔ 9 ۔ ربُّ الافواج نے میرے کان میں قسم کھا کر کہا کہ یقینابہت سے گھر اُجڑ جائیں گے ۔بڑے اَور عُمدہ گھروں میں کوئی رہنے والا نہ ہوگا 10 ۔ دس بیگھے تاکِستان سے ایک بَت نِکلے گا اَور حُمر بیچ سے ایک ایفہ حاصِل ہوگا ۔ 11 ۔اِفسوس اُن پر جو صُبح کو اُٹھ کر نشے کی تلاش کرتے ہیں اَور رات کو دیر تک جاگتے ہیں جب تک مَے اُنہیں بھڑکا نہ دے۔ 12 ۔ وہ بربط اَور سارنگی اَور خنجریوں اَور بانسری اَور ضِیافتوں کی مَے نوشی میں غرق ہوکر خُداوند کے کام پر توجہُّ نہیں کرتے اَور نہ اُس کے ہاتھوں کی کارِیگری پر غور کرتے ہیں ۔ 13 ۔ اس لئے معرفت کے نہ ہونے کے سبب سے میری اُمّت اسیر کی جائے گی اَور اُس کے اُمراء بھُوکوں مَریں گے اَور اُس کے عوام پیاس سے جَلیں گے ۔ 14 ۔اس لئے عالم اَسفل اپنا مِعدہ کُشادہ کرےگا اَور اپنا مُنہ حد سے باہر کھولے گا ۔اَور اُسی میں اُن کی شان اَور شورش اَور غُل اَور عیَاش اُتریں گے۔ 15 ۔ اَوربشر جھُکایا جائے گا اَور اِنسان پست کیا جائے گا اَور مغُروروں کی آنکھیں نیچی کی جائیں گی ۔ 16 ۔اَور ربُّ الافواج عدل کے سبب سے سرفراز ہوگاا َور صداقت کے سبب سے خُدائے قُدّوس کی تَقدِیس کی جائے گی ۔ 17 ۔اَور بّرے اپنی عادت کے مُطابق چَریں گے اَور اجنبیوں کے گلّے دولتمندوں کے ویران کھیت کھائیں گے۔ 18 ۔ افسوس اُن پر جو بَدی کو بطالت کی طنابوں سے کھینچے ہیں اَورگُنا ہ کو گویا گاڑی کے رسُوں سے ۔ 19 ۔اَور اُن پر جو کہتے ہیں کہ وہ پھُرتی کرے اَور اپنے کام میں جلدی کرے تاکہ ہم دیکھیں۔ اَور اِسرائیل کے قُدّوس کی مشورت نزدِیک ہو اَور آپہنچے تاکہ ہم اُسے جانیں ۔ 20 ۔ افسوس اُن پر جو بَدی کو نیکی اَور نیکی کو بَدی کہتے ہیں ۔ جو تاریکی کو روشنی اِور روشنی کو تارِیکی بنا دیتے ہیں جو کڑوے کو مِیٹھا اَور مِیٹھے کو کڑوا جانتے ہیں ۔ 21 ۔افسوس اُن پر جو اپنی نگاہ میں دانا اَور اپنی رائے کے مُطابق عاقِل ہیں۔ 22 ۔ افسوس اُن پر جو مَے نوشی میں بہادَر اَور نشوں کے مِلانے میں دلیر ہیں۔ 23 ۔ جو رِشوت کے باعث شریر کو پاک ٹھہراتے اَور صادِق سے اُس کا حق لے لیتے ہیں ۔ 24 ۔اِس لئے جس طرح آگ کا شرارہ کھُونٹی کو کھا جاتا ہے اَور شعلہ بھُو سے کو فنا کرتا ہے۔ اُسی طرح اُن کی جڑبوسیدہ ہوجائے گی اَور اُن کی کلی گُرد کی مانند اُڑ جائے گی کیونکہ اُنہوں نے ربُّ الافواج کی شریعت کو ترک کر دِیا اَوراسرائیل کے قُدّوس کے کلمے کی اِہانت کی 25 25۔ اِس لیے خُداوند کا غضب اُس کی اُمّت پر بھڑکا اَور وہ اپنا ہاتھ اُن کے خلاف بڑھاتا ہے اَور وہ اُنہیں مارتا ہے یہاں تک کہ پہاڑ کا نپ اُٹھیں گے اَور اُن کی لاشیں کُوچوں کے گوبر کی مانند ہوں گی اَور اِس سب کے باوجُود اُس کا غضب ٹھنڈا نہ ہوگا اَور اُس کا ہاتھ بڑھایا ہُؤا ہی رہے گا۔ 26 ۔ اَور وہ دُور درَاز قوم کےلئے جھنڈا کھڑا کر ے گا اَور اُسے زمین کی انتہا سے سِیٹی مارے گا اَور دیکھ وہ نہایت جلدی سے آئیں گے ۔ 27 ۔ اُن میں کوئی تھکا ماندہ یا پھسلنے والا نہ ہوگا کوئی اُونگھنے یا سونے والا نہیں ۔اُن کی کمَروں کے کمَر بند نہ کھلیں گے اَور اُن کی جوتیوں کے تَسمے نہ ٹوٹیں گے ۔ 28 ۔اُن کے تیر تیز ہوں گے اَور اُن کی کمانیں کھنچی ہوئی ہوں گی۔ اُن کے گھوڑوں کے سُم چقماق اَور اُن کے پہیے بگُولے خیال کئے جائیں گے ۔ 29 ۔ اُن کی گرج شیرنی کی طرح اَور اُن کا غُرّانا شیر بچّوں کی مانند ہوگا۔وہ گرجیں گے اَور شِکار کو پکڑیں گے اَور لے جائیں گے اَور کوئی نہیں ہوگا جو چھُڑائے ۔ 30 ۔ اَور اُس دِن وہ اُس پر ایسا شور مچائے گا جیسے سَمندر کا شور ہوتا ہے اَور زمین کی طرف نظر کی جائے گی تو دیکھ تارِیکی اَور تنگی ہے اَور روشنی اُس کی کُہر کی وجہ سے تارِیک ہو جائے گی۔