1 ۔ مِصؔر سے مُعاہدہ ہائے وہ باغی فرزند ! ( خُداوند فرماتا ہے) جو ایسی مشورت کرتے ہیں جو میری طرف سے نہیں ۔اَور معاہدہ کرتے ہیں جو میر ی رُوح سے نہیں ۔تاکہ گُناہ پرگُناہ بڑھاتے جائیں ۔ 2 ۔ جو میرے مُنہ سے پُوچھے بغیر مِصؔر کو جانے کےلئے روانہ ہوتے ہیں تاکہ فِرعُؔون کی طاقت کی مدد پائیں اَور مِصؔر کے سائے میں پناہ لیں۔ 3 ۔ مگر فِرعُونؔ کی طاقت تُمہارے لیے شرمندگی ہوگی ۔اَورمِصؔر کے سایہ میں پناہ لینا تمہارے لئے رسوائی کا باعِث ہوگا۔ 4 ۔ اُس کے رئیس ضعن کو گئے اَور اُس کے ایلچی حنیس میں جا رہے ہیں ۔ 5 ۔یہ سب ایسی قوم سے شرمندگی اُٹھائیں گے جس سے اُنہیں فائدہ نہیں ۔جِن کے پاس نہ کُچھ مدد اَور نہ کُچھ نفع ہے بلکہ فقط رَسوائی اَور خجالت ہے ۔ 6 ۔ دُکھ اَور مُصیبت کی سَر زمین میں جہاں سے شیرنی اَور شیر اَور افعی اَور اُڑنے والے سانپ آتے ہیں ۔وہ اپنی دولت کو گدھوں کی پِیٹھ پر اَور اپنے خزانوں کو اُونٹوں کے کو ہان پر ایسی قوم کی طرف لے جاتے ہیں جو اُنہیں نفع نہ پہنچائے گی۔ 7 ۔ کیونکہ مِصؔر کی مدد باطِل اَور بے فائدہ ہے اِس واسطے میں نے اُسے رہؔب کہا جو سُستی سے بیٹھا ہے۔ 8 ۔ اَب تُو جا ۔اَور تختی پر یہ اُن کے سامنے لکھ ۔اَور کِتاب میں قلم بند کر۔تاکہ وہ آخری دِنوں میں ہمیشہ کے لئے شہادت ہو ۔ 9 ۔ کیونکہ یہ ایک باغی قوم ہے۔ یہ جھُوٹے فرزند ہیں۔ یعنی ایسے فرزند جو خُداوند کی شریعت کے سُننے سے اِنکار کرتے ہیں۔ 10 ۔ وہ رُویا بِینوں سے کہتے ہیں کہ رُویا مت دیکھو۔ اور نبیوں سے کہ ہمارے لئے سچّی نُبوّت نہ کرو۔ بلکہ ہم سے چاپلُوسی کی بات کرو۔ اَور ہمارے لئے گُمراہی کی باتوں کی نُبوّت کرو۔ 11 ۔ راہ سے مُڑو ۔رستے سے پھِر جاؤ اَور اِسرائیل کے قُدوس کو ہمارے سامنے سے دُور رکھو۔ 12 ۔ اِس لئے اِسراؔئیل کا قُدّوس یُوں فرماتا ہے۔ چُونکہ تُم نے اِس کلام کو رَدّ کیا ۔اَور تُم نے کجروی اَور جھُوٹ پر بھروسا رکھّا اَوراُن پر اِعتبار کیا ۔ 13 ۔اِس لئے یہ بَدی تُمہارے لئے ایسی ہوگی جیسی پھٹی ہُوئی دِیوار جو گِرا چاہتی ہے۔ اُونچی اُبھری ہُوئی دِیوار کس کا گِر نا ناگہاں ایک دَم میں ہو۔ 14 ۔ اَور وہ اُسے توڑ دے گا ۔جیسے کُمہاروں کا برتن جو بے دریغ توڑا جاتا ہے ۔اَور اُس کے ٹکُڑوں میں سے ایسا ٹھیکرا نہیں ملتا جس میں چُولھے میں سے آگ لی جائے یا کُنڈ میں سے تھوڑا پانی نِکالا جائے۔ 15 ۔ کیونکہ مالک خُداوند اِسراؔئیل کا قُدّوس یُوں فرماتا ہے۔ کہ توبہ کرکے اَور چین سے رہ کر تُم بچ جاؤ گے اَور خاموشی میں توکّل میں تُمہاری قُوّت ہوگی۔ لیکن تُم نے نہ چاہا ۔ 16 ۔ اَور تُم نے کہا " نہیں بلکہ ہم گھوڑوں پر بھاگ جائیں گے" اس لئے تُم بھاگو گے اَور "ہم تیز رو جانوروں پر سَوار ہوں گے۔ " اِس لئے تُمہارا پیچھا کرنے والے زیادہ تیز رَو ہوں گے ۔ 17 ۔ ایک کی دھمکی سے ایک ہزار بھاگیں گے ۔ اَور پانچ کی دھمکی سے دس ہزار ۔یہاں تک کہ ستُون کی طرح پہاڑ کی چوٹی پر اَور جھنڈے کی مانند پہاڑی پر چھوڑے جاؤ گے ۔ 18 ۔ اِس لئے خُداوند اِنتظاری کرتا ہے۔ تاکہ تم پر رحم کرے اَور اِسی واسطے وہ دیر کرے گا۔ تاکہ تُم پر مہربانی ظاہر کرے کیونکہ خُداوند عادِل خُدا ہے ۔مُبارَک ہیں وہ سب جو اُس کا اِنتظار کرتے ہیں۔ 19 ۔ کیونکہ اَے صیون کی قوم جو یُروشلؔیِم میں بسے گی تو بعد ازیں نہیں روئے گے ۔بلکہ وہ تیرے چلاّنے کی آواز پر تُجھ پر رحم کرے گا جس وقت وہ سُنے گا ۔وہ تُجھے جَواب دے گا۔ 20 ۔ اَور خُداوند تُجھے تنگی میں روٹی اَور دُشواری میں پانی دے گا۔ پر تیرا مُعلّم ہمیشہ کے لئے چھُپا نہ رہے گا بلکہ تیری آنکھیں تیرے مُعلّم کو دیکھیں گی ۔ 21 ۔ اَور تیرے کان تیرے پیچھے سے بولنے والے کا یہ کلام سُنیں گے ۔کہ راہ یہی ہے۔ تُم اِس پر چلو۔جب تُم دہنے اَور جب تم بائیں مُڑنا چاہو۔ 22 ۔ اَور تُو اپنی چاندی کی مُورتوں کی تختیوں کو اَور سونے کے ڈھالے ہُوئے بُتوں کے پردے کو نا پاک کرے گا۔اَور حِیض کے لتّے کی طرح تُو اُسے پھینک دے گا اَور اُس سے کہے گا۔ دُور ہوجا۔ 23 ۔اَور وہ تیرے بیج پر جو تُو زمین میں بوئے مینہ برسائے گا۔ اَور زمین کے غلّے کی روٹی پُر مَغز اَور موٹی ہوگی۔ اُس روز تیرے مواشی وسیع چراگاہوں میں چَریں گے۔ 24 ۔ اِور بَیل اَور گدھوں کے بچّے جو زمین میں ہَل کو کھینچتے ہیں نمکین چارا کھائیں گے ۔جو بیلچہ اَور چھاج سے اُڑا کر صاف کیا گیا ہو ۔ 25 ۔ اَور ہر ایک بُلند پہاڑ پر اَور ہر ایک اُونچی پہاڑی پر اُس بڑی خون ریزی کے دِن جب بُرج گِر جائیں گے ۔چشمے اَور پانی کی نہریں ہوں گی۔ 26 ۔ اَور چاند کی روشنی سُورج کی روشنی کی مانند ہوگی اَور سُورج کی روشنی سات گنی سات دنوں کی روشنی کی طرح ہوگی جس روز خُداوند اپنے لوگوں کی شِکستگی کو باندھے گا ۔اَور اُن کی چوٹ کے زخم کو شفا دے گا۔ 27 ۔ دیکھ ۔خُداوند کا نام دُور سے آتا ہے۔ اُس کا غضب بھڑکا ہُؤا ہے اَور بوجھ گراں ہے ۔ اُس کے ہونٹ غُصّے سے بھرے ہیں اَور اُس کی زُبان بھسم کرنے والی آگ کی طرح ہے۔ 28 ۔ اَور اُس کا سانس اُچھلے ہُوئے سیلاب کی طرح گردن تک پُہنچتا ہے۔ وہ قوموں کو نابُودگی کی جھاڑسے جھاڑے گا اَور اُمّتوں کے جبڑوں میں گُمراہی کی لگام ڈالے گا ۔ 29 ۔ اَور عید کی تَقدِیس کی رات کی مانند تُمہارے لئے گیت گانا ہوگا۔ اَور دِل کی خُوشی اُس آدمی کی سی ہوگی جو بانسری بجاتا ہُؤا خُداوند کے پہاڑ یعنی اِسراؔئیل کی چٹان کی طرف جائے ۔ 30 ۔ اَور خُداوند اپنی آواز کا جلال سُنائے گا ۔اَور غضب کی شِدّت اَور بھسم کرنے والی آگ کے شُعلے اَور طُوفان اَور بارش اَور ژالہ کے پتھّروں سے اپنے بازُو کا نازِل ہونا دِکھائے گا ۔ 31 ۔ کیونکہ خُداوند کی آواز سے اسُّور پچھاڑا جائے گا اَور چھڑی سے مارا جائے گا۔ 32 ۔ اَور سزا کی لاٹھی کی ہر ایک چوٹ خو خُداوند اُسے لگائے گا ۔وہ دف اَور بربط کے ساتھ ہوگی۔اَور وہ اُس سے کڑ کنے والی لڑائیاں لڑے گا۔ 33 ۔ کیونکہ اُس کے جَلانے کا مقام کَل سے آراستہ کیا گیا ہے۔ وہ بھی بادشاہ کے لئے تیار کیا گیا گڑھا گہرا اَور وسیع ہے ۔آگ اَور ایندھن کثرت سے موجُود ہے۔اَور خُداوند کا دَم گندھک کے سیلاب کی مانند اُسے بھڑکاتا ہے۔