1 ا۔یُروشؔلیِؔم کا مُحاصرہ اریئیل ہائے اریئیل وہ شہر جس میں داؤد خَیمہ زَن ہُؤا۔ سال پر سال زیادہ کرو۔ اَور عیدیں آتی جائیں ۔ 2 ۔ میں اریئیل کو تنگ کرُوں گا ۔تو نَوحہ اَور نالہ ہوگا ۔لیکن وہ میرے لئے اریئیل کی طرح ہی ہوگا۔ 3 ۔ یقیناََ میں تیرے اِردگرد خِیمہ زَن ہُوں گا اَور قِلعہ بندی سے تیرا مُحاصرہ کرُوں گا ۔اَور تیرے مُقابلے میں دَمدَمے باندُھوں گا ۔ 4 ۔ تُو پست کیاجائے گا ۔اَور تُو زمین میں سے بولے گا اَور مٹّی میں سے تُو پست کلام سے بات کرے گا۔اَور تیری آواز زمین سے ساحِر کی آواز کی سی ہوگی۔اَور تیری بات خاک میں سے پھُسپھُسی ہوگی۔ 5 ۔اَور تیرے دُشمنوں کا اَنبوہ بارِیک گَرد کی مانند ہوگا اَور ظالمِوں کا اَنبوہ ایسی بھُوسی کی طرح جو اُڑ جاتی ہے۔ 6 ۔ ربُّ الافواج کی قَسم ۔ناگہاں گرج اَور زلزلہ اَور بگُولے اَور طُوفان کی بڑی آواز اَور بھسم کرنے والی آگ کے شُعلے کے ساتھ سزا نازل ہوگی ۔ 7 ۔تو اُن سب اقوام کا اَنبوہ جنہوں نے اریئیل کے خلاف جنگ کی ۔یعنی اُس کے تمام دُشمن اَور قِلعہ بندی اَور ظُلم کرنے والے وہ سب رات کی رُؤیا کے خواب کی مانند ہوجائیں گے ۔ 8 ۔ اَور جیسے کہ بھُوکا آدمی جواب دیکھتا ہے۔ کہ میں کھا رہا ہُوں پھِر جاگتا ہے۔ اَور اُس کی جان خالی ہوتی ہے۔ اَور جیسے کہ پیاسا آدمی جو خواب دیکھتا ہے کہ پانی پی رہا ہُوں۔ پھِر جاگتا ہے اَور دیکھو وہ نا تو ان ہے اَور اُس کی جان پِیاسی ہے۔ ایسے ہی سب غیر قوموں کا اَنبوہ ہوگا۔ جو صیُون کے خلاف لڑائی کرتا ہے۔ 9 ۔ اپنے آپ کو مخبوط کر دو اَور مخبوط ہوجاؤ ۔اپنے آپ کو نابِینا کر دو اَور نابینا ہو جاؤ۔مَست ہو جاؤ پر مَے سے نہیں۔ ڈگمگاؤ پر نشے سے نہیں ۔ 10 ۔ کیونکہ خُداوند نے تُم پر گہری رُوح کی نیند بھیجی اُس نے تُمہاری آنکھوں یعنی اِنبیاء کو نابینا کیا۔اَورتُمہارے سروں یعنی غیب بینوں پر نِقاب ڈالا ۔ 11 ۔ تو تمہارے لئے سب رُؤیا ایسی ہوگی جیسی سربمُہر کِتاب کی باتیں ہوں۔ جِسے لوگ کِسی پڑھے ہُوئے کودیں اَور کہیں کہ اِسے پڑھو۔ اَور وہ کہے میں نہیں پڑھ سکتا کیونکہ سر بمُہر ہے۔ 12 ۔پھر وہ کِتاب اُسے دیں جو پڑھنا نہیں جانتا اَور اُس سے کہیں کہ اِسے پڑھ ۔اَور وہ کہے کہ میں پڑھنا نہیں جانتا ہُوں۔ 13 ۔ تو خُداوند نے فرمایا چُونکہ یہ اُمّت اپنے مُنہ سے میری طرف نزدِیک آتی ہے اَور اپنے ہونٹوں سے میری تو قیر کرتی ہے۔ مگر اِن کا دِل مُجھ سے دُور ہے۔ اَور میرا وہ خوف جو اِنہیں ہے اُسے آدمیوں کے حُکم نے اِنہیں سِکھایا۔ 14 ۔ اِس لئے دیکھ میں اِس اُمّت کے ساتھ پھِر ایک عجیب، نہایت عجیب کام کرُوں گا۔ تو اُن کے دانِشمندوں کی دانِش زائل ہوگی اَور اُن کے عقلمندوں کی عقل جاتی رہے گی۔ 15 ۔ افسوس اُن پر جو گہری سوچ کرتے ہیں کہ اپنی مشورت کو خُداوند سے چھُپائیں ۔تو اُن کے کام اندھیرے میں ہیں۔ اَور وہ کہتے ہیں کون ہمیں دیکھتا ہے؟ اَور کون ہمیں جانتا ہے؟ 16 ۔ ہائے تُمہاری کجروی! کیا کُمہار مٹّی کی مانند خیال کیا جائے گا ؟ کی مصنوُع اپنے صانِع کی بابت کہے کہ اُس نے مُجھے نہیں بنایا۔ یاکُوزہ گرکی بابت کہے کہ اُسے عقل نہیں؟ 17 ۔کیا تھوڑا ہی عرصہ باقی نہیں ؟ کہ لُبناؔن ایک زرخیز باغیچہ ہوجائے گا۔اَور زرخیز باغیچہ بَن سمجھا جائے گا۔ 18 ۔اُس روز بَہرے کِتاب کی باتیں سُنیں گے اَور اندھوں کی آنکھیں تارِیکی اَور اندھیرے میں سے دیکھیں گی۔ 19 ۔ اَور غریب لوگ خُداوند میں زیادہ خُوشی کریں گے ۔اَور آدمیوں میں سے مِسکین اِسراؔئیل کے قُدّوس سے شادمان ہوں گے۔ 20 ۔کیونکہ ظالمِ نابُود ہو جائے گا اَور ٹھٹھّے باز غائب ہو جائے گا ۔ اَور سب جو بَدی کرنے کے لئے جاگتے رہتے ہیں وہ نیست کئے گئے ۔ 21 ۔ یعنی وہ جو آدمی کو ایک کلمہ کی خاطِر گُنہگار کرتے اَور جو پھاٹک پر اُنہیں ملامت کرتا ہے اُس کے لئے پھندا لگاتے اَور صادِق کو اپنی جھُوٹی باتوں سے پچھاڑ دیتے ہیں ۔ 22 ۔ اِس لئے خُداوند جس نے اِبرہام کو نجات دی یَعقُوبؔ کے گھرانے کی بابت فرماتا ہے۔ کہ اَب یَعقُوبؔ شرمِندہ نہ ہوگا اَور نہ اُس کا چہرہ زرد ہوگا ۔ 23 ۔ لیکن جب وہ اپنی اَولاد کو جو اُس کے درمیان میرے ہاتھوں کے کام ہیں دیکھے وہ میرے نام کی تَقدِیس کریں گے اَور یَعقُوبؔ کے قُدُّوس کی تَقدِیس کریں گے اَور اِسراؔئیل کے خُدا سے ڈریں گے ۔ 24 ۔ اَور وہ جو روُح میں گُمراہ ہیں دانائی کو جانیں گے اَور کُڑ کُڑانے والے تعلیم سیکھیں گے۔