باب

1 ۔ اِسراؔئیل کی سزا اِفرائیم کے بَد مَستوں کے اُس گھُمنڈ کے تاج پر اور اُس کی شاندار آرائش کے اُس مرُجھائے ہوئے پُھول پر افسوس جو مَے خوروں کی شاداب وادی کے سر پر تھا۔ 2 ۔ دیکھ جس زبردست اَور زور آور کو خُداوند نے بھیجا وہ اَولوں کے طُوفان اَور مُہلک بگُولے کی مانند اَور سیلاب کے کثیر پانی کی شِدّت کی طرح اُسے روز سے زمین پر پٹک دیتا ہے۔ 3 ۔ اِفرائیمؔ کے بَد مَستوں کے گھمنڈ کا تاج پاؤں تلے لتاڑا جاتا ہے۔ 4 ۔ اَور اُس کی شاندار آرائش کا مُر جھائے ہوئے پھُول ۔شاداب وادی کے سر پر ہے۔ وہ اُس پہلے پکّے ہُوئے اِنجیر کی مانند ہوگا جو گرمی کے دِنوں سے پیشتر لگے ۔جِسے کوئی دیکھے اَور ہاتھ میں لیتے ہی نِگل جائے ۔ 5 ۔ اس روز ربُّ الافواج اپنی اُمّت کے بَقیے کا تاج حُسن اَور اُس کی قُوّت ِ آزائش ہوگا ۔ 6 ۔ اَور عدل کی رُوح اُس کے لئے جو مَسندِ عدالت پر بیٹھے ۔اَور قُوّت اُن کے لئے جو پھاٹک سے حملہ پسپا کر دیتے ہیں۔ 7 ۔ پر یہ بھی مَے سے لڑ کھڑاتے ہیں اَور نشہ کے سبب سے ڈگمگاتے ہیں۔ کاہن اَور نبی بھی نشہ کے سبب سے بھٹک جاتے ہیں اَورمَے میں غرق ہو کر نشہ کے سبب سے گُمراہ ہوتے ہیں ۔اَور رُؤیا میں بھٹکتے اَور اِنصاف کرنے میں لغزش کھاتے ہیں ۔ 8 ۔ کیونکہ تمام دستر خوان قَے اَور گندگی سے بھرے ہیں یہاں تک کہ کوئی جگہ باقی نہیں ۔ 9 ۔ وہ کِسے دانِش سِکھائے گا؟ اَور کِسے خطاب کر کے سمجھائے گا ؟ اُنہیں جِن کا دُودھ چھُڑا یا گیا ۔اُور جو چھاتیوں سے جُدا کئے گئے ۔ 10 ۔ حُکم پر حُکم پھر حُکم پر حُکم۔فرض پر فرض پھر فرض پر فرض ۔تھوڑا یہاں تھوڑا وہاں ۔ 11 ۔ یقیناََ وہ ہکلاتے لبوں سے اجنبی زُبان میں اپنی اُمّت سے باتیں کرے گا۔ 12 ۔ اَور اُن سے کہے گا کہ آرام ۔تھکے ماندوں کو آرام اَور تازگی دو ۔پر و ہ سُننے سے مُنکر رہے۔ 13 ۔ اِس لئے خُداوند کا کلام اُن سے ہوگا۔ حُکم پر حُکم پھر حکُم پر حکم ۔ فرض پر فرض پھر فرض پر فرض۔تھوڑایہاں تھوڑا وہاں۔تاکہ وہ جائیں اَور پیچھے کو گِر پڑیں اَور شِکستہ ہوں اَور پھندے میں پھنسیں اَور گرفتار کئے جائیں۔ 14 ۔ پس اَے ٹھٹھّے بازو! جو یُروشلؔیِم کی اُس اُمّت پر حُکمران ہو ۔خُداوند کا کلام سُنو! 15 ۔تُم کہتے ہو کہ ہم نے مَوت سے عہد باندھا اَور پاتال کے ساتھ پیمان کیا۔ تو جب طُوفانی تاز یانہ گُزرے گا وہ ہم پر نہ پڑے گا۔ کیونکہ ہم نے جھُوٹ کو اپنے لئے جائے پناہ بنایا۔ اَور ہم نے اپنے آپ کو دَرُوغ گوئی کے نیچے چھُپایا ہے۔ 16 ۔اِس لئے مالک خُداوند کہتا ہے۔ کہ دیکھ میں صیُون میں بُنیاد کے لئے ایک پتھّر رکھّ دیتا ہُوں جو آزمُودہ اَور محکُم بُنیاد کے لئے کونے کا سِرا اَور قیمتی ہے۔ اَور جو کوئی اُس پر ایمان لائے وہ ہرگز جُنبش نہ کھائے گا ۔ 17 ۔اَور میں نے عدل کو اپنا سُوت اَور صداقت کو اپنا ساہُول بنا لِیا۔ اَور اَولے جھُوٹ کی پناہ کو جھاڑ ڈالیں گے اَور اُس کے چھُپنے کی جگہ پر پانی طُغیانی کریں گے۔ 18 ۔ اَورجو عہد تُم نے مَوت کے ساتھ باندھا وہ منُسوخ کیا جائے گا ۔اَور جو پیمان تُم نے پاتال کے ساتھ کیا وہ قائم نہ رہے گا۔ پس جب طُوفانی تاز یانہ گُزرے گا ۔تو تُمہیں پامال کرے گا۔ 19 ۔ جس وقت وہ گُزرے گا تمہیں لے جائے گا۔ کیونکہ صُبح کے وقت سویرے اَور دِن اَور رات کو وہ گُزرے گا ۔اَور اِنکشاف کی سمجھ ہَول ہی ہوگی۔ 20 ۔ کیونکہ پلنگ ایسا تنگ ہے کہ ایک تو ضُرور گِر پڑے گا ۔ اَور بالاپوش اِس قدر چھوٹا ہے کہ دو کوڈھانپ نہیں سکتا ۔ 21 ۔ کیونکہ جیسے اُس نے کوہ پراضؔیم میں کیا ویسے ہی خُداوند اُٹھے گا اَور جس طرح اُس نے وادی جِبعوؔن میں کیا ۔اُسی طرح و ہ غضب ناک ہوگا ۔تاکہ اپنا کام بلکہ اپنا عجیب کام کرے اَور اپنا کام۔ہاں اپنا انوکھا کام عمل میں لائے۔ 22 ۔ سو اَب تُم ٹھٹھّامت کرو۔ ایسا نہ ہو کہ تُمہارے بندھن کَس لئے جائیں۔کیونکہ میں نے خُد اوند ربُّ الافواج کی طرف سے ساری سَر زمین کی ہلاکت کی بات سُنی ہے۔ 23 ۔ کان دھرو۔اَور میری آواز سُنو۔ کان لگاؤ اَور میری بات سُنو ۔ 24 ۔ کیا کھیتی کرنے کے لئے کسان سارا دِن ہَل چلاتا ہے۔ اَور محنت کرکے اپنی زمین کو ہموار کرتاہے؟ 25 ۔ جب وہ ہموار کر چکا تو کیا وہ اجوائن کو نہیں چھِینٹتا ۔اَور زیرہ نہیں بوتا۔ اَور گندم اَور جَو کوریگھاریوں میں اَور کٹھیا گیہُوں اُس کے کِناروں میں نہیں ڈالتا ؟ 26 ۔ کیونکہ اُس کا خُدا اُسے تمیز سکھاتا اَور سمجھاتا ہے۔ 27 ۔ تو اَجوائن کو آرے سے نہیں داؤتے اَور نہ زیر ہ کےاُوپر گھاڑی کا پہیہ پھراتے ہیں بلکہ اَجوائن کو لاٹھی سے اَور زِیرہ کو چھڑی سے جھاڑتے ہیں۔ 28 ۔گندم کُوٹی جاتی ہےمگر حد سے بڑھ کر نہیں ۔وہ کُوٹی جاتی ہے اَور اُس پر گاڑی کا پہیہ پھِرتا ہے۔ اَور گھوڑے اُسے نہیں پیستے۔ 29 ۔ یہ بھی ربُّ الاافواج کی طر ف سے ہُؤا ۔ اَور اُس کی مصلحت عجیب اَور حِکمَت عظیم ہے۔