1 ۔ رِہائی کے لئے شُکر گُزاری اُس روز یہُوداہ کی سَر زمین میں یہ گانا گایا جائے گا۔ ہمارا ایک فصیل دار شہر ہےجس کی حِفاظت کے لئے فصِیلیں اَور بُرج بنایا گیا ۔ 2 ۔ تُم دروازوں کو کھولو۔تاکہ وہ راستکار قوم داخِل ہو۔ جو اِعتقاد کو قائم رکھتی ہے۔ 3 ۔ تُو ہمارے مُستحکم قَصد کو سلامتی سے قائم رکھّے گا۔اِس لئے کہ ہمارا تو کُل تُجھ ہی ہے۔ 4 ۔ خُداوند پر اَبد تک توکُل رکھّو۔ کیونکہ خُداوند زمانوں کی چٹان ہے۔ 5 ۔ کیونکہ وہ اُنہیں جو بُلندی پر رہتے ہیں نیچے کر دے گا۔ وہ اُس محفُوظ شہر کو زیر کرے گا۔ وہ اُسے زمین تک زیر کرے گا۔ اُسے خاک میں مِلا دے گا۔ 6 ۔ پاؤں اُسے لتاڑے گا یعنی مُحتاج کے قدم مِسکین کے پاؤں ۔ 7 ۔صادِق کی راہ راست ہے اَور راست وہ رستہ ہے جو تو صادِقوں کے لئے ہموار کرتا ہے۔ 8 ۔ اَے خُداوند ! تیرے احکام کی راہ میں ہم تیری اِنتظاری کرتے ہیں۔ جان کا اِشتیاق تیرے نام اَور تیری یاد کےلئے ہے۔ 9 ۔ رات کو میری جان تیرا شوق رکھتی ہے۔ اَو ر صُبح کے وقت میری جان تیر ی خواہاں ہے۔ کیونکہ جب تیرے احکام زمین پرنازل ہوتی ہیں تو دُنیا کے باشِندے صداقت سِیکھتے ہیں۔ 10 ۔ ہر چند شریر پر رحم کیا جاتا ہے۔ لیکن پھِر بھی وہ صداقت نہیں سیکھتا۔ وہ مُلک میں حَق کا بِگاڑتا ہے۔ اَور خُداوند کی حشمت کا لحاظ نہیں کرتا ۔ 11 ۔ اَے خُداوند ! تیرا ہاتھ بُلند ہے پر وہ دیکھتے نہیں ۔کاش کہ یہ تیری اُس غیرت کو دیکھ کر شرم کریں جو تیری اُمّت کے لئے ہے ۔اَور آگ تیرے دُشمنوں کو کھا جائے ۔ 12 ۔ اَے خُداوند! تُو ہمیں سلامتی دے گا ۔کیونکہ ہمارے سب کام تُو نے ہمارے لئے کئے۔ 13 ۔ اَے خُداوند ہمارے خُدا ! اَور مالکِوں نے ہم پر حُکمرانی کی لیکن صِرف تُجھ ہی سے ہم تیرے نام کا ذِکر کرتے ہیں۔ 14 ۔ مُردے زندہ نہ ہوں گے ۔اَور مُردوں کی رُوحیں نہ اُٹھیں گی ۔کیونکہ تُو نے اُنہیں سزادی اَور اُنہیں ہلاک کیا۔ اَور اُن کا تمام ذِکر نابُود کیا۔ 15 ۔اِس اُمّت کو بڑھا اَے خُداوند اُمّت کو بڑھا ۔اپنی عظمت ظاہر کر۔مُلک کی حُدُود کو وَسعت دے۔ 16 ۔اَے خُداوند اُنہوں نے تنگی میں سزا پائی۔رنج اَور ظُلم اُن کے لئے تیری تادِیب تھے۔ 17 ۔جس طرح کے حاملہ عورت جب ولادت قریب ہو ہائے ہائے کرتی ہے۔ اَور اپنے درد میں چلاّتی ہے۔اُسی طرح اَے خُداوند ہم تیرے سامنے ہُوئے۔ 18 ۔ ہم حامِلہ ہُوئے اَور ہمیں دردِ زِہ لگا۔ پر پیدا کیا ہوا؟ ہَوا ! ہم زمین پر رِہائی نہیں لاتے اَور دُنیا کے باشِندے ہلاک نہیں ہوتے ۔ 19 ۔تیرے مُردے زندہ ہوں گے۔ میری لاش اُٹھے گی۔مِٹّی میں بسنے والے جاگیں گے اَور شادمانی کریں گے کیونکہ تیری اَوس روشنی کی اَوس ہے اَور زمین اپنی مُردوں کو اُگل دے گی۔ 20 ۔ اَے میری اُمّت! اپنی کوٹھڑیوں کے اندر جاؤ ۔اَور اپنے اُوپر دروازے بند کرو۔تھوڑی دیر اپنے آپ کو چھُپائے رکھّو جب تک کہ غُصّہ اُتر نہ جائے ۔ 21 ۔ کیونکہ دیکھ ۔خُداوند اپنی جگہ سے باہر نِکلے گا ۔تاکہ زمین کے باشِندوں کو اُن کی شرارت کی سزا دے ۔تو زمین اپنا خُون ظاہر کرےگی اَور پھِر اپنے مقتُولوں کو نہ چھُپائے گی