1 ۔ اقوام پر فتویٰ دیکھ خُداوند زمین کو وِیران کرے گا اَور اُس کا رُخ اُلٹ دے گا۔ اَور اُس کے باشِندوں کو پراگندہ کرے گا ۔ 2 ۔ اَور کاہن کا حال عوام کے حال کے برابر ہوگا۔ اَور غلام کا حال مالک کے حال کی مانند۔ اَور لونڈی کا حال خاتُون کے حال کی طرح۔ اَور خریدنے والا خروخت کرنے والے کے برابر ہوگا اَور قرضدار قرض خواہ کی طرح۔ اَور سُود لینے والا سُود دینے والے کی مانند۔ 3 ۔ زمین باِلکُل وِیران ہوگی اَور بِشّدت غارت کی جائے گی۔ کیونکہ خُداوند نے یہ سخن فرمایا ہے۔ 4 ۔ زمین ماتم کرے گی اَور مُرجھا ئے گی۔ دُنیا بے تاب اَور پژمُردہ ہوگی۔ آسمان اَور زمین دونوں بےچین ہوں گے۔ 5 ۔ کیونکہ زمین اپنے بسنے والوں کے سبب سے ناپاک ہوگئی۔ اِس لئے کہ اُنہوں نے شرائع کی نافرمانی کی ۔ حُکم عدولی کی۔ اَور اَبدی عہد کو توڑ دِیا۔ 6 ۔ اِس لئے لعنت زمین کو کھا جائے گی ۔اَور اُس کے بسنے والے مُجرم ٹھہریں گے اَو ر زمین کے باشِندے جَل جائیں گے۔ اَور فَقط تھوڑے سے آدمی باقی رہیں گے۔ 7 ۔نئی مَے ماتم کرےگی۔تاک کُملا جائے گی ۔سب دِل شاد اشخاص آہ بھریں گے۔ 8 ۔ ڈھولکوں کی خُوشی بند ہوگی۔ شادمانی کرنے والوں کا شور جاتا رہے گا۔ اَور بربط کا نغمہ خاموش ہوگا۔ 9 ۔ گیت کے ساتھ کوئی مَے نہیں پی جائے گی۔پینے والوں کو نشہ آور چیز کڑوی معلُوم ہوگی ۔ 10 ۔وِیرانی کا شہر مِسمار ہوجائے گا۔اَور ہر ایک گھر بند ہوگا اَور کوئی اندر نہ جائے گا ۔ 11 ۔ مَے کے لئے کُوچوں میں چِلاّنا ہوگا۔ تمام خُوشی تارِیکی ہوگی اِور دُنیا بھرکی شادمانی جاتی رہے گی۔ 12 ۔شہر میں وِیرانی پڑی ہوگی اَور پھاٹکوں کو چِکناچُور کیا جائے گا۔ 13 ۔ کیونکہ زمین پر اقوام میں ایسا ہوگا جیسا زیتُون کا درخت جو جھاڑا گیا ہو۔ یا انگُور کے چھوڑے ہُوئے خوشوں کی طرح جب موسم ختم ہُؤا۔ 14 ۔یہ گیت گانے میں اپنی آواز بُلند کریں گے۔وہ خُداوند کی حشمت مَداح سرائی کریں گے۔ 15 ۔اِس لئے مغرب میں شادمانی کرو۔ مشرق میں خُداوند کی تعظیم کرو۔ سمندر کے جزائر میں خداوند اسرائیل کے خدا کی تعظیم کرو۔ 16 ۔زمین کے اطراف سے ہمیں خُوش اِلحانی سُنائی دے گی ۔کہ صادِق کے لئے فخر ہے ۔پر میں کہُوں گا تباہی میرے لئے ۔تباہی میرے لئے ۔مُجھ پر واویلا ہے۔ لُٹیرے لُوٹتے ہیں۔لُوٹنے والے لُوٹتے ہیں۔ 17 ۔اَے زمین کے باشِندے ! خوف اَور گڑھا اَور پھندا تیرے لئے ہے۔ 18 ۔اَور خوف کی آواز سے بھاگنے والا گڑھے میں گِرے گا۔ اَور گڑھے میں اُوپر چڑھنے والا پھندے میں پھنس جائے گا۔ کیونکہ بُلندی کے دریچے کھُل گئے ۔اَور زمین کی بُنیادیں ہل جائیں گی۔ 19 ۔ زمین یکسر توڑی جائے گی۔تمام زمین ریزہ ریزہ کی جائے گی۔ زمین شِدّت سے ہلائی جائے گی۔ 20 ۔ وہ ڈگمگائے گی۔ جسے متوالا ڈگمگاتا ہے ۔وہ ایک رات کے خَٰیمے کی طرح ہٹائی جائے گی۔اُس کی بَدی اُس پر بھاری ہوگی۔وہ گِر جائے گی اَور پھِر نہ اُٹھے گی۔ 21 ۔ اُس روز خُداوند بُلندی کے لشکروں کو بُلندی میں اَور زمین کے بادشاہوں کو زمین پر سزا دے گا۔ 22 ۔ اَور وہ جمع کئےجائیں گے۔ جس طرح کہ قیدی گڑھے میں جمع کئے جاتے ہیں۔ اَور قید خانے میں اُن پر دروازہ بند کیا جائے گا۔ اَور بُہت دِنوں کے بعد اُن کی خبر لی جائے گی ۔ 23 ۔ تب چاند خجل اَور سُورج شرمِندہ ہوگا جس وقت ربُّ الا فواج کوہ ِ صیُون اور یُروشؔلؔیم میں سَلطنَت کر ے گا۔ اَور اپنے بزرگوں کے آگے جلال پائے گا ۔