باب

1 ۔صُؔور صُؔور کی بابت بارِ نُبوت۔ اَے ترسیس کے جہازو ! واویلا کرو۔ کیونکہ تُمہاری بندرگاہ مسمار ہوئی۔جب وہ کتیؔم کی سَر زمین سے آئے تو اُنہیں یہ خبر ملی۔ 2 ۔ ساحِل کا باشِندہ اَور صُؔور کا تاجر حیرانی سے خاموش ہوگئے۔ 3 ۔یعنی وہ جو سُمندر کے پار جاتا ہے۔ جس کے قاصد وسیع پانی پر ہیں۔ جس کی فصل سیؔحور کا اناج ہے۔ اَور جس کی آمدنی اقوام کا گیُہوں ہے ۔ 4 ۔اَے صیدُا شرمندہ ہو۔ کیونکہ سُمندر نے کلام کر کے یُوں کہا کہ " تُجھے دردنہ لگے اَور نہ تُجھ سے بچّے پیدا ہُوئے ۔نہ تُو نے جوانوں کو پالا اَور نہ لڑکیوں کی پرورِش کی "۔ 5 ۔ جب مِصؔر میں خبر پہُنچے گی تو صُؔور کی خبر سُن کر غمگین ہوگا۔ 6 ۔اَے ساحِل کے باشندو ! تُم ترسیس کو پار جاؤ اور واویلا کرو۔ 7 ۔کیا یہی تُمہارا شادمان شہر ہے؟ جس کی قدامت پہلے دِنوں سے ہے؟ اَور جس کے قدم دُور دُور بسنے کے لئے اُسے لے گئے؟ 8 ۔کِس نے اُس صُؔور کے خلاف یہ منصُوبہ باندھا ۔جو بادشاہوں کو تاج دیتا ہے۔ جس کے تاجر ۔اُمراء اَور جس کے سوداگر دنیا کے شُرفا ہیں۔ 9 ۔ ربُّ الا فواج ہی نے یہ منصُوبہ باندھا کہ تمام شوکت کے غرُور کو پست کرے اَور دُنیا بھر کے شُرفاء کو ذِلّت دے ۔ 10 ۔ اَے ترسیسؔ کی بیٹی ! اپنی سَر زمین میں نیؔل کی طرح گُزر۔کیونکہ ما بعد کو ئی بندرگاہ نہیں۔ 11 ۔اُس نے سُمندر پر اپنا ہاتھ بڑھایا ۔اَور اُس نے مَملُکَتوں کو ہلا دِیا ۔خُداوند نے کِنعان کے خلاف حُکم دِیا ۔کہ اُس کے قِلعوں کو برباد کیا جائے ۔ 12 ۔ اَور کہا کہ اَے مظلُوم کُنواری ! صیدُاکی بیٹی ! اَب سے فخر نہ کر ۔اُٹھ اَور کِتؔیمؔ کو پار جا۔ وہاں بھی تُجھے آرام نہ ملے گا۔ 13 ۔کسدیوں کی سَر زمین کو دیکھ یعنی اُن باشِندوں کو جو اسورؔی نہیں ۔جسے اُس نے وحشی جانوروں کے لئے ٹھہرایا ۔اُنہوں نے اُس کے بُرجوں کو کھڑا کیا ۔اُس کے محلّوں کو ڈھایا دِیا۔ اَور وہ وِیران ہوگیا۔ 14 ۔ اے ترسیس کے جہازو ! واویلا کرو۔ کیونکہ تُمہاری بندرگاہ تباہ ہوئی ۔ 15 ۔ اَور اُس دِن اَے صُؔور تُو شاہی ایّام کے مُطابق ستّر برس تک فراموش ہو جائے گا۔اَور ستّر برس کے بعد صُورکا حال زانیہ کے گیت کی مانند ہوگا کہ۔ 16 ۔ " اَے فراموش شُدہ زانیہ ! بربط لے کر شہر میں پھر ۔خُوب بجا ۔خُوب گا۔ شاید کہ تُو یاد کی جائے " 17 ۔ کیونکہ سّتر برس کے بعد خُداوند صُؔور کی خبر لے گا۔ تو وہ پھر اپنی اُجرت کی طرف لَوٹے گی۔اَور رُوئے زمین پر کی دُنیا کی تمام مُملُکَتوں کے ساتھ زِنا کرے گی۔ 18 ۔ اَور اُس کی تجارت اَور اُس کی اُجرت خُداوند کے لئے مخصوص ہوگی۔ اَور وہ خزانے میں اَور ذخیرے میں رکھّی نہ جائے گی کیونکہ اُس کی تجارت کا نفع اُن کے لئے ہوگا جو خُداوند کے حضُور رہتے ہیں۔ تاکہ وہ کھائیں اَور سیر ہوں اور نفیس پوشاک پہنیں۔