1 ۔ یرُوشؔلیِؔم رُویا کی وادی کی بابت بارِ نُبوت۔ تُجھے کیا ہُؤا ۔کہ تُم سب کے سب چھتوں پر چڑھ گئے ہَو؟ 2 ۔ اَے غوفائی شہر ! اَے شورغُل سے بھرے ہوئے! اَے شادمان قصبے ! تیرے مقتُول تلوار سے قتل نہیں ہُوئے اَور نہ لڑائی میں مارے گئے۔ 3 ۔ تیرے سب سردار ! اکٹھے بھاگے ۔اَور بغیر کمان کے اسیر کئے گئے ۔ تیرے تمام زور آور اِکٹھے اسیر ہُوئے اَور وہ دَور تک بھاگ گئے۔ 4 ۔اس لئے میں کہتا ہُوں کہ میرے پاس سے ہٹ جاؤ۔ کیو نکہ میں زار زار روؤں گا ۔میری اُمّت کی بیٹی کی ہلاکت کے لئے مُجھے تسلّی دینے کی تکلیف نہ کرو۔ 5 ۔ کیونکہ ربُّ الافواج کا ہنگامے اَور پامالی اَور ہلچل کا ایک دِن ہے۔رُویا کی وادی میں دیواروں کا گِر جاناہے ۔اَور پہاڑ پر جنگ کی للکار۔ 6 ۔ اَور عیؔلام ترکش اُٹھاتا ہے اَور رتھوں میں گھوڑے لگاتا ہے۔ اَور قیرؔ ڈھال کو ننگا کرتا ہے۔ 7 ۔ تو تیری عُمدہ وادیاں رتھوں سے بھر جائیں گی۔ اَور سوار پھاٹک کے آگے صف باندھیں گے۔ 8 ۔ اَور یہُوداہ کا نِقاب اُتارا جائے گا۔ اَور اُس روز تُو بن کے گھر کے ہتھیاروں پر نظر کرے گا۔ 9 ۔ اَور تُو دیکھے گا کہ داؤد کے شہر کے رخنے بہُت ہیں۔اَور تُم نیچے کے تالاب کے پانی کو جمع کرو گے۔ 10 ۔ اَور یُروشؔلیِؔم کے گھروں کو گِنوگے اَور دِیوار کو مضبُوط کرنے کےلئے گھروں کو ڈھادو گے۔ 11 ۔ اَور تُم دونوں دِیواروں کے درمیان پُرانے تالاب کے پانی کے لئے ایک کھائی بناؤ گے ۔لیکن جس نے یہ کیا تُم اُس کی طرف توجُّہ نہیں کرو گے ۔اَور نہ اُس کی طرف دیکھو گے جس نے مُدّت سے اُس کا نقشہ کھینچا۔ 12 ۔ اُس روز خُداوند ربُّ الا فواج رونے اَور نَوحہ کرنے اَور سر منڈانے اَور ٹاٹ کَسنے کو بُلائے گا ۔ 13 ۔ لیکن دیکھ ۔خُوشی اَور شادمانی اَور گائے بَیل کا ذَبح کرنا ۔اَور بھیڑ بکری کا حلال کرنا اَور گوشت کھانا اَور مےَ پیِنا ہے۔ آؤ کھائیں اَور پیئیں۔ کیونکہ کَل ہم مَر جائیں گے۔ 14 ۔تو ربُّ الافواج نے میرے کان میں پیغام بھیجا ۔کہ اِس بَدی کا تُم سے کَفّارہ نہ کیا جائے گا ۔ جب تک کہ تُم مَر نہ جاؤ۔ خُداوند ربُّ الا فواج فرماتا ہے۔ 15 ۔شُبؔنا ہ کو تنبیہہ خُداوند ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے۔ کہ بادشاہ کے محل کے مختار کے پاس جا۔ 16 ۔جو اپنے لئے بُلند ی پر قبر کھُدوا رہا ہے۔ اَور چٹان میں اپنے لئے مَسکین تیاّر کر رہا ہے۔ تُجھے کیا ہُؤا اَور تیرا یہاں کون ہے کہ تُو یہاں اپنے لئے قبر کھُدوا رہا ہے ؟ 17 ۔ دیکھ خُداوند تُجھے گیند کی طرح خُوب لپیٹ کر اَور اچھّی طرح سے کَس کر وسیع زمین میں زور سے پھینک دے گا۔ 18 ۔ وہاں تُو مَرے گا۔ اَور وہیں تیری شوکت کی رتھیں رہیں گی۔ اَے تُو جو اپنے آقا کے گھر کے لئے رُسوائی کا باعِث ہے ۔ 19 ۔ میں تُجھے تیرے منصب سے برطرف کرُوں گا۔ اَور تُو اپنے درجہ سے نیچے کو کھینچا جائے گا۔ 20 ۔ اَور اُس روز میں اپنے بندے الیاؔ قیم بِن خلقیاہ کو بُلاؤں گا۔ 21 ۔ اَور تیری پوشاک اُسے پہناؤں گا ۔اَور تیرا کَمر بند اُسے باندھوں گا اَور تیرا عہد اُس کے ہاتھ میں دُوں گا۔اَور وہ یُروشؔلیِؔم کے باشِندوں اَور یہُوداہ کے گھرانے کاباپ ہوگا۔ 22 ۔ اَور میں داؤد کے گھر کی کُنجی اُس کے کندھے پر رکھُوں گا۔اَور وہ کھولے گا تو کوئی بند نہ کرے گا ۔اَور وہ بند کرے گا تو کوئی نہ کھولے گا۔ 23 ۔ اَور میں میخ کی مانند اُسے مضبُوط جگہ میں قائم کرُوں گا ۔تو وہ اپنے باپ کے گھرانے کے لئے جلال کا تخت ہوگا ۔ 24 ۔اَور اگر اُس پر اُس کے باپ کے گھرانے کی تمام شوکت مع ہر شاخ اَور ٹہنی اَور سب چھوٹے برتنوں بلکہ پیالوں اَور مٹکوں کے بھی لٹکائی جائے ۔ 25 ۔ تو ربُّ الا فواج کے فرمان کے مُطابق اُس روز وہ میخ جو مضبُوط جگہ میں لگائی گئی تھی اُکھاڑی دی جائے گی ۔وہ کٹ جائے گی اَور گِر جائے گی اَور جو کُچھ اُس پر لٹکا ہُؤا تھا وہ یقیناََ نیست ہو جائے گا۔ خُداوند نے فرمایا ہے۔