1 ۔ بابؔل کی تباہی سُمندر کے بَیابان کی بابت بارِنُبوّت ۔ جس طرح جنو ب سے بگولے نِکل آتے ہیں۔اُسی طرح یہ بَیابان سے یعنی ہَولناک سَر زمین سے آتا ہے۔ 2 ۔ ایک ہیبت انگیز رُویا مُجھ پر ظاہر ہوئی۔ لُٹیرا لُوٹتا ہے۔ اَور ہلاک کرنے والا ہلاک کرتا ہے۔ اَے عیؔلام! چڑھائی کر ۔اَے مادی مُحاصرہ کر۔میں نے وہاں سے سب نوَحہ موقُوف کرایا۔ 3 ۔ اِس لئے میری کمر دُکھ سے بھر گئی ۔اَور میں ویسے ہی درد میں مُبتلا ہُؤا۔جیسے وہ عورت ہوتی ہے۔ جِسے دردِزِہ لگے ہوں۔ میں سُن کر حیران ہُؤا ۔میں دیکھ کر پریشان ہُؤا۔ 4 ۔ میرا دِل دھڑکا ۔کپکپی نے مُجھے گھبرایا۔جو شفق شام میری تفریح تھی اُس نے اُسے میرے لئے دہشت کردیا۔ 5 ۔ وہ دستر خوان تیار کرتے ہیں۔ وہ غالیچے بِچھاتے ہیں۔ وہ کھاتے اَور پیتے ہیں۔ اَے اُمراء ! اُٹھو اَور ڈھال پر تیل مَلو۔ 6 ۔ کیونکہ خُداوند نے مُجھ سے اِس طرح کہا ۔جانگہبان کھڑا کر ۔اَور جو کُچھ وہ دیکھے بتائے ۔ 7 ۔ جب وہ ایسے سَواروں کو دیکھے جو دو دو آتے ہیں ۔ایک گدھے پر اَور ایک اُونٹ پر ۔تو غور سے اُنہیں دیکھے۔ 8 ۔ پھر وہ شیر کی طرح چِلاّئے ۔اَے خُداوند ۔میں دِن بھر اپنی دید گاہ میں قائم ہُوں اَور رات بھر اپنے پہرے پر کھڑا رہتا ہُوں۔ 9 ۔اَور دیکھ۔ سَوار بلکہ دو دو کرکے سَوار آئے۔تو وہ چِلاّ اُٹھا۔بابؔل گِر پڑا۔ وہ گِر پڑا اَور اُس کے مَعبودوں کی سب تراشی ہُوئی مُورتیں زمین پر گِر کر رِیزہ ریزہ ہوگئیں۔ 10 ۔ اَور میرے روندے ہُوئے ! اَے میرے کھَلیان کے بیٹے ! جو کُچھ میں نے ربُّ الافواج اِسراؔئیل کے خُدا سے سُنا۔ میں نے تُمہیں بتا دِیا ۔ 11 ۔ اِدوؔم اِدوؔم کی بابت بارِنُبوت۔شِعیر سے میری طرف پُکارا گیا ۔اَے نِگہبان ! رات کی کیا خبر ہے؟اَے نِگہبان! رات کی کیا خبر ہے؟ 12 ۔ نِگہبان نے کہا صُبح آتی ہے۔ اَور پھِر بھی رات ہے اگر تُم پُوچھنا چاہو تو پوچھ لو۔لو َٹ آؤ ۔ 13 ۔عرؔب عرؔب کی بابت بارِنُبوت۔ اَے دوانیوؔں کے قافِلو! تُم جو بِیابان کے بَن میں خَیمہ زَن ہو ۔ 14 ۔ پانی لے کر پیاسوں کے ملنے کو آؤ ۔اَے تیماؔ کی سَر زمین کے باشِندو ! روٹی لے کر مفُروروں کے اِستقبال کو نِکلو ۔ 15 ۔ کیونکہ وہ وِیرانوں سے اَور تلوار کی دھار اَور کھینچی ہُوئی کمان کے سامنے سے اَور جنگ کی شَدّت کے سامنے سے بھاگے ہیں۔ 16 ۔ کیونکہ خُدا نے مجھے یوں فرمایا کہ ایک برس یعنی مزدُور کے ایک برس کے اندر قیؔدار کی تمام شوکت فنا ہوگی۔ 17 ۔ اَور تیراندازوں کا بَقیہّ قلیل ہوگا ۔قیدؔار کے جنگُجو تھوڑے سے ہوں گے۔ یقیناََ خُداوند اِسرائیؔل کے خُدا نے فرمایا۔