باب

1 ۔ مِصؔر کی سزا مِصرؔ کی بابت بارِنُبوّت۔ دیکھ ۔خُداوند ایک تیز رفتار بادِل پر سَوار ہو کر مِؔصر میں آئے گا ۔اُس کی حضُوری سے مِؔصر کے بُت کانپیں گے اَور مِؔصر کا دِل اُس کے اندر پگھل جائے گا۔ 2 ۔ اَور میں مِؔصر کو مِؔصر کے خلاف ہتھیار بندھو اؤں گا ۔تو ہر ایک آدمی اپنے بھائی سےلڑے گا اَور ہر شخص اپنے دوست سے ۔اَور شہر سے شہر لڑے گا اَور صُوبہ سے صُوبہ ۔ 3 ۔ اَور مِؔصر اپنے باطِن میں ہمّت ہارے گا۔اَور میں اُس کی مشورت کو بِگاڑوں گا ۔تب و ہ اپنے بُتوں اَورساحِروں اَور مُردوں کی رُوحوں اَور غیب دانوں سے دریافت کریں گے ۔ 4 ۔ اَور میں مِؔصر کو ایک سخت دِل حاکمِ کے ہاتھ میں دے دُوںگا۔اَور ایک زبردست بادشاہ اُن پر حُکمرانی کرے گا خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 5 ۔ سُمندر کے پانی جذب ہوجائیں گے اَور دریا خُشک ہوگا اَور سُوکھ جائے گا۔ 6 ۔ اَور ندیاں بَدبُودار ہو جائیں گی ۔اَور مِؔصر کے دریائے نیؔل کی شاخیں گھٹ جائیں گی اَور سُوکھ جائیں گی اَور نَے اَور سر کنڈے کُملا جائیں گے ۔ 7 ۔ اَور دریائے نیؔل کے کِناروں پر بُردی مُر جھا جائے گی اَور دریائے نیؔل کی سب کھیتیاں سُوکھیں گی اَور تلف ہوں گی اَور نہ رہیں گی۔ 8 ۔تب ماہی گیر چلا چلا کر روئیں گے اَور جونیؔل میں قُلا بہ ڈالتے ہیں وہ سب ماتم کریں گے ۔اَور جو پانی کے اُوپر مَہا جال بچھاتے ہیں وہ بیتاب ہو جائیں گے ۔ 9 ۔ اَور صاف شُدہ کَتان کے کارِیگر اَور دُھننے اَور بُننے والے گھبرا جائیں گے ۔ 10 ۔ اَور اُس کے اَرکان کُچلے جائیں گے اَور تمام اُجرت پر کام کرنے والے رنجیدہ دِل ہوں گے۔ 11 ۔ ضعن کے رئیس یقیناََ اَحمق ہیں۔ فَرعُؔون کے دانا تر مُشیروں کی مشورت احمقانہ ہے ۔سو تُم کیسے فِرعوُنؔ سے کہتے ہو ۔کہ میں دانِشمندوں کا بیٹا بلکہ شا ہان قدیم کا فرزند ہُوں۔ 12 ۔ اَب تیرے دانِشمند کہاں ہیں ؟ وہ تُجھے خبر دیں اَور بتائیں کہ ربُّ الافواج نے مِؔصر کی بابت کیا اِرادہ کیا ہے ۔ 13 ۔ضعن کے رئیس احمق ہُوئے اَور نوؔف کے رئیس فریب کھا گئے ۔اَور اُس کے قبائل کے سرداروں نے مِؔصر کو گُمراہ کیا۔ 14 ۔ خُداوند نے اُس کے اندر ایک کج رَو رُوح مِلائی ۔تو ۔ اُنہوں نے مِؔصر کو اُس کے سب کاموں میں اُس متوالے آدمی کی طرح بے راہ کیا جو قَے کرتا ہُؤا ڈگمگاتا ہے ۔ 15 ۔ اَور مِصؔر کا کوئی کام نہ ہوگا ۔جو سر یا دُم یا کھُجور یا نَے کرسکے ۔ 16 ۔ مِصؔر کی رجُوع آوری اُس روز اہلِ مِصؔر عورتوں کی مانند ہوں گے۔ربُّ الافواج کے اُس ہاتھ کے اُٹھانے کے باعِث جو وہ اُس پر اُٹھائے گا اَور لرزاں اَور ہراساں ہوں گے۔ 17 ۔ اَور مُلک یُہؔوداہ مِصؔر کے لئے باعِثِ دہشت ہوگا ۔اَور ربُّ الافواج کی اُس مشورت کے باعِث جو اُس نے اُس کے خلاف کی ۔اُس کا ذِکر سُننے والے سب خوفزدہ ہوں گے۔ 18 ۔ اُس روز مِصؔر کی سَر زمین میں پانچ ایسے شہرہوں گے جہاں کِنعاؔن کی بولی بولی جائے گی اَور ربُّ الافواج کی قسم کھائی جائے گی۔ اِن میں سے ایک سُورج کا سِپر کہلائے گا۔ 19 ۔ اُس روز مِصؔر کی سَر زمین کے درمیان خُداوند کا ایک مذَبح اَور اُس کی سَرحد پر خُداوند کا ایک ستُون ہوگا۔ 20 ۔ اَور وہ مِصؔر کی سَر زمین میں ربُّ الافواج کا ایک نِشان اَور شہادت ہوگا۔ کیونکہ وہ اپنے ستانے والے کے سبب سے خُداوند کے پاس چلائیں گے۔اَور وہ اُن کے لئے ایک رِہائی دینے والا اَور حامی بھیجے گا۔ تو وہ اُنہیں چھُڑائے گا۔ 21 ۔ اَور خُداوند اپنے آپ کو اہلِ مِصؔر پر ظاہر کرے گا تو اُس روز اہلِ مِصؔر خُداوند کو جانیں گے اَور وہ ذَبیحوں اَور ہدیوں سے اُس کی عِبادَت کریں گے اَور خُداوند کے لئے مَنّتیں مانیں گے اَور اُنہیں ادا کریں گے۔ 22 ۔ اَور خُداوند اہلِ مِصؔر کو مارے گا۔وہ مارے گا اَور شِفا دے گا۔ تب وہ خُداوند کی طرف رجُوع کریں گے ۔اَور وہ اُن کی سنے گا اور اُنہیں شِفا بخشے گا۔ 23 ۔ اُس روز مِصؔر سے اسُّور تک ایک شاہراہ ہوگی ۔تو اہلِ اسُّور مِصؔر میں آئیں گے اَور اہلِ مِصؔر اسُّور کے ساتھ مِل کر عِبادت کرے گا ۔ 24 ۔ اُس روز اِسرائیل مِصر اَور اسُّور میں ثالث اَور زمین کے درمیان برکت کا باعث ہوگا۔ 25 ۔ کیونکہ ربُّ الافواج اُسے برکت دے کر کہے گا ۔میری اُمّت مِصؔر اَور میرے ہاتھ صنعت اسُّور اَور میری مِیراث اِسراؔئیل مُبارَک ہو۔