باب

1 ۔ کُوش پر افسوس پرَوں کے بھِنبھنانے کی اُس سرَ زمین پر افسوس جو کوش (اتھوپیا) کے دریاؤں کے کِناروں پر ہے۔ 2 ۔ اَور جو برُدی کی کشتیوں میں پانی کی سطح پر ایلچیوں کو سُمندر کے پار بھیجتی ہے۔ اَے تیز رَوا یلچیو! تُم ایک قدر آور اَور صاف رُو قوم کے پاس جاؤ ۔یعنی اُس قوم کے پاس جو آگے کو ہَولناک ہوگی اُس کُچلنے اَور پامال کرنے والی قوم کے پاس جس کی سَر زمین کو دریا تقسیم کرتے ہیں۔ 3 ۔ اَے دُنیا کے تمام باشِندو! اَور اَے زمین پر بسنے والو! جس وقت پہاڑوں پر جھنڈا اُونچا کیا جائے گا تو تُم دیکھو گے اَور جب نرسنگا پھُونکا جائے گا تو تُم سُنو گے ۔ 4 ۔ کیونکہ خُداوند نے مُجھ سے یُوں فرمایا ۔ کہ میں اپنی جگہ میں بیٹھوں گا میں دھیان رکھّوں گا ۔دُھوپ کے وقت سخت حرارت کی مانند اَور فصلِ گرما کے وقت شبنم کے بادِل کی مانند ۔ 5 ۔کیونکہ فصل پکنے سے پہلے جس وقت روئیدگی پُختہ ہُوئی اَور پھُول پکنے والے انگُور بن گئے ہیں ٹہنیاں ہنسوے سے کاٹی جائیں گی اَور شاخیں کھینچ کر جُدا کی جائیں گی۔ 6 ۔ اَور وہ سب پہاڑوں کے شِکاری پرندوں اَور میدان کے درندوں کے لئے چھوڑے جائیں گے ۔تو شکاری پرندے اُن پر موسم گرما گزاریں گے اَور زمین کے درندے اُن پر موسم سرما کاٹیں گے ۔ 7 ۔ اُس وقت ربُّ الافواج کے نام مَسکن میں یعنی کوِہ صیُون پر ربُّ الافواج کے پاس ہدئیے اُس قوم کی طرف سے پہنچائے جائیں گے جو قد آور اَور صاف رُوہے یعنی اُس قوم کی طرف سے جو آگے کو ہولناک ہوگی ۔اُس کُچلنے اَور پامال کرنے والی قوم کی طرف سے جس کی سَر زمین کو دریا تقسیم کرتے ہیں۔