1 ۔ دَمِشؔقؔ پر فتویٰ دَمشقؔ کی بابت بارِ نُبوّت۔ دیکھ۔ دَمشق شہروں کے درمیان سے دُور کیا جائے گا اَور وہ بربادی کا ڈھیر ہوگا ۔ 2 ۔ اُس کے شہر ہمیشہ کے لئے وِیران ہوں گے ۔وہ گلّوں کے لئے ہوں گے جو اُس میں بیٹھیں گے اَور کوئی اُنہیں نہ ڈرائے گا۔ 3 ۔ اَور اَفرائیم سے قِلعہ اَور دَمشق اَور باقی ماندہ اَرام سے مَملُکَت جاتی رہے گی ۔تو اُن کی شوکت بنی اسرائیلؔ کی شوکت کی طرح ہوگی ۔ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 4 ۔ اَوراُس روز یِعقُوبؔ کی شوکت گھٹ جائیگی اَور اُس کا موٹا گوشت دُبلا ہو جائے گا ۔ 5 ۔اور وہ ایسا ہو گا۔ جیسے جمع کرنے والے نے غلّہ جمع کیا ۔اَور اُس کے بازوؤں نے گیہوں کی بالوں کو اُٹھایا۔اَِور وہ ایسا ہوگا۔جیسے کوئی وادی رفائیم میں بالوں کوچنے۔ 6 ۔ اَور اُس میں فَقط تھوڑا سا پھَل باقی رہے گا ۔جیسے کہ جب زیتُون کا درخت ہلایا جائے ۔اَور دو یا تین دانے ٹہنی کے سر پر اَور چار پانچ پھلدار شاخ پر باقی ہوں ۔خُداوند اِسراؔئیل کا خُدا فرماتا ہے ۔ 7 ۔ اُس روز اِنسان اپنے بنانے والے کی طرف نظر کرے گا ۔اَور اُس کی آنکھیں اَسرائیؔل کے قُدّوس کو دیکھیں گی ۔ 8 ۔ اَور وہ اُن مذَبحوں پر جو اُس کے ہاتھ نے بنائے نظر نہ کرے گا۔اَور نہ اُن کھمبوں اَور ستُونوں ہی کی پروا کرے گا جو اُس کی اُنگلیوں نے بنایا ۔ 9 ۔ اُس روز تیرے فصیل دار شہر اُس طرح چھوڑے جائیں گے جس طرح بنی اِسراؔئیل کے سامنے سے حوِیّوں اَور اموریوں کے شہر چھوڑے گئے ۔اَور ویرانہ ہوگا۔ 10 ۔ اِس لئے کہ تُو نے اپنے مُخلص خُدا کو فراموش کیا اَور اپنی قُوّت کی چٹان کو یاد نہ رکھّا ۔اِس لئے تُو خُوشمنُما کیاریاں لگائے گا اَور اجنبی کونپلوں کا بیج بوئے گا۔ 11 ۔لگانے کے دِن تُو اُس پر باڑ لگائے گا اَور ہر صُبح تُو پرورش کرے گا۔ لیکن اُس کا پھل دُکھ اَور سخت مُصیبت کے دِن میں جاتا رہے گا۔ 12 ۔ واہ ! بہُت قوموں کا شور ! وہ سُمندروں کی گرج کی طرح غُل کرتے ہیں ۔اَور اُمّتوں کا شور شار ۔وہ کثیر پانی کے شور کی طرح شور مچاتی ہیں۔ 13 ۔ وہ اُسے دھمکائے گا ۔اَور وہ دُور بھاگ جائے گا۔اَور پہاڑوں کی گَرد کی طرح ہَوا کے سامنے اُور بھُو سے کی مانند بگُولے کے آگے رگیدا جائے گا ۔ 14 ۔ شام کے وقت دیکھ ہلاکت ہے۔! صُبح ہونے سے پہلے وہ نیست ہوگا ۔یہی اُن کا حِصّہ ہے جو ہمیں غارت کرتے ہیں ۔اَور یہ اُن کا حِصّہ ہےجو ہمیں لُوٹتے ہیں ۔