1 ۔ مسیح کی بادشاہی کیونکہ خُداوند یَعقُؔوبؔ پر رحم فرمائے گا۔ اَور اسراؔ ئیل کو دوبارہ چُنے گا اَور اُن کی اپنی سَر زمین میں اُنہیں بسائے گا اَور پردیسی اُن کے ساتھ ملے گا۔اَور یَعقُوبؔ کے گھر کے ساتھ پَیوند ہوجائے گا۔ 2 ۔ اَور قومیں اُنہیں لائیں گے اَور اُن کے مکان میں اُنہیں پہُنچائیں گی اَور اسراؔئیل کا گھرانا خُداوند کی زمین میں اُنہیں غُلام اَور لونڈیاں بنا کر رکھّے گا ۔اَور جنہوں نے اُنہیں اسیر کیا تھا اُنہیں وہ اسیر کریں گے اَور اپنے جابروں پر حُکومت کریں گے۔ 3 ۔ اُور اُس روز خُداوند تُجھے تیری محنِت اَور مُشقت سے اَور اُس غُلامی سے راحت بخشے گا جس سے تُم خدمت کرتے تھے۔ 4 ۔شاہِ بابل پر نوحہ تب تُو شا ہ بابؔل پر یہ مِثل لائے گا ۔اَور کہے گا۔ظلُم کرنے والا کیسے جاتا رہا؟ شور کیسے موقُوف ہُوا۔ 5 ۔خُداوند نے شریروں کی لاٹھی اَور حاکمِوں کی چھڑی توڑی ۔ 6 ۔ جو اُمّتوں کو غُصّے میں پے در پے ضَرب لگا تے تھے ۔اَور قوموں پر غضب سے حُکومت کرتے اَور اُن پر سخت ظُلم کرتے تھے۔ 7 ۔ ساری زمین نے آرام پایا اَور ساکن ہُوئی۔ اَور لوگوں نے یکایک گیت گانا شرُوع کیا۔ 8 ۔ صنوبر کے درخت اَور لُبنانؔ کے دیودار تُجھ پر خُوشی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب سے تُو سو گیا ۔کوئی ہمیں کاٹنے کے لئے نہ آیا۔ 9 ۔ نیچے سے پاتال تیری آمد کے استقبال میں جُنبش کھاتا ہے۔ اَور وہ تیری خاطِر مُردوں کی ُروحوں یعنی زمین کے تمام رئیسوں کو اُٹھاتا ہے ۔وہ قوموں کے تمام بادشاہوں کو اُن کے تختوں پر سے اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔ 10 ۔ وہ سب بول اُٹھیں گے اَور کہیں گے کہ تُو بھی ہماری مانند عاجِز ہُؤا۔ اَور ہماری مِثل بن گیا۔ 11 ۔ تیری عظمت اَور تیری سارنگیوں کی آواز پاتال تک نیچے اُتاری گئی۔ کیڑے تیرا فرش بنیں گے اَور کِرم تیرا بالا پوش ہوں گے۔ 12 ۔ اَے روشن سِتارے ! اَے فجرکے فرزند ! تُو کیسے آسمان سے گِر گیا ؟ اَے قوموں پر زبردستی کرنے والے ! تُو کیسا زمین تک کاٹا گیا؟ 13 ۔تُو جو اپنے دِل میں کہتا تھا کہ میں آسمان پر چڑھوں گا مِیں خُدا کے سِتاروں سے اپنا تخت اُونچا کُروں گا اَور میں شِمال کی اطراف میں جماعت کے پہاڑ پر بیٹھوں گا۔ 14 ۔ میں بادِلوں کی بُلندیوں کے اُوپر چڑھوں گا ۔اَور میں حَق تعالیٰ کی مانند ہُوںگا۔ 15 ۔ لیکن تُو پاتال میں یعنی گڑھے کی تہہ میں نیچے اُتارا گیا۔ 16 ۔ جو تُجھے دیکھتے ہیں وہ تُجھ پر تاک لگا کر غور کرتے ہیں ۔کہ کیا یہ وہی آدمی ہے جس نے زمین کو ہلایا۔اَور مَملکُتوں کو جُنبش دی ۔ 17 ۔ جس نے دُنیا کو ویرانہ کی طرح کر دِیا۔اُس کے شہروں کو ڈھا دِیا اَور جس نے قیدیوں کو اُن کے اپنے گھروں میں جانے نہ دِیا۔ 18 ۔تمام قوموں کے سب بادشاہ ہر ایک اپنے گھر میں عِزّت کے ساتھ سوگئے۔ 19 ۔ لیکن تُو مکُروہ مُردار کی مانند اپنی قبر سے دُو ر پڑا ہُؤا ہے۔تُو پامال کی ہُوئی نعش کی طرح اُن مقتُولوں سے ڈھانپا گیا جو تلوار سے چھیدے گئے ۔یعنی اُن سے جو گڑھے کی تہہ میں نیچے اُترے ہیں۔ 20 ۔ دفن کئے جانے میں بھی تُو اُن کے ساتھ نہ ہوگا کیونکہ تُو نے اپنے مُلک کو برباد کیا۔ اَور اپنی رعایا کو قتل کیا۔ بدکرداروں کی نسل کااَبد تک کبھی ذِکر نہ کیا جائے گا۔ 21 ۔ اُس کے فرزندوں کے لئے قتل کے سامان اُن کے باپ دادا کے گُناہوں کے باعث تیار کرو۔ وہ نہ اُٹھیں گے اَور نہ زمین کے وارِث ہوں گے اَور نہ رُوئے زمین کو شہروں سے بھریں گے۔ 22 ۔کیونکہ ربُّ الا فواج فرماتا ہے ۔میں اُن کے خِلاف اُٹھوں گا اَور بابؔل سے نام اَور بَقیّہ اَور نسل اَور اَولاد نابُود کُروں گا۔خُداوند فرماتا ہے۔ 23 ۔ اَور میں اُسے خار پُشتوں کی مِیراث اَور پانی کی جھیلیں بناؤں گا۔اَور فنا کے جھاڑو سے اُس میں جھاڑو دُوں گا۔ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 24 ۔اسّورؔ کی سزا ربُّ الافواج نے قسم کھا کر فرمایا ہے کہ جو میں نے سوچا وہی ہوگا ۔اَور جو میں نے اِرادہ کیا ویسا ہی واقع ہوگا ۔ 25 ۔ میں اسّورؔ کو اپنی سَر زمین میں شِکسَت دُوں گا ۔اَور اپنے پہاڑوں پر اُسے پامال کرُوں گا۔تب اُس کا جُو ا اُن پر سے ہٹایا جائے گا ۔اَور اُس کا بوجھ اُن کے کندھوں پر سے اُتارا جائے گا۔ 26 ۔ یہ وہ منصوبہ ہے جس کا میں نے تمام زمین پر حُکم دِیا ۔اَور یہ وہ ہاتھ ہے جو سب قوموں پر بڑھایا گیا ہے۔ 27 ۔ کیونکہ ربُّ الافواج نے یُوں فیصلہ کیا تو کون اُسے منُسوخ کرے گا؟ اَور اُس کا ہاتھ بڑھایا گیا ہے تو کون اُسے پیچھے کو ہٹائے گا؟ 28 ۔فلستین کی سزا جس سال میں آخز بادشاہ مَر گیا ۔اُسی میں یہ بارِ نُبوّت پایا گیا ۔ 29 ۔ اَے کُل فلستین تُو خُوشی نہ کر۔ کہ تیرے مارنے والے کی چھڑی ٹوٹ گئی۔کیونکہ سانپ کی جڑ سے سانپ نِکلے گا۔ اَور اُس کی نسل اُڑنے والا اَژدہا ہوگا۔ 30 ۔ میرے پہاڑ پر غریبوں کو کھانا کھلایا جائے گا۔ اَور مِسکین اِطمینان سے بسیں گے۔جب کہ میں تیری جَڑکو کال سے مارُوں گا ۔اَور وہ تیرا بَقیّہ قتل کرے گا۔ 31 ۔ اَے پھاٹک ! واویلا کر ۔اَے شہر ! چلّا۔ اَے تمام فلستین لرزاں ہو۔ کیونکہ شِمال سے دُھواں آئے گا۔ اَور اُس کی صفوں میں کوئی اکیلا نہ ہوگا ۔ 32 ۔ قوموں کے قاصدوں کو کیا جَواب دِیا جائے گا؟ یہ کہ خُداوند نے صیون کو تعمیر کیا اَور اُس کے مِسکین اُس کی پناہ لیں گے۔