1 ۔ بابؔل کی بربادی باؔبل کی بابت وہ بار نُبوّت جو یسعیاہ بِن آموؔص نے رُؤیا میں پائی۔ 2 ۔تُم ننگے پہاڑ پر جھنڈا لہرا۔ اُنہیں آواز سے پُکارو۔ ہاتھ بڑھاؤ۔تاکہ وہ اُمراء کے پھاٹک سے داخِل ہوں۔ 3 ۔ میں نے اپنے مخصوص شُدہ لوگوں کو حُکم دِیا ۔میں نے اپنے اُن بَہادُروں کو اپنے غضب کے لئے بُلایا جو فخر سے للکارتے ہیں۔ 4 ۔ پہاڑوں پر گویاہجوم عظیم کا وہ شور سُنو۔ مُمالک اَور جمع شُدہ اقوام کا وہ شورشار سُنو۔ربُّ الافواج جنگ کے لئے لشکر کی گنتی کر رہا ہے۔ 5 ۔ وہ دُور دراز ملک سے بلکہ آسمان کی اِنتہا سے آتے ہیں۔ خُداوند اَور اُس کے غضب کے اَوزار تاکہ زمین کو برباد کریں ۔ 6 ۔تُم واویلا کرو۔کیونکہ خُداوند کا دِن قریب ہے۔ وہ قادرِ مُطلق کی قُدرت کے ساتھ آتا ہے۔ 7 ۔ اِس لئے سب ہاتھ ڈِھیلے ہو جائیں گے اَور ہر ایک آدمی کا دِل پگھل جائے گا ۔ 8 ۔اَور وہ خوفزدہ ہوں گے۔جانکنی اَور غمگینی اُنہیں آپکڑے گی اَور وہ اُس عورت کی طرح ڈریں گے جِسے دردِزِہ لگے ہوں۔ وہ ایک دوُسرے کو حیران ہوکرتاکیں گے اَور اُن کے چہرے شُعلہ نُما ہوں گے۔ 9 ۔ دیکھ خُداوند کا دِن آتا ہے یعنی غضب اَور غُصّہ کے بھڑکنے کا بے رحم دِن تاکہ زمین کو ویران کرے اَور خطاکاروں کو اُس میں سے نابُود کرے۔ 10 ۔کیونکہ آسمان کے ستارے اوراُن کے بُرج اپنی روشنی نہ پڑیں گے اَور سُورج طُلُوع ہوتے ہی تارِیک ہوگا۔ اَور چاند اپنی روشنی سے نہ چمکے گا۔ 11 ۔اَور میں دُنیا کو اُس کی بَدی کے لئے اَور شریروں کو اُن کے گُناہوں کے لئے سزادُوں گا۔اَور میں مغرُوروں کی شیخی موقُوف کراؤُں گا اَور حُکمرانوں کی طاقت کو گِرادُو ں گا۔ 12 ۔ میں اِنسان کو سونے سے زیادہ قدر یافتہ اَور آدمی کو اَوؔفیر کے خالِص سونے سے زیادہ قیمتی کرُوں گا۔ 13 ۔ اِس لئے ربُّ الا فواج کے قہر کے سبب سے اُس کے غضب کے بھڑکنے کے دِن آسمان جُنبِش کھائے گا اَور زمین اپنی جگہ سے ہلے گی۔ 14 ۔ اَور وہ بھاگنے والی ہرنیوں کی مانند ہوں گے اَور اُن بھیڑوں کی طرح جنہیں کوئی اِکٹھا نہ کرے۔پس ہر ایک اپنی قوم کی طرف پھِرے گا اَور اپنے مُلک کو بھاگے گا۔ 15 ۔ اَور ہر ایک جو پایا جائے چھیدا جائے گا۔اَور ہر ایک جواسیر کیا جائے تلوار سے قتل کیا جائے گا۔ 16 ۔اُن کے چھوٹے بچّے اُن کی آنکھوں کے سامنے ٹکُڑے ٹکُڑے کئے جائیں گے ۔اُن کے گھر لُوٹے جائیں گے۔ اَور اُن کی عورتیں بے حُرمت کی جائیں گی ۔ 17 ۔ دیکھو میں مادیوں کو اُن پر چڑھا لاؤں گا ۔وہ چاندی کی پروا نہیں کریں گے اَور سونے سے خُوش نہ ہوں گے۔ 18 ۔اَور وہ لڑکوں کو قتل اَور لڑکیوں کر برباد کریں گے۔وہ رِحمِ کے پھَل پر رحم نہ کریں گے اَور چھوٹے بچّوں پر شفقت کی نگاہ نہ کریں گے ۔ 19 ۔اَور بابل جو مَملکُتوں کا فخر اَورکسدیوں کی عظمت کی رونق ہے۔وہ سدُوم اَور عمُورہ کی مانند ہو جائے گاجنہیں خُدا نے اُلٹ دِیا۔ 20 ۔اَور وہ پھر کبھی آباد نہ ہوگا۔اَور پُشت در پُشت اُس میں کوئی نہ بسے گا۔اَور عربی اُس میں خیمے نہ لگائیں گے ۔اَور نہ چرواہے وہاں اپنے گلّوں کو بٹھائیں گے ۔ 21 ۔بلکہ جنگلی بِلّیاں وہاں بیٹھیں گی اَور اُن کے گھر اُلّوؤں سے بھرے ہوں گے اَور شُتر مُرغ وہاں بسیں گے اَور جنگلی بکریاں وہاں ناچیں گی۔ 22 ۔ اَور گیڈر اُس کے عالی شان مکانوں میں اَور بھیڑئیے اُس کے رنگ محلّوں میں چلّائیں گے۔پس اُس کا وقت قریب ہے۔ اَور اُس کے ایّام کے پُورا ہونے میں تاخیر نہ ہوگی۔