1 ا۔انتقام بارھویں مہینہ یعنی اداؔر مہینہ کی تیرھویں تارِیخ کو۔ جب کہ بادشاہ کے حُکم و فرمان کی تعمیل کا وقت نزدِیک آ پُہنچا۔ جس روز یہُودیوں کے دُشمن اُن ہر غالِب ہونے کی اُمیّد رکھتے تھے۔ یہ بات اُلٹ گئی اَور یہُودی اپنے مُخالفوں پر غالِب ہو کر اُن سے اِنتقام لینے لگے۔ 2 ۔تو اخسویرس کے تمام صُوبوں میں یہُودی اپنے اپنے شہروں میں جمع ہو گئے۔ تاکہ اُن سب پر ہاتھ ڈالیں جو اُن کے بَدخواہ تھے۔ تو اُن کے سامنے کوئی کھڑا نہ ہُؤا۔ کیونکہ سب لوگوں پر اُن کا خوف چھایا ہُؤا تھا۔ 3 ۔اَور صُوبوں کے تمام اُمراء اَور نواب اَور حاکِم اَور بادشاہ کے کام کے مُختار یہُودیوں کی مدد کرتے تھے۔ کیونکہ مردکی کا رُعب اُن پر چھا گیا۔ 4 ۔اِس لئے کہ مردکی شاہی محلّ میں عظمت یافتہ تھا۔اَور تمام صُوبوں میں اُس کا شہرہ ہو گیا۔ کیونکہ مردکی ترقی پر ترقی کرتا گیا۔ 5 ۔اَور یہُودیوں نے اپنے تمام دُشمنوں کو تلوار کی ضَرب سے مارا اَور قتل کِیا اَور ہلاک کِیا اَور اپنے مُخالفوں کے ساتھ جو چاہا کِیا۔ 6 ۔قصرِ سوسؔن میں یہُودیوں نے پانچ سو آدمی قتل اَور ہلاک کئے۔ 7 ۔اَور پرشنداتا اَور دَلفون اَور اسپاتا۔ 8 ۔پوراتا اَور اَدّلیاہ اَورراردتا۔ 9 ۔اَور پرمشتا اَور اریسی اَور اردی اَور ویزاتا۔ 10 ۔یعنی یہُودیوں کے دُشمن ہاماؔن بِن ہمدّاتا کے دس بیٹوں کو اُنہوں نے قتل کِیا مگر اُن کی لُوٹ پر ہاتھ نہ ڈالا۔ 11 ۔اُسی روز مقتوُلوں کا شُمار بادشاہ کے حضُور میں بتایا گیا۔ 12 ۔تو بادشاہ نے آستر مَلکہ سے کہ۔ کہ قصرِ سوسؔن میں یہُودیوں نے پانچ سو آدمی مع ہاماؔن کے دس بیٹوں کے قتل اَور ہلاک کئے۔ تو باقی شاہی صُوبوں میں اُنہوں نے کیا کُچھ نہ کِیا ہوگا؟اَب تیری کیا درخواست ہے؟ وہ پُوری کی جائے گی۔ 13 ۔تب آستر نے کہا۔ کہ اگر بادشاہ کے نزدِیک مُناسِب ہو۔ تو سوسؔن کے یہُودیوں کو اِجازت ہو۔ کہ جیسااُنہوں نے آج کِیا ہے۔ ویسا ہی کَل بھی کریں۔ اَور ہاماؔن کے دس بیٹوں کو پھانسیوں پر لٹکائیں۔ 14 ۔توبادشاہ نے حُکم دِیا۔ کہ ایسا ہی کِیا جائے۔ اَور سوسؔن میں یہ حُکم صادِر ہُؤا۔ سو ہاماؔن کے دس بیٹے لٹکائے گئے۔ 15 ۔اَور اداؔر مہینہ کی چودھویں تارِیخ کو بھی سوسؔن کے یہُودی جمع ہوئے۔ اَور اُنہوں نے سوسؔن میں تین سو آدمی قتل کئےِ مگر اُن کی لُوٹ پر ہاتھ نہ ڈالا۔ 16 ۔اَور شاہی صُوبوں کے باقی یہُودی بھی جمع ہُوئے۔ اَور اپنی جانوں کے لئے کھڑے ہُوئے۔ اَور اپنے دُشمنوں سے آرام پایا۔ اَور کِینہ وروں کو مارا یہاں تک کہ اُنہوں نے پندرہ ہزار مَرد قتل کئے۔ لیکن لُوٹ پر اپنے ہاتھ نہ بڑھائے۔ 17 ۔یہ اُنہوں نے اداؔر کے مہینہ کی تیرھویں تارِیخ کو کِیا۔ اَور چودھویں تارِیخ کو آرام کِیا۔ اَور اُسے ضِیافت اَور خُوشی کا دِن ٹھہرایا۔ 18 ۔لیکن وہ یہُودی جو سوسؔن میں تھے۔ وہ تیرھویں تارِیخ کو اور چودھویں تارِیخ کو بھی جمع ہُوئے ۔ سو اُنہوں نے پندرھویں تارِیخ کو آارم کِیا۔ اَور اپسے ضِیافت اَور خُوشی کا دِن ٹھہرایا۔ 19 ۔ جب کہ دیہاتی یہُودیوں نے جو بے فصِیل بستیوں میں رہتے تھے اداؔر مہینہ کی چودھویں تارِیخ کو خُوشی اَور ضِیافت کا دِن اَور ایک ایسی عید ٹھہرائی جس میں ایک دُوسرے کو تحفے بھیجتے ہیں۔ 20 ۔ مردکی اور آستر کے خطوط اَور مردکی نے یہ تمام اُمور لِکھے اَور اُن سب یہُودیوں کو مانے بھیجے جو اخسویرس کے تمام صُوبوں میں کیا قریب کیادور رہتے تھے۔ 21 ۔اَور اُن کے لئے مُقرّر کِیا کہ اداؔر مہینہ کی چودھویں اَور پندرھویں تارِیخ کو ہر سال عید کِیا کریں۔ 22 ۔یہ دو دِن جِن میں یہُودیوں نے اپنے دُشمنوں سے آرام پایا۔ اَور وہ مہینہ جِس میں اُن کا غم خُوشی میں اَور نَوحہ شادمانی میں تبدیل ہُؤا۔ تاکہ اُنہیں ضِیافت اَور خُوشی اَور ایک دُوسرے کو تحفے بھیجنے اَور غریبوں کو عطیّہ دینے کی عید ٹھہرائِیں۔ 23 ۔سو یہُودیوں نے جس طرح کہ اُنہوں نے کرنا شرُوع کِیا تھا۔ اَور جیسا مردکی نے اُنہیں دستُور کی بابت لکِھا تھا۔ اُسی طرح مُقرّر کِیا۔ 24 ۔کیونکہ تمام یہُودیوں کے دُشمن ہاماؔن بِن ہمدّاتا اجاجی نے یہُودیوں کے ہلاک کرنے کے لئے سازِش کی تھی اَور پُوؔر یعنی قُرعہ ڈالا تھا۔ تاکہ اُنہیں فنا بلکہ نیست و نابوُد کرے۔ 25 ۔پر آستر بادشاہ کے حضوُر میں آئی۔ تو اُس نے نامے بھیج کر حُکم دِیا۔ کہ وہ بُری تجویز جو اُس نے یہُودیوں کے خلاف کِیا تھا۔ اُسی کے سر پر لَوٹے۔ اَور کہ وہ اَور اُس کے بیٹے پھانسیوں پر لٹکائے جائیں۔ 26 ۔اِس لئے پُوؔر کے نام سے اخذ ہو کر یہ دو دِن پَوریم کہلائے۔ اَور اِ س واسطے اُس نامے کی تمام باتوں کے سبب سے اَور جو کُچھ اُنہوں نے اُس کی بابت دیکھا تھا۔ اَور جو کُچھ اُن پر واقع ہُؤا۔ اُس کے سبب سے بھی۔ 27 ۔یہُودیوں نے دستُور بنایا اَور اپنے آپ پر اَور اپنی نسل پر اَور اُن سب پر بھی جو اُن کے ساتھ مِل گئے تھے۔ واجِب ٹھہرایا۔ کہ اُن دو دِنوں کو اِس نوِشت کے مُطابِق ہر برس مُقرّرہ وقت پر مانتے رہیں گے۔ 28 ۔اَور کہ وہ یاد رکھّے جائیں۔ اَور پُشت در پُشت ہر خاندان اَور ہر صُوبہ اَور ہر شہر میں مانے جائیں۔ اَور کہ پَوریم کے یہ دو دِن یہُودیوں کے درمیان باطِل نہ کئے جائیں۔ اَور اُن کی یاد آوری اُن کی اولاد میں سے کبھی موقُوف نہ ہو۔ 29 ۔اَور ابیخیل کی بیٹی آستر مَلکہ اَور مردکی یہُودی نے پُورے اِختیار سے لِکھا۔ کہ پَوریم کا یہ دُوسرا خط قائم رکھّا جائے۔ 30 ۔اَور اخسویرس بادشاہ کی مَملُکَت کے ایک سَو ستائیس صُوبوں میں تمام یہُودیوں کو سلامتی اَور راستی کی بات سے نامے بھیجے گئے۔ 31 ۔تاکہ پوَریم کے اُن دو دِنوں کو مع اُن کے روزہ اَور مرثیوں کے قائم رکھیں۔ جیسا کہ مردکی یہُودی اَور آستر مَلکہ نے دستُور ٹھہرایا۔ اَور جیسا کہ اُنہوں نے اپنے اَور اپنی نسل پر واجِب کِیا۔ 32 ۔اَور آستر کے حُکم سے پَوریم کی اُن رُسوم کی تصدیق ہُوئی ۔ اَور یہ کِتاب میں لِکھا گیا۔