باب

1 ۔ مردکی کی سرفرازی اُسی روز اخسویرس بادشاہ نے یہُودیوؔں کے دشمن ہاماؔن کا گھر آستر مَلکہ کو عطا کِیا۔ اَور مردکی بادشاہ کے حضُور آیا۔ کیونکہ آستر مَلکہ نے اُسے اپنی رِشتہ داری کی خبر دی تھی۔ 2 ۔اَور بادشاہ نے اپنی خاتم جو اُس نے ہامان سےلے لی تھی اُتار کر مردکی کو دی۔ اَور آستر نےمردکی کو ہاماؔن کے گھر پر مُقرّر کِیا۔ 3 ۔فرمانِ نو اَور آستر نے پِھر بادشاہ کے حضُور عرض کی اَور اُس کے قدموں پر گِری اَور روئی اَور مِنّت کی۔ کہ ہاماؔن اجاجی کی بَد خواہی اَور سازِش باطِل کی جائے جو اُس نے یہُودیوں کے خلاف کی تھی۔ 4 ۔تب بادشاہ نے سونے کا عصا آستر کی طرف بڑھایا۔ تو آستر اُٹھی اَور بادشاہ کے سامنے کھڑی ہُؤئی۔ 5 ۔اَورکہا۔ اگر بادشاہ کے نزدِیک اچھّا معلُوم ہو اَور میَں نے اُس کی نِگاہ میں مقبوُلِیّت پائی ہے۔ اَور اگر یہ اَمر بادشاہ کے نزدِیک مُناسِب ہو۔ اَور مُجھ پر اُس کی مہربانی کی نظر ہو ۔ تو نئے فرمان لِکھے جائیں کہ ہاماّن بِن ہمدّؔاتا اجاجی کے مجوّزہ نامےمنسُوخ کِئے جاتے ہیں۔ جِن کے مطُابِق بادشاہ کے تمام صُوبوں کے یہُودی زیر ہلاکت تھے۔ 6 ۔کیونکہ اُس خُون ریزی کو مَیں کیسے برداشت کُروں جو میری قوم پر واقع ہو گی۔ اَور اپنے ہم قوموں کی ہلاکت مَیں کِس طرح دیکھُوں؟ 7 ۔ تب اخسویرس بادشاہ نے آستر مَلکہ اَور مردکی یہُودی سے کہا۔ کہ دیکھ مَیں نے ہاماؔن کا گھر آستر کو عطا کِیا ہے۔ اَور وہ پھانسی پر لٹکایا گیا ہے۔ کیونکہ اُس نے یہُودیوؔں پر ہاتھ اُٹھانے کی جُرات کی۔ 8 ۔ پس تُم بادشاہ کے نام سے جیسا تُمہیں پسند ہویہُودیوں کو لِکھو اَور شاہی خاتم سے اُس پر مُہر لگاؤ۔ کیونکہ جو نوِشت بادشاہ کے نام سے لِکھی گئی اَور اُس پر شاہی خاتم سے مُہر لگائی گئی وہ ردّ نہیں کی جا سکتی۔ 9 ۔تب پہلے مہینہ یعنی نیساؔن مہینہ کی تیئسویں تارِیخ کو بادشاہ کے مُحرّر بُلائے گئے۔ اَور مردکی کے کہنے کے مُطابِق یہُودیوں اَور نوّابوں اَور عامِلوں اَور صُوبوں کے حاکموں کو ہند سے لے کر کوش تک ایک سو ستائیس صوبوں میں صُوبہ صُوبہ کے طرزِ کِتابت اَور قوم قوم کی زُبان اَور یہُودیوں کے طرزِ کِتابت اَور زُبان میں بھی لِکھا گیا۔ 10 ۔یہ فرمان اخسویرس کے نام سے لِکھا گیا۔ اَور اُس پر شاہی خاتم کی مُہر لگائی گئی۔ اَور یہ نامے شاہی گھوڑوں پر سَوار ہَرکاروں کے ہاتھ پُہنچائے گئے۔ 11 ۔اَور اُن میں بادشاہ نے ہر شہر کے یہُودیوں کو اِجازت دی کہ فراہم ہو کر اپنی جانوں کے لئے کھڑے ہوں۔ اَور تمام صُوبوں اَور قوموں کے اُن لوگوں کو جو اُن پر حملہ آور ہوں مع اُن کے بچوّں اَور عورتوں کے قتل کریں اَور نابوُد کریں اَور اُن کا مال و اسباب لُوٹ لیں۔ 12 ۔یہ اخسویرس بادشاہ کے تمام صُوبوں میں بارھویں مہینہ یعنی اداؔر مہینہ کی تیرھویں تارِیخ کو ایک ہی دِ ن میں ہو۔ 13 ۔ یہودیوں کی خوشی اُس تحریر کی ایک ایک نقل سب قوموں کے لئے شائع کی گئی۔ کہ اُس فرمان کا اِعلان ہر صُوبہ میں کِیا جائے۔ تاکہ یہُودی اُس روز اپنے دُشمنوں سے اِنتقام لینے کے لئے تیاّر ہوں۔ 14 ۔سو بادشاہ کے حُکم سے ہرَکارے شاہی گھوڑوں پر سَوار ہو کر جلد نِکلے۔ اَور قصرِ سوسؔن میں بھی یہ فرمان دِیا گیا۔ 15 ۔اَور مردکی بادشاہ کے حضُور سے فیروزی اَور سفید خلِعت میں اَور سونے کا ایک عُمدہ تاج رکھّےاَور کَتانی اَور اَرغوانی پوشاک پہنےہُوئے باہر نِکلا۔ اَور سوسؔن شہر خُوش اَور شادمان ہُؤا۔ 16 ۔اَور یہُودیوں کے لئے رونق اَور فرحت اَور سرُور اَور عِزّت تھی۔ 17 ۔اَور ہر ایک صُوبہ اَور شہر میں جہاں شاہی حُکم و فرمان وارِد ہُؤا۔ یہُودیوں کے لئے خُوشی اَور شادمانی اَور ضِیافت اَور عید کا دن تھا۔ اَور اُس مُلک کی قوموں میں سے بُہت لوگ یہُودی ہو گئے۔ کیونکہ یہُودیوں کا خوف اُن پر چھا گیا تھا۔