1 ۔ قتلِ یہود کا فرمان اَور اِ ن باتوں کے بعد اخسویرس بادشاہ نے ہاماؔن بِن ہمداتاؔاجاجی کو ترقی بخشی۔ اَور اُسے سرفراز کِیا۔ اَور اُس کی چوکی کو اُن سب اُمراء کی چوکیوں سے اُونچا کِیا جو اُس کے ساتھ تھے۔ 2 ۔اَور بادشاہ کے سب خادِم جو بادشاہ کے دروازے پر تھے ہاماؔن کے آگے گھُٹنے ٹیکتے اور سجدَہ کرتے تھے۔ کیونکہ بادشاہ کا ایسا ہی حُکم تھا۔ لیکن مردکی نہ گُھٹنے ٹیکتا اَور نہ سجدَہ کرتا تھا۔ 3 ۔تو بادشاہ کے خادِموں نے جو دروازہ پر تھے مرد کی سے کہا۔ کہ تُو کِس لئے بادشاہ کے حُکم کی نافرمانی کرتا ہے؟ 4 ۔اَور جب وہ اُس سے روبروز یُوں ہی کہتے تھے اَور وہ نہ سُنتا تھا۔ تو اُنہوں نے ہاماؔن کو خبر دی تاکہ دیکھیں آیا مردکی اپنی بات پر قائم رہتا ہے یا نہیں۔ کیونکہ اُس نے اُنہیں بتایا تھا کہ میَں یہُودی ہُوں۔ 5 ۔جب ہاماؔن نے دیکھا کہ مردکی نہ گھُٹنے ٹیکتا اَورنہ مُجھے سجدَہ کرتا ہے۔ تو غُصّہ سے بھر گیا۔ 6 ۔لیکن اُس کی نِگاہ میں یہ بات معموُلی تھی کہ فقط مرد کی پر ہاتھ ڈالے۔ کیونہ اُس نے سُنا تھا کہ وہ یہُودی قوم کا ہے۔ پس ہاماؔن نے اِرادہ کِیا۔ کہ مردکی کی قوم یعنی تمام یہُودیوں کو ہلاک کرے جہاں کہیں بھی وہ اخسویرس کی مَملُکَت میں پائے جاتے تھے۔ 7 ۔اَور اخسویرس کی سَلطنَت کے بارھویں سال کے پہلے مہینہ یعنی نِیسان کے مہینہ میں ہاماؔن کے آگے پُور یعنی قُرعہ ڈالا گیا کہ کِس دِن اور کون سےمہینہ میں مردکی کی قوم کوقتل کِیا جائے تو بارھویں مہینہ یعینی اداؔر مہینہ کی تیرھویں تارِیخ نِکلی۔ 8 ۔اَور ہاماؔن نے اخسویرس بادشاہ سے کہا۔ کہ تیری مَملُکَت کے تمام صُوبوں میں ایک قوم پراگندہ اَور دُوسری قوموں سے علیٰحدہ ہے اُن کے دستُور باقی تمام اقوام کے دستُوروں کے خلاف ہیں۔ اَور جو بادشاہ کے قَوانین کو حقِیر جانتے ہیں۔ اَس لئے بادشاہ کو مُناسِب نہیں کہ اُنہیں چھوڑے ۔ 9 ۔سو اگر بادشاہ کے نزدِیک اچھّا معلُوم ہو۔ تو اُنہیں ہلاک کرنے کا فرمان جاری کِیا جائے۔ اَور میں چاندی کے دس ہزار قنطار کار مُختاروں کے ذریعہ شاہی خزانوں میں وزن کر کے جمع کُروں گا۔ 10 ۔تب بادشاہ نے اپنے ہاتھ سے خاتم اُتاری۔اَور ہاماؔن بِن ہمداؔتا اجاجی یہُودیوں کے دُشمن کو دی۔ 11 ۔ اَور بادشاہ نے ہاماؔن سے کہا۔ کہ وہ چاندی تجھے بخشی گئی۔ اَور اِس قوم سے جیسا تُو مُناسِب سمجھے کر۔ 12 ۔تب پہلے مہینہ کے تیرھویں دِن بادشاہ کے محرر بُلائے گئے۔ اَور ہاماؔن کے کہنے کے مُطابِق بادشاہ کے سب نوابوں اَور صُوبوں کے حاکِموں اَور اقوام کے سرداروں کو لِکھا گیا۔ صُوبہ صُوبہ کے حُروف اَو ر قوم قوم کی زَبان میں اخسویرس بادشاہ کی طرف سے لِکھا گیا۔ اَور شاہی خاتم سے مُہر لگائی گئی۔ 13 ۔اَور یہ نامے ہَرکاروں کے ہاتھ بادشاہ کے تمام صُوبوںمیں بھیجے گئے کہ بارھویں مہینہ یعنی اداؔر مہینہ کی تیرھویں تارِیخ کو سب یہُودی کیا جو ان کیا ضعیف مع شِیر خَواروں اَور عورتوں کے ایک ہی دِن ہلاک اَور قتل اَور نابُود کِئے جائیں۔ اَور اُن کا مال اَسباب لُوٹ لِیا جائے۔ 14 ۔اَور یہی اُس خط کا مضمُون تھا۔ جس کے ذریعہ یہ حُکم سب صُوبوں میں بھیجا گیا۔ اَور سب قوموں میں مُشتہر کِیا گیا۔ تاکہ اُس دِن کے لئے تیار رہیں۔ 15 ۔اَور بادشاہ کے حُکم سے ہَرکارے جلدی سے چلے گئے۔ اَور فی الفور اُس فرمان کا قصرِ سوسؔن میں بھی اَعلان کِیا گیا۔ اَور جب کہ بادشاہ اَور ہاماؔن پینے کو بیٹھے ہُوئے تھے۔ تو سوسؔن شہر میں گھبراہٹ پڑ گئی۔