1 ۔ ساؤل اَور سمُوئیل کی مُلاقات اَور بِنیمیِن میں ایک مَرد تھا بنام قیس بِن ابی ایل بِن صرُوربِن بکورت بِن افیح بِنیمیِنی وہ بَہادُر اَور دلیر آدمی تھا۔ 2 ۔ اَور اُس کا ایک بیٹا ساؤل نامی تھا جو خوبصورت جوان تھا۔ کہ بنی اِسرائیل میں اُس سے زیادہ خُوبصُورت کوئی مَرد نہ تھا۔ اَور کندھوں سے لے کر اُوپر تک سب لوگوں سے قد میں لمبا تھا۔ 3 ۔ اَور ایسا اِتفاق ہوا۔ کہ ساؤل کے باپ قیس کی گدھےکھو گے۔ تو قیس نے اپنے بیٹے ساؤل سے کہا۔ کہ غُلاموں میں سے ایک کو اپنے ساتھ لے۔ اَور اُٹھ کر گدھوں کی تلاش میں جا۔ 4 ۔ پس وہ کوہ افرائیم سے ہوتے ہوئے سلیسہ کے علاقہ میں سے گُزرے۔ پر اُنہیں نہ پایا۔ تب وہ سعلیم کے علاقہ میں سے گُزرے تو وہ وہاں بھی نہ تھیں۔ تب وہ بِنیمیِن کے علاقہ کو گئے۔ اَور وہاں بھی اُنہیں نہ پایا۔ 5 ۔ جب وہ صوف کے علاقہ میں آئے۔ تو ساؤل نے اپنے غُلام سے جو اُس کے ساتھ تھا، کہا۔ آؤ ہم واپس جائیں۔ تاکہ میرا باپ گدھوں کو چھوڑ کر ہماری بابت فِکر مند نہ ہو۔ 6 ۔ تو غُلام نے اُس سے کہا۔ دیکھ اِس وقت اِس شہر میں ایک مَرِدِ خُدا ہے۔ اَور وہ عِزّت دار آدمی ہے۔ اَور سب جو کُچھ وہ کہتاہے پُورا ہوتاہے۔ پس آؤ ہم اُس کے پاس چلیں۔ شاید وہ ہماری اُس راہ پر ہدایت کرے جس میں ہمیں جانا چاہئے۔ 7 ۔ تب ساؤل نے اپنے غُلام سے کہا۔ کہ جب ہم اُس کے پاس جائیں۔ تو ہم اُس مَرد کے لئے کیا لے جائیں؟ ہمارے توشہ دانوں میں روٹی خرچ ہوچُکی ہے۔ اَور ہمارے پاس کوئی ہدیہ نہیں۔ کہ اُس مَرد کے لئے لے جائیں تو ہمارے پاس کیا ہے؟ 8 ۔ غُلام نے ساؤل کو پِھر جَواب میں کہا۔ کہ چوتھائی مثِقال چاندی میرے پاس ہے جو مَیں اُس مَردِ خُدا کی نَذَر کرُوںگا۔ کہ وہ ہماری راہ کی ہمیں ہدایت کرے۔ 9 ۔ اَور پہلے ایسا ہوتاتھا۔ کہ اِسرائیل میں سے اگر کوئی مَردِ خُداوند سے کُچھ پُوچھنے جاتاتو کہتاتھا۔ آؤ ہم غیب بِین کے پاس جائیں۔ کیونکہ جِسے ہم آج کَل نبی کہتے ہیں وہ گُزشتہ زمانے میں غیب بِین کہلاتاتھا۔ 10 ۔ لہٰذا ساؤل نے اپنے غُلام سے کہا۔ تُو نے خُوب کہا۔ آؤغیب بِین کے پاس چلیں۔ اَور وہ دونوں اُس شہر میں آئے۔ جس میں کہ مَردِ خُدا تھا۔ 11 ۔ اَور جب وہ شہر کی چڑھائی پر چڑھتے تھے۔ اُنہیں لڑکیاں ملِیں جو پانی بھرنے جاتی تھیں۔ اَور اُنہوں نے اُن سے کہا۔ کیا غیب بِین یہاں ہے؟ 12 ۔ اُنہوں نے جَواب میں کہا۔ ہاں۔ دیکھو وہ تُمہارے سامنے ہے۔ جلد جاؤ۔ کیونکہ آج ہی وہ شہر میں آیا ہے۔ اِس لئے کہ اُونچے مقام میں لوگوں کی قُربانی ہے۔ 13 ۔ جب تُم شہر کے اندر داخِل ہوگے۔ تو پیشتر اِس کے کہ وہ اُونچے مقام میں کھانے کے لئے جائے، تُم اُسے پاؤ گے۔ کیونکہ جب تک وہ نہ آئے۔ لوگ نہیں کھائیں گے۔ کیونکہ وہ قُربانی کو برکت دیتاہے۔ بعد اِس کے جِن کی دعوت کی گئی ہے وہ کھاتے ہیں۔ چُنانچہ تُم ابھی چڑھ جاؤ۔ کیونکہ آج ہی وہ تُمہیں ملِے گا۔ 14 ۔ تب وہ دونوں شہر کی طرف چڑھے۔ اَور جُونہی وہ شہر کے اندر داخِل ہوئے۔ دیکھو۔ سمُوئیل اُنہیں مِل پڑا۔ اَور وہ اُونچے مقام پر چڑھنے کے لئے جاتا تھا۔ 15 ۔ اَور خُداوند نے ساؤل کے آنے سے ایک دِن پیشتر سمُوئیل پرظاہر کردیا تھا ۔ 16 ۔ کہ کَل اِسی وقت بِنیمِین کے علاقے میں سے مَیں ایک مَرد کو تیرے پاس بھیجُوںگا۔ تو اُسے میرے لوگوں اِسرائیل کا حُکمران بننے کے لئے مَسح کر۔ وہ میرے لوگوںکو فلستیوں کے ہاتھ سے مُخلِصی دے گا۔ کیونکہ مَیں نے اپنے لوگوں پر نظر کی۔ اِس لئے کہ اُن کاچِلّانا مُجھ تک پُہنچا۔ 17 ۔ تو جب سمُوئیل نے ساؤل کو دیکھا۔ خُداوند نے اُس سے کہا۔ کہ یہ وہی آدمی ہے۔ جس کی بابت مَیں نے تُجھ سے کہا۔ وہی میرے لوگوں پر سَلطنَت کرے گا۔ 18 ۔ پس ساؤل پھاٹک کے درمیان سمُوئیل کے نزدِیک آیا اَور کہا۔ مُجھے بتا۔ کہ غیب بِین کا گھر کہاں ہے؟ 19 ۔ سمُوئیل نے جَواب میں ساؤل سے کہا۔ مَیں ہی وہ غیب بِین ہوں۔ لہٰذا تُم میرے آگے اُونچے مقام پر چڑھو۔ اَور آج میرے ساتھ کھانا کھاؤ۔ اَورکَل مَیں تُجھے روانہ کرُوں گا۔ اَور سب کُچھ جو تیرے دِل میں ہے تُجھے بتاوُںگا۔ 20 ۔ اَور تیرے گدھوں جو تین دِن سے کھوئے ہیں ۔ تُو اُن کی فکِر نہ کر۔ کیونکہ وہ مِل گئے۔ اَور اِسرائیل کی تمام عُمدہ چیزیں کِس کے لئے ہیں۔مگر تیرے لئے اَور تیرے باپ کے گھر کے لئے۔ 21 ۔ ساؤل نے جَواب میں کہا۔ کیامَیں بِنیمِین کا نہیں جو اِسرائیل کے قبیلوں میں سب سے چھوٹا ہے۔ اَور میرا خاندان بِنیمِین کے قبیلے کے تمام خاندانوں میں سب سے چھوٹا ہے۔ پس تُو ایسی بات مُجھ سے کیوں بولتا ہے؟ 22 ۔ اَور سمُوئیل ساؤل اَور اِس کے غُلام کو ساتھ لے کر مہمان خانہ کے اندر آیا۔ اَور مہمانوں میں جو قریباًتیس آدمی تھے۔ اُنہیں صدر جگہ میں بٹھایا۔ 23 ۔ اَور سمُوئیل نے باورچی سے کہا۔ کہ وہ حِصّہ جو مَیں نے تُجھے دِیا تھا اَور جس کی بابت مَیں نے تُجھے کہا تھا کہ اُسے اپنے پاس رکھّ چھوڑ، لے آ۔ 24 ۔ تب باورچی نے شانہ اَور جو کُچھ اُس کے اُوپر تھا، لِیا۔ اَور ساؤل کے سامنے رکھّا۔ اَور سمُوئیل نے کہا۔ دیکھ۔ یہ رکھّا گیا تھا۔ اِسے اپنے سامنے دھر اَور کھا۔ کیونکہ وہ اِس وقت تک تیرے لئے سنبھالا گیا تھا۔ جب مَیں نے لوگوں کو بُلایا۔ پس ساؤل نے اُس دِن سمُوئیل کے ساتھ کھانا کھایا۔ 25 ۔ پِھر وہ اُونچے مقام سے شہر کی طرف نیچے اُترے۔ اَور اُس نے ساؤل کے ساتھ چھت پر باتیں کیں۔ اَور اُس نے ساؤل کے لئے چھت پر بِستر لگوایا۔ اَور وہ سویا۔ 26 ۔ اَور صُبح ہونے کے وقت وہ اُٹھے۔ تو سمُوئیل نے ساؤل کو چھت پر سے بُلایا۔ اَور اُس سے کہا۔ اُٹھ کہ مَیں تُجھے روانہ کرُوں۔ تو وہ اُٹھا۔ تب وہ اَور سمُوئیل دونوں باہر گئے۔ 27 ۔ اَور جب وہ شہر کے کِنارے پر اُتررہے تھے۔ سمُوئیل نے ساؤل سے کہا۔ غُلام سے کہہ۔ کہ آگے آئے۔ اَور ہمارے سامنے سے گُزر جائے۔ لیکن تُو ابھی کھڑا رہ کہ مَیں خُداوند کا کلام تُجھے سُناوُں۔