باب

1 ۔ ساؤل کا مَسح اَور سمُوئیل نے تیل کی کُپّی لی اَور اُس کے سر پر اُنڈیلی۔ اَور اُسے چُوما۔ اَور اُس سے کہا۔ کہ اِس سے خُداوند نے تُجھے مَسح کرکے اپنی قوم اِسرائیل کا رہنُما ٹھہرایا۔ تُو ہی خُداوند کی قوم کی حِفاظت کرے گا۔ تُو ہی اُن کے اِردگِرد کے دُشمنوں سے اُنہیں مُخلِصی دے گا۔ اَور تیرے لئے اِس بات کا کہ خُداوند نے تُجھے مَسح کرکے اپنی مِیرَاث کا رہنُما ٹھہرایا۔ نِشان یہ ہوگا۔ 2 ۔ آج جب تُو مُجھ سے رُخصت ہوگا۔ تو بِنیمیِن کی حد کے درمیان ضِلضح میں راخل کی قبرکے پاس تُجھے دو آدمی مِلیں گے۔ اَور تُجھ سے کہیں گے۔ کہ وہ گدھے جِن کی تلاش میں تُوگیا تھا، مِل گئے ہیں۔ اَور تیرے باپ نے گدھوں کا خیال چھوڑا۔ اَور تُم دونوں کی فِکر میں ہے۔ اَور کہتا ہے۔ کہ مَیں اپنے بیٹے کے لئے کیا کرُوں۔ 3 ۔ اَور جب تُو وہاں سے آگے بڑھے گا۔ اَور دبورہ کے بلُوط تک پُہنچے گا۔ تو وہاں تُجھے تین آدمی مِلیں گے۔ جو بیت ایل میں خُدا کے حضُور جاتے ہوں گے۔ اُن میں سے ایک کے پاس بکری کے تین بچےّ اَور دُوسرے کے پاس تین روٹیاں اَور تیسرے کے پاس مَے کا مَشکِیزہ ہوگا۔ 4 ۔ اَور وہ تُجھے سلام کریں گے۔ اَور تُجھے دو روٹیاں دیں گے۔ تُو اُن کے ہاتھ سے لے لینا۔ 5 ۔ پِھر تُو خُدا کے پہاڑپر آئے گا۔ جہاں فلستیوں کی چوکی ہے۔ اَور وہاں سے تیرے شہر میں داخِل ہونے کے وقت تُجھے نبیوں کا ایک گروہ مِلے گا۔ جو اُونچے مقام سے نیچے اُترتا ہوگا۔ اَور اُن کے آگے سارنگیاں۔ خنجریاں۔ بانسریاں اَور بربطیں ہوں گی۔ اَور وہ نبُوّت کرتے ہوں گے۔ 6 ۔ تب خُداوند کی روح تجھ پر زور سے نازل ہو گی اَور تُو بھی اُن کے ساتھ نبُوّت کرے گا۔ اَور تُو دُوسرا آدمی بن جائے گا۔ 7 ۔ اَور جب یہ نِشانیاں تُجھ پر واقع ہوں تو جو کُچھ درپیش آئے، تُو کر۔ کیونکہ خُداوند تیرے ساتھ ہے۔ 8 ۔ اَور تُو مُجھ سے پہلے جِلجال کو اُتر جانا تو بعدازاں مَیں تیرے پاس آؤں گا۔ تاکہ سوختنی قُربانیاں چڑھاوُں۔ اَور سلامتی کے ذَبیحے ذَبح کرُوں۔ اَور تُو سات دِن تک وہاں ٹھہرنا۔ جب تک کہ مَیں تیرے پاس آکر تُجھے نہ بتاوُں کہ تُجھے کیا کرنا ہے۔ 9 ۔ اَور ایسا ہوا۔ کہ جب اُس نے سمُوئیل کے پاس سے روانہ ہوجانے کے لئے پیٹھ پھیری۔ خُدا نے اُس کا دِل بدل دِیا۔ اَور اُسی روز وہ سب نِشانیاں واقع ہوئیں۔ 10 ۔ اَور وہ پہاڑ کی طرف آیا۔ تو دیکھو نبیوں کا ایک گروہ اُسے مِلا۔ تب خدا کی رُوحِ اُس پرزور سے نازل ہوئی۔ تو وہ اُن کے ساتھ نبُوّت کرنے لگا۔ 11 ۔ جب اُن سبھوں نے جو اُسے پہلے سے جانتے تھے یہ دیکھا۔ کہ وہ نبیوں کے ساتھ نبُوّت کررہاہے۔ تو ایک نے دُوسرے سے کہا۔ کہ قیس کے بیٹے کو یہ کیا ہوگیا ہے۔ کیا ساؤل بھی نبیوں میں سے ہے؟ 12 ۔ تو وہاں سے ایک آدمی نے جَواب میں کہا۔ بھلا۔ اُن کا باپ کون ہے؟ اِس لئے یہ مِثل بن گئی۔ کیا ساؤل بھی نبیوں میں سے ہے؟ 13 ۔ اَور جب وہ نبُوّت ختم کرچُکا۔ تو اُونچے مقام میں آیا۔ 14 ۔تب ساؤل کے چچا نے اُس سے اَور اُس کے غُلام سے کہا۔ تُم دونوں کہاں گئے تھے؟ اُنہوں نے کہا گدھوں کی تلاش میں۔ اَور جب وہ ہمیں نہ مِلیں۔ تو ہم سمُوئیل کے پاس آئے۔ 15 ۔ ساؤل کا چچا بولا۔ مُجھے بتاؤکہ سمُوئیل نے تُم سے کیا کہا؟ 16 ۔ ساؤل نے اپنے چچا سے کہا۔ اُس نے ہمیں بتایا۔ کہ گدھےمِل گئے۔ لیکن سَلطنَت کی بات جو سمُوئیل نے اُس سے کہی تھی اُس نے نہ بتائی۔ 17 ۔ پِھر سمُوئیل نے لوگوں کو مصِفاَہ میں خُداوند کے حضُور بُلایا۔ 18 ۔ اَور بنی اِسرائیل سے کہا۔ کہ خُداوند اِسرائیل کے خُدا نے یُوں فرمایا ہے۔ مَیں ہی ہوں جس نے اِسرائیل کو مصِر سے نِکالا۔ اَور تُمہیں مصِریوں کے ہاتھ سے اَور تمام سَلطنَتوں کے ہاتھ سے جو تُمہیں تنگ کرتی تھیں چھُڑایا۔ 19 ۔ اَور تُم نے آج کے دِن اپنے خُدا کو جس نے تُمہیں تمام آفتوں اَور مُصِیبتوں سے مُخلِصی بخشی، چھوڑدِیا۔ اَور تُم نے کہا۔ نہیں! ہم پر ایک بادشاہ مُقرّر کر۔ لہٰذا اُس وقت تُم اپنے قبیلوں اَور خاندانوں کے مُطابِق خُداوند کے سامنے حاضر ہو۔ 20 ۔ پِھر سمُوئیل اِسرائیل کے تمام قبیلوں کو آگے لایا۔ تو بِنیمیِن کے قبیلہ پر قُرعہ پڑا۔ 21 ۔ پِھر وہ بِنیمیِن کے قبیلہ کو بمُطابِق اُس کے خاندانوں کے آگے لایا۔ تو مطری کے خاندان پر قُرعہ پڑا۔ پِھر ساؤل بِن قیس پر پڑا۔ تب اُنہوں نے اُسے ڈُھونڈا۔ لیکن وہ نہ مِلا۔ 22 ۔ تو اُنہوں نے خُداوند سے پِھر پُوچھا۔ کیا وہ مَرد یہاں آئے گا؟ تو خُداوند نے کہا۔ دیکھو وہ اسباب کے درمیان چھُپاہوا ہے۔ 23 ۔ تب وہ دوڑے اَور اُسے وہاں سے پکڑ لائے۔ اَور وہ لوگوں کے درمیان کھڑا ہوا۔ تو دیکھو وہ اپنے کندھے سے لے کر اُوپر تک سب لوگوں سے قد میں لمبا تھا۔ 24 ۔تب سمُوئیل نے سب لوگوں سے کہا۔ کیا تُم دیکھتے ہو کہ جِسے خُداوند نے چُنا۔ اُس کی مانند سارے لوگوں میں کوئی نہیں؟ تب سب لوگ للکارے اَور بولے۔ بادشاہ زِندہ رہے۔ 25 ۔ پِھر سمُوئیل نے لوگوں کو سَلطنَت کے طریقے بتائے۔ اَور اُنہیں کِتاب میں لِکھا۔ اَور اُسے خُداوند کے سامنے رکھّا اَور سمُوئیل نے تمام لوگوں کو یعنی ہر ایک کو اپنے گھر بھیجا۔ 26 ۔ اَور ساؤل بھی جبعہ میں اپنے گھر کو گیا۔ اَور اُس کے ساتھ اُن لوگوں کا ایک لشکر گیا۔ جِن کے دِلوں کو خُدا نے چھُوا۔ 27 ۔ لیکن بعض شریر وں نے کہا۔ کہ یہ ہمیں کیسے رِہائی دے گا؟ اَور اُس کی حقارت کی اَور اُس کے لئے ہدیئے نہ لائے۔ لیکن وہ خاموش رہا۔ گویا کہ اُس نے سُنا ہی نہیں۔