باب

1 ۔ عمونیوں کی شکست اَور قریباً ایک مہینے کے بعد یُوں ہوا۔ کہ عمونی ناحس پر چڑھ آیا۔ اَور یبیس جِلعاد کے مُقابِل خَیمے لگائے۔ تب یبیس کے رہنے والوں نے ناحس سے کہا۔ کہ ہمارے ساتھ عہد باندھ تو ہم تیری خدمت کریں گے۔ 2 ۔ عمونی ناحس نے اُن سے کہا۔ کہ اِس شرط پر مَیں تُمہارے ساتھ عہد باندھتا ہوں۔ کہ مَیں تُم سبھوں کی دہنی آنکھ نِکلوا ڈالُوں۔ اَور تمام اِسرائیل پر اِس ذِلّت کا داغ لگاوُں۔ 3 ۔ تو یبیس کے بزُرگوں نے کہا۔ ہمیں سا ت دِن کی مُہلت دے۔ کہ ہم اِسرائیل کی تمام حُدُود میں قاصِد بھیجیں۔ اَور اگر کوئی ہمارا خُلاصی دینے والا نہ ہوا۔ تو ہم تیرے تابع ہو جائیں گے۔ 4 ۔تب اُن کے قاصِد ساؤل کےجبعہ میں پُہنچے۔ اَور یہ باتیں لوگوں کے کانوں میں سُنا ئِیں۔ تو سب لوگوں نےماتم میں اپنی آوازیں بُلند کیں۔ 5 ۔ اَور دیکھو ساؤل بَیلوں کے پیچھے کھیت سے آرہا تھا۔ تو ساؤل نے کہا۔ لوگوں کو کیا ہوا کہ روتے ہیں؟ تو اُنہوں نے یبیس کے رہنے والوں کی بات اُسے بتائی۔ 6 ۔ اَور اِس بات کے سُنتے ہی خدا کی رُوح اُس پر نازِل ہوئی۔ اَور اُس کا غُصّہ بھڑکا۔ 7 ۔ تو اُس نے دو بَیل لئے اَور اُنہیں ٹُکڑے ٹُکڑے کِیا۔ اَور اُنہیں اِسرائیل کی تمام سَرحدوں میں قاصِدوں کی ساتھرفت بھیج کر کہا۔ کہ جو کوئی سمُوئیل اَور ساؤل کے پیچھے حاضِر نہ ہو۔ تو اُس کے بَیلوں سے ایسا ہی کِیا جائے گا۔ تب خُداوند کا رُعب لوگوں پر پڑا۔ اَور وہ ایک تن ہو کر باہر نِکلے۔ 8 ۔ اَور اُس نے اُنہیں بزق میں گِنا تو بنی اِسرائیل تین لاکھ اَور یہوداہ کے مَرد تیس ہزار تھے۔ 9 ۔ تو اُس نے اُن قاصِدوں سے جو اُن کے پاس آئے تھے کہا۔ کہ تُم یبیس جلعاد کے لوگوں سے یُوں کہو۔ کہ کَل جس وقت دُھوپ تیز ہوگی۔ تُمہیں رِہائی مِل جائے گی۔ تب وہ قاصِد واپس آئے اَور یبیس کے لوگوں کو خبر دی۔ تو وہ خُوش ہوئے۔ 10 ۔ پس یبیس کے لوگوں نے کہا۔ کہ کَل ہم تُمہارے پاس نِکل کر آئیں گے۔ تو جو کُچھ تُمہاری نظر میں اچھّا ہو وہ ہمارے ساتھ کرو۔ 11 ۔ اَور جب اگلا دِن ہوا۔ تو ساؤل نے لوگوں کے تین گروہ کِئے۔ تو وہ رات کے پچھلے پہر میں لشکر گاہ میں داخِل ہوئے۔ اَور بنی عمون کو دِن کے گرم ہونے تک قتل کرتے رہے۔ اَور اُن میں سے جو بچے، وہ پراگندہ ہوگئے کہ اُن میں سے دو بھی ایک ساتھ نہ رہے۔ 12 ۔ تب لوگوں نے سمُوئیل سے کہا۔ کون ہے وہ جس نے کہا کہ کیا ساؤل ہمارا بادشاہ ہوگا؟ اُن آدمیوں کو باہر نِکالو۔ تاکہ ہم اُنہیں قتل کریں۔ 13 ۔ اَور ساؤل نے کہا کہ آج کے دِن کوئی قتل نہ کِیا جائے گا۔ کیونکہ آج کے دِن خُداوند نے اِسرائیل کو رہائی بخشی۔ 14 ۔ اَور سمُوئیل نے لوگوں سے کہا۔ کہ ہمارے ساتھ جِلجال کو آؤ۔ تاکہ سَلطنَت کو نئے سِرے سے قائم کریں۔ 15 ۔ تب سب لوگ جِلجال کوگئے۔ اَور وہاں پر جِلجال میں اُنہوں نے خُداوند کے حضُور ساؤل کو بادشاہ بنایا۔ اَور خُداوند کے سامنے سلامتی کے ذَبیحے ذَبح کئے اَور ساؤل اَور اِسرائیل کے تمام مَردوں نے بڑی خُوشی کی۔