باب

1 ۔ بادشاہ کے لئے درخواست اَور جب سمُوئیل عُمر رسِیدہ ہوگیا۔ تو اُس نے اپنے بیٹوں کو اِسرائیل پر قاضِی مُقرّر کیا۔ 2 ۔ اَور اُس کے پہلوٹھے کا نام یوئیل تھا۔ اَور دُوسرے کا نام ابیاہ ۔ اَور وہ دونوں بیرسبع میں قاضِی تھے۔ 3 ۔ اَور اُس کے بیٹے اُس کی راہ پر نہ چلے۔ یہ لالچ کی طرف مائل ہوئے۔ اَور رِشوَت لیتے اَور عدالت کرنے میں طرف داری کرتے تھے۔ 4 ۔ تو اِسرائیل کے تمام بزُرگ اِکٹھّے ہوئے اَور رامہ میں سمُوئیل کے پاس آئے۔ 5 ۔ اَور اُس سے کہا۔ دیکھ تو عُمر رسِیدہ ہوگیا ہے۔ اَور تیرے بیٹے تیری راہ پر نہیں چلتے۔ پس تُو ہم پر ایک بادشاہ قائم کر۔ جو ہمارے درمیان حُکمرانی کرے۔ جیساکہ سب قوموں میں ہے۔ 6 ۔ تو یہ بات سمُوئیل کی نظر میں بُری معلوم ہوئی جو اُنہوں نے کہی۔ کہ ہم پر ایک بادشاہ قائم کر جو ہمارے درمیان حُکمرانی کرے۔ تب سمُوئیل نے خُداوند سے دُعا مانگی۔ 7 ۔ خُداوند نے سمُوئیل سے فرمایا۔ کہ ساری باتوں میں جو لوگ تُجھے کہتے ہیں اُن کی سُن۔ کیونکہ اُنہوں نے تُجھے رَدّ نہیں کِیا۔ بلکہ مُجھے کہ مَیں اُن پر حُکمرانی نہ کرُوں۔ 8 ۔ جس دِن سے کہ مَیں نے اُنہیں مصِر سے نِکالا آج کے دِن تک اُنہوں نے اپنے سب کاموں کے مُطابِق ہی یہ کیِا ہے۔ اُنہوں نے مُجھے چھوڑا۔ اَور اجنبی معبُودوں کی بندگی کی۔ ایسا ہی وہ تیرے ساتھ بھی کرتے ہیں۔ 9 ۔ اَور اَب تُو اُن کی بات سُن۔ لیکن اُن پر گَواہی دے۔ اَور اُنہیں بتا دے کہ جو بادشاہ اُن پر سَلطنَت کرے گا۔ اُس کے طریقے کیا ہوں گے۔ 10 ۔ تو سمُوئیل نے خُداوند کی ساری باتیں لوگوں کو جو اُس سے بادشاہ طلب کرتے تھے بتائیں۔ 11 ۔ اَور اُس نے کہا کہ جو بادشاہ تُم پر سَلطنَت کرے گا۔ اُس کا یہ طریقہ ہوگا۔ کہ وہ تُمہارے بیٹوں کو لے کر اپنے لئے اَور اپنی گاڑی کے لئے اَور اپنے گھوڑوں کے لئے نوکر رکھّے گا۔ اَور وہ اُس کی گاڑی کے آگے دوڑیں گے۔ 12 ۔ وہ اپنے لئے ہزار ہزار کے فوجی افسر اَور پچاس پچاس کے کپتان بنائے گا۔ اُن سے ہل جُتوائے گا اَور فصل کٹوائے گا اَور لڑائی کے ہتھیار اَور اپنی گاڑیوں کا سامان بنوائے گا۔ 13 ۔ اَور تُمہاری بیٹیوں کو لے گا۔ کہ وہ اُس کے لئے عِطر بنانے والیاں اَور باوَر چنیں اَور روٹی پکانے والیاں ہوں۔ 14 ۔ اَور تُمہارے کھیت اَور تُمہارے تاکِستان اَور تُمہارے سب سے اچھےّ زیتوُن کے باغوں کو لے لے گا۔ اَور اپنے خدمت گاروں کو دے گا۔ 15 ۔ اَور تُمہاری کھیتی اَور تُمہارے انگُوروں کا دسواں حِصّہ لے کر اپنے درباریوں اَور مُلازِموں کو دے گا۔ 16 ۔ اَور تُمہارے غُلاموں اَور تُمہاری لونڈیوں اَور تُمہارے اچھےّ اچھےّ بَیلوں اَور تُمہارے گدھوں کو لے لے گا۔ اَور اپنے کام پر لگائے گا۔ 17 ۔ اَور تُمہاری بھیڑ بکریوں کابھی دسواں حِصّہ لے گا۔ اَور تُم اُس کے غُلام ہوگے۔ 18 ۔ تو اُس روز تُم اپنے بادشاہ کے باعِث جِسے تُم نے اپنے لئے چُنا، فریاد کرو گے۔ لیکن اُس دِن خُداوند تُمہاری نہ سُنے گا۔ 19 ۔ مگر لوگوں نے سمُوئیل کی سُننے سے اِنکار کِیا اَور کہا۔ ہرگز نہیں۔ بلکہ بادشاہ ہم پر سَلطنَت کرے گا۔ 20 ۔ اَور ہم بھی ساری قوموں کی مانند ہوں گے۔ اَور ہمارا بادشاہ ہمارے درمیان حُکمرانی کرے گا۔ اَور ہمارے آگے چلے گا۔ اَور ہماری لڑائیاں لڑے گا۔ 21 ۔ سو سمُوئیل نے لوگوں کی ساری باتیں سُنیں اَور خُداوند کے کانوں میں بیان کِیں۔ 22 ۔ تب خُداوند نے سمُوئیل سے کہا۔ کہ اُن کی سُن۔ اَور اُن پر ایک بادشاہ مُقرّر کر۔ تب سمُوئیل نے اِسرائیل کے آدمیوں سے کہا۔ کہ تُم ہر ایک اپنے اپنے شہر کو چلے جاؤ۔