باب

1 ۔ اِسرائیل کی تبدیلی تب قریت یعریم کے لوگ آئے۔ اَور خُداوند کے صندُوق کو لے جا کر ابینداب کے گھر میں جو ٹیلے پر ہے، رکھّا۔ اَور اُس کے بیٹے الیعزر کو مخصُوص کیِا تاکہ خُداوند کے صندُوق کی نِگہبانی کرے۔ 2 ۔ اَور ایسا ہوا۔ کہ اُس وقت سے کہ خُداوند کے صندُوق نے قریت یعریم میں قیام پایا۔ بُہت دِن ہوگئے۔ اَور بیس برس گُزر گئے۔ اَور تمام بنی اِسرائیل خُداوند کی طرف رجُوع ہوئے۔ 3 ۔ تب سمُوئیل نے سب بنی اِسرائیل سے کلام کرکے کہا۔ اگر تُم اپنے سارے دِلوں سے خُداوند کی طرف پِھرتے ہو۔ تو اپنے درمیان سے اجنبی معبُودوں اور عستارات کو دُور کرو۔ اَور اپنے دِلوں کو خُداوند کے لئے تیّار کرو۔ اَور صِرف اُسی کی عِبادَت کرو۔ تو وہ تُمہیں فلستیوں کے ہاتھ سے چُھڑائے گا۔ 4 ۔ تب بنی اِسرائیل نے اپنے پاس سے بعلیم اَور عستارات کو دُور کِیا۔ اَور صرِف خُداوند کی عبادَت کی۔ 5 ۔ اَور سمُوئیل نے کہا۔ کہ تمام بنی اِسرائیل کو مِصفاہ میں جَمع کرو۔ اَور مَیں تُمہارے لئے خُداوند سے دُعا مانگُوں گا۔ 6 ۔ سو وہ مِصفاہ میں جمع ہوئے اَور پانی نِکالا اَور خُداوند کے آگے اُنڈیلا۔ اَور اُس دِن روزہ رکھّا اَور وہاں کہا۔ کہ ہم نے خُداوند کے خلاف گُناہ کیِا۔ اَور سمُوئیل مِصفاہ میں بنی اِسرائیل کا قاضِی ٹھہرا۔ 7 ۔ اَور فلستیوں نے سُنا۔کہ بنی اِسرائیل مِصفاہ میں جمع ہوئے ہیں۔تو فلستیوں کے سردار اِسرائیل پر چڑھ آئے۔ جب بنی اِسرائیل نے سُنا۔ تو فلستیوں سے خوف زَدہ ہوئے۔ 8 ۔ اَور بنی اِسرائیل نے سمُوئیل سے کہا۔ کہ خُداوند ہمارے خُدا کے سامنے ہمارے لئے فریاد کرنے سے بس نہ کر۔ تاکہ وہ ہمیں فلستیوں کے ہاتھ سے رہائی دے۔ 9 ۔ تب سمُوئیل نے بھیڑ کا ایک دُودھ پینے والا بچہ لیِا۔ اَور سارے کا سارا خُداوند کے لئے سوختنی قُربانی کے طور پر چڑھایا۔ اَور سمُوئیل بنی اِسرائیل کے لئے خُداوند کے حضُور چِلّایا۔ تو خُداوند نے اُس کی سُنی۔ 10 ۔ اَور ایسا ہوا۔ کہ جب سمُوئیل سوختنی قُربانی چڑھا رہا تھا۔ تو فِلستی اِسرائیل کے ساتھ جنگ کرنے کے لئے سامنے آئے تب خُداوند اُس روز فلستیوں پر بڑے زور کی آواز سے گرجا۔ اَور اُنہیں گھبرا دِیا۔ تو اُنہوں نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے شِکسَت کھائی۔ 11 ۔ تب اِسرائیل کے مَرد مِصفاہ سے نِکلے۔ اَور فِلستِیوں کاتعاقب کیا۔ اَور بَیت ہارون کے نیچے تک اُنہیں مارتے چلے گئے۔ 12 ۔ تب سمُوئیل نے ایک پتّھر لیِا۔ اَور مِصفاہ اَور شین کے درمیان میں نصب کیا۔ اَور اُس کا نام ابنِ عزر رکھّا۔ اَور کہا۔ کہ یہاں تک خُداوند نے ہماری مدد کی۔ 13 ۔ سوفِلستی مغلُوب ہوئے۔ اَور وہ اِسرائیل کی سَرحدوں میں پِھر نہ آئے۔ اَور سمُوئیل کے تمام دِنوں میں خُداوند کا ہاتھ فلستیوں کے خلاف رہا۔ 14 ۔ اَور وہ شہر جو عقرون سے لے کر جات تک فلستیوں نے لے لئے ہوئے تھے۔ پِھر اِسرائیل کے قبضے میں آئے۔ اَور اِسرائیل نے اپنی حُدُود فلستیوں کے ہاتھ سے چُھڑالِیں۔ اَور اِسرائیل اَور اموریوں کے درمیان صُلح ہوئی۔ 15 ۔ اَور سمُوئیل اپنی زِندگی کے تمام دِنوں میں اِسرائیل میں قاضِی رہا۔ 16 ۔ اَور وہ ہر برس جاتا تھا۔ اَور بَیت ایل اَور جِلجال اَور مِصفاہ میں گھُومتا اَور اُن تمام جگہوں میں اِسرائیل میں فرائض ِقاضِی ادا کرتا تھا۔ 17 ۔ پِھر وہ رامہ کو لَوٹ آتا۔ کیونکہ اُس کا گھر وہاں تھا۔ اَور وہاں اِسرائیل میں فرائض ِقاضِی ادا کرتا تھا۔ اَور وہاں اُس نے خُداوند کے لئے ایک مذَبح بنایا۔