باب

1 ۔ صِقلاج کی لُوٹ جب داؤد اَور اُس کے ساتھی تیسرے دِن صِقلاج میں پُہنچے۔ تو عمالِیقی جنوب پر اَور صِقلاج پر حملہ کرچُکے ہوئے تھے۔ اَور صِقلاج کو مارا اَور آگ سے جَلا چُکے ہوئے تھے۔ 2 ۔ اَور عورتوں کو اَور جِتنے چھوٹے بڑے وہاں تھے سب کو گِرفتار کرلِیا تھا اَور کِسی کو قتل نہ کِیا۔ بلکہ اُنہیں لے کر اپنی راہ لی تھی۔ 3 چُنانچہ داؤد اَور اُس کے ساتھی شہر میں آئے۔ تو دیکھو وہ آگ سے جَلایا جاچُکا تھا اَور اُن کی عورتیں اَور اُن کے بیٹے اَور اُن کی بیٹیاں اسیر ہوگئی تھیں۔ 4 ۔ تب داؤد اَور لوگوں نے جو اُس کے ساتھ تھے رونے میں اپنی آوازیں بُلند کیں یہاں تک کہ اُن میں اَور رونے کی طاقت نہ رہی۔ 5 ۔ اَور داؤد کی دونوں بیویاں یزر عیلی اَخینوعم اَور ابیجیل نابال کرمِلی کی عورت بھی اسیر کی گئی تھیں۔ 6 ۔ اَور داؤد بڑی تنگی میں تھا کیونکہ لوگ اُسے سنگسار کرنے کی بات کرتے تھے۔ کیونکہ تمام لوگ اپنے بیٹوں اَور بیٹیوں کے لئے جان کی تلخی میں تھے مگر داؤد نے خُداوند اپنے خُدا میں دلیری پائی۔ 7 ۔ اَور داؤد نے اخیملک کے بیٹے ابی یاتر کاہن سے کہا۔ میرے پاس یہاں افود لا۔ تو ابی یاتر افود لے کر داؤد کے پاس آیا۔ 8 ۔ داؤد کا اِنتقام تو داؤد نے خُداوند سے سوال کِیا اَور کہا کیا مَیں اِن ڈاکُوؤں کے پیچھے جاوُں۔ کیامَیں اُنہیں جا لوں گا؟ خُداوند نے کہا اُن کے پیچھے جا۔ کیونکہ تُو یقینا اُنہیں جالے گا۔ اَور سب کُچھ چُھڑائے گا۔ 9 ۔ تب داؤد اَور اُس کے چھ سَو آدمی چل پڑے۔ اَور بسور کی وادی میں آئے۔ اَور اُن میں سے بعض لوگ جو تھک گئے وہیں رہے۔ 10 ۔ اَور داؤد چار سَو آدمیوں کے ساتھ اُن کے تَعاقُب میں گیا۔ کیونکہ دو سَو آدمی جو تھک گئے تھے وہیَں رہے۔ وہ وادی بسور کے پار نہ جاسکے۔ 11 ۔ اَور اُنہوں نے میدان میں ایک مصِری آدمی پایا۔ جِسے وہ داؤد کے پاس لے آئے۔ اَور اُنہوں نے اُسے روٹی دی۔ سو اُس نے کھائی۔ اَور اُسے پانی پلایا۔ 12 ۔ اَور اُسے اِنجیروں کی ایک ٹِکیا اَور کِشمِش کے دو خُوشے دِیئے۔ تو اُس نے کھایا تو اُس کی جان میں جان آئی۔ کیونکہ اُس نے تین دِن رات سے نہ روٹی کھائی تھی اَور نہ پانی پِیا تھا۔ 13 ۔ تب داؤد نے اُس سے پُوچھا۔ تُوکِس کا ہے اَور کہاں کا ہے؟ اُس جوان نے کہا مَیں مصِری ہوں۔ اَور ایک عمالیِقی آدمی کا خادِم ہوں۔ میرا آقا مُجھے چھوڑ گیا۔ کیونکہ تین دِن ہوئے کہ مَیں بیمار پڑ گیا تھا۔ 14 ۔ ہم نے کریتیوں کے جنوب پر اَور یہوداہ پر اَور کالِب کے جنوب پر حملہ کِیا۔ اَور ہم نے صِقلاج کو آگ سے جَلایا۔ 15 ۔ تو داؤد نے اُس سے کہا۔کیا تُو مُجھے اُس گروہ تک لے جاسکتا ہے ؟ تو اُس نے کہا۔ مُجھ سے خُدا کی قَسم کھا کہ تُو مُجھے قتل نہ کرے گا۔ اَور نہ میرے آقا کے ہاتھ مُجھے حوالے کرے گا۔ تو مَیں تُجھے اُس گروہ تک لے جاوُںگا۔ 16 ۔ جب وہ اُسے وہاں لے گیا۔ تو دیکھو۔ وہ تمام زمین پر پھیلے ہوئے تھے۔ اَور اُس بڑی غنیمت کے سبب جو اُنہوں نے فِلستین کے مُلک اَور یہوداہ کی سَرزمین سے پائی تھی، کھاتے پیتے اَور ناچتے تھے۔ 17 ۔ پس داؤدرات کے پہلے پہر سے لے کر دُوسرے دِن کی شام تک اُنہیں مارا۔ اَور اُن میں سے کوئی نہ بچا سِوائے چار سَو جوانوں کے جو اُونٹوں پر چڑھ کر بھاگ گئے۔ 18 ۔ چُنانچہ داؤد نے سب کُچھ جو عمالِیقیوں نے لِیا تھا، چھڑُا لِیا۔ اَور داؤد نے اپنی دونوں بیویوں کو بھی چُھڑا لِیا۔ 19 ۔ اَور اُن کی کوئی چیز گُم نہ ہوئی نہ چھوٹی نہ بڑی، نہ بیٹے نہ بیٹیاں نہ غنیمت نہ کوئی اَور چیز جو اُن سے لی گئی تھی۔ داؤد نے سب کُچھ واپس لے لیِا۔ 20 ۔ اَور داؤد نے تمام بھیڑ بکریاں اَور گائے بَیل پکڑلئے۔ اَور وہ مواشی کو اپنے آگے آگے ہانک لائے۔ اَور کہا کہ یہ داؤد کی لُوٹ ہے۔ 21 ۔ اَور داؤد اُن دو سَو آدمیوں کے پاس آیا۔ جو تھک کر داؤد کے ساتھ نہ جاسکے۔ اَور وادی بسور میں چھوڑ دیئے گئے تھے۔ تو وہ داؤد اَور اُس کے ساتھ کے لوگوں کے مِلنے کو باہر نِکلے۔ تو داؤد اُن کے پاس آیا اَور اُن سے سلام کہا۔ 22 ۔ تب اُن میں سے جو داؤد کے ساتھ گئے تھے۔ سب خبِیث آدمیوں نے کہا۔ کہ یہ ہمارے ساتھ نہیں گئے۔ ہم اُنہیں اُس غنیمت میں سے جو ہم نے چُھڑائی ہے حِصّہ نہیں دیں گے۔ سوِائے ہر ایک کی بیوی اَور بال بچوّں کے۔ تو وہ اُنہیں لیں اَور چلے جائیں۔ 23 ۔ تب داؤد نے کہا۔ اَے میرے بھائیو! جو کُچھ خُداوند نے ہمیں عطا کِیا ہے اُس کے ساتھ ایسا نہ کرو۔ کیونکہ اُسی نے ہمیں بچایا۔ اَور اُس گروہ کو جس نے ہمیں لُوٹا تھا، ہمارے ہاتھ میں کردِیا۔ 24 ۔ اِس معاملے میں کوئی تُمہارے ساتھ مُنافقت نہ کرے گا۔ کیونکہ لڑائی میں جانے والے کے حِصّے کے برابر ہی اُس کا حِصّہ ہوگا۔ جو اسباب کے پاس رہا۔ وہ برابر حِصّہ پائیں گے۔ 25 ۔ پس اُس دِن سے لے کر آج تک اِسرائیل میں یہی قانُون اَور شرع ہوئی۔ 26 ۔ اَور داؤد صِقلاج میں آیا۔ اَور لُوٹ کے مال میں سے اُس نے اپنے خیر خواہوں یہوداہ کے بُزرگوں کے پاس بھی کُچھ کُچھ بھیجا اَور کہا۔ کہ خُداوند کے دُشمنوں کی غنیمت میں سے یہ تُمہارے لئے برکت ہے۔ 27 ۔ اُن کے لئے جو بَیت ایل میں اَور جوجنوب کے رامات میں اَور جو یتیر میں 28 ۔ اَور جو عروعیر میں اَور جو سِفموت میں اَور جو استمِوع میں 29 ۔ اَور جو کرمِل میں اَور جو یرحمیئیلوں کے شہروں میں اَور جو قیِنیوں کے شہروں میں 30 ۔ اَور جو حُرمہ میں اَور جو کور عاسان میں اَور جو عتاک میں 31 ۔ اَور جو حبِرون میں اَور اُن تمام مقاموں میں رہتے تھے جہاں داؤد اَور اُس کے لوگ پھِرا کرتے تھے۔