1 ۔ اِسرائیل کی شِکسَت اَور ساؤل کی وفات اَور فِلستی اِسرائیل سے لڑے۔ اَور اِسرائیل کے آدمی فلستیوں کے سامنے سے بھاگے۔ اَور جلبوعہ کے پہاڑ میں قتل ہو کر گِرے۔ 2 ۔ اَور فلستیوں نے ساؤل اَور اُس کے بیٹوں کا سختی سے تَعاقُب کِیا۔ اَور فلستیوں نے ساؤل کے بیٹوں یونتن اَور ابینداب اَور ملکیشوع کو قتل کیا۔ 3 ۔ اَور لڑائی کا زور ساؤل پر پڑا تو تِیر اَندازوں نے اُسے جالِیا۔ اَور اُسے زخموں سے گھائل کیا۔ 4 ۔ تب ساؤل نے اپنے سلاح بردار سے کہا۔ کہ اپنی تلوار کھینچ اَور مُجھے اُس سے چھید دے۔ تانہ ہو۔ کہ یہ نامختُون آکر مُجھے قتل کریں۔ اَور طعنہ زنی سے میرے ساتھ ٹھٹھّاکریں۔ مگر اُس کے سلاح بردار نے اِنکار کِیا۔ کیونکہ وہ نہایت ڈر گیا۔ تب ساؤل نے اپنی تلوار پکڑی اَور اُس پر گِرا۔ 5 ۔ جب اُس کے سلاح بردار نے دیکھا۔ کہ ساؤل مَرگیا۔ وہ بھی اپنی تلوار پر گِرا اَور اُس کے ساتھ مَرگیا۔ 6 ۔ پس ساؤل اَور اُس کے تینوں بیٹے اَور اُس کا سلاح بردار اَور اُس کے سب آدمی اُسی روز اِکٹھّے مَرے۔ 7 ۔ اَور اِسرائیل کے آدمیوں نے جو اِس وادی کی پرلی طرف اَور یردن کے پار تھے، دیکھا کہ اِسرائیل کے آدمی بھاگ گئے۔ اَور ساؤل اَور اُس کے بیٹے مَرگئے۔ تو وہ اپنے شہروں کو چھوڑ کر بھاگ نِکلے۔ اَور فِلستی آکر اُن میں بسنے لگے۔ 8 ۔ اَور اگلے دِن فِلستی مقتُولوں کو لُوٹنے آئے۔ تو اُنہوں نے ساؤل اَور اُس کے تینوں بیٹوں کو کوہ جلبوعہ پر پڑے پایا۔ 9 ۔ تب اُنہوں نے اُس کا سر کاٹا اَور اُس کے ہتھیار اُتار کے فلستیوں کے مُلک میں بھیجے۔ تاکہ اُن کے بُت خانوں اَور اُن کے لوگوں میں ہر طرف خُوشخبری دی جائے۔ 10 ۔ اَور اُس کے ہتھیاروں کو عستارات کے مندر میں رکھّا۔ اَور اُس کی لاش بَیت شان کی دِیوار پر لٹکا دی۔ 11 ۔ اَور یبیس جِلعاد کے رہنے والوں نے سُنا کہ فلستیوں نے ساؤل سے کیا کِیا۔ 12 ۔ تو اُن میں سے سب بَہادُر آدمی اُٹھے۔ اَور ساری رات چلے۔ اَور ساؤل کی لاش اَور اُس کے بیٹوں کی لاشوں کو بَیت شان کی دِیوار پر سے لے لِیا۔ اَور اُنہیں یبیس میں لائے۔ اَور وہاں اُنہیں جَلا دِیا۔ 13 ۔ اَور اُن کی ہڈَیوں کو لے کر یبیس میں ایک جھاؤ کے درخت کے نیچے دفن کردِیا۔ اَور سات دِن تک روزہ رکھّا۔