1 ۔ داؤد قَعِیلَہ میں اَور داؤد کو خبر دی گئی اَور کہا گیا کہ فِلستی قَعِیلَہ کے خلاف جنگ کررہے ہیں۔ اَور کَھلیانوں کو لُوٹ رہے ہیں۔ 2 ۔ تو داؤد نے خُداوند سے پُوچھا اَور کہا۔ کیا مَیں جاوُں اَور اِن فلستیوںکو ماروں؟ خُداوند نے داؤد سے کہا جا کیونکہ تُو فلستیوںکو مارے گا اَور قَعِیلَہ کو بچائے گا۔ 3 ۔ تب داؤد سے اُس کے ساتھیوں نے کہا۔ کہ ہم تو یہیں یہوداہ میں خوف زدہ رہتے ہیں۔ تو تب کِس قدر زیادہ خوف زدہ ہوں گے اگر ہم قَعِیلَہ میں فلستیوں کے لشکروں کا سامنا کریں۔ 4 ۔ اِس لئے داؤد نے خُداوند سے پِھرپُوچھا۔ تو خُداوند نے جَواب میں کہا۔ اُٹھ۔ قَعیِلَہ کو جا۔ کیونکہ مَیں فلستیوں کو تیرے ہاتھ میں دے دُوں گا۔ 5 ۔ تب داؤداَور اُس کے آدمی قَعِیلَہ کو گئے اَور فلستیوں سے لڑے۔اَور اُن کے مواشی لے آئے۔ اَور اُنہیں بڑی مار ماری۔ اِس طرح داؤد نے قَعِیلَہ کے لوگوں کو چُھڑایا۔ 6 ۔ اَور ایسا ہوا کہ جب اِبی یاتربِن اخیملک داؤد کے پاس بھاگا اَور اُس کے ساتھ قَعِیلَہ میں آیا تو وہ اَفود اپنے ساتھ لے آیا تھا۔ 7 ۔ اَور ساؤل کو خبر دی گئی۔ کہ داؤد قَعِیلَہ میں آیا ہے۔ تو ساؤل نے کہا۔ کہ خُدا نے اُسے میرے قابُو میں کردِیا۔ کیونکہ وہ ایسے شہر کے اندر گیا۔ جس کے پھاٹک اَور سلاخیں ہیں۔ 8 ۔ اَور ساؤل نے سب لوگوں کو لڑائی کے لئے بُلایا۔ کہ قَعِیلَہ پر اُتر کر داؤد اَور اُس کے آدمیوں کو گھیر لیں۔ 9 ۔ اَور داؤد سمجھ گیا کہ ساؤل اُس کے خلاف بَدی ٹھان رہا ہے۔ تو اُس نے ابی یاترکاہن سے کہا۔ کہ افود یہاں لا۔ 10 ۔ اَور داؤد نے کہا۔ اَے خُداوند اِسرائیل کے خُدا! تیرے بندے نے سُنا ہے۔ کہ ساؤل قَعِیلَہ میں آ کر میرے سبب سے شہر کو برباد کرنے کا ارادہ کرتاہے۔ 11 ۔ تو کیا قَعِیلَہ کے لوگ مُجھے اُس کے ہاتھ میں حوالے کردیں گے؟ اَور کیا ساؤل، جیسا تیرے بندے نے سُنا، ہمیں گھیر لے گا؟ اَے خُداوند اِسرائیل کے خُدا اپنے بندے کو بتا دے۔ خُداوند نے کہا۔ وہ گھیر لے گا۔ 12 ۔ تو داؤد نے کہا۔ کیا قَعِیلَہ کے لوگ مُجھے اَور میرے آدمیوں کو ساؤل کے ہاتھ میں حوالے کردیں گے؟ خُداوند نے کہا کر دیں گے۔ 13 ۔ تب داؤد اَور اُس کے آدمی جو قریباً چھ سو تھے، اُٹھے اَور قَعِیلَہ سے نِکل گئے۔ اَور جدھر مُنہ کِیا اُدھر کو چلے گئے۔ اَور ساؤل کو خبردی گئی کہ داؤد قَعِیلَہ سے بھاگ گیا تو وہ جانے سے باز رہا۔ 14 ۔ دادٔ دشتِ زِیف میں اَور داؤد بِیابان میں محفُوظ مقاموں میں چلا گیا اَور دشتِ زِیف میں ایک پہاڑ پر رہا۔ اَور ساؤل داؤد کی تلاش میں سُستی نہ کرتا تھا۔ لیکن خُدا نے اُسے اُس کے ہاتھ میں حوالے نہ کیِا۔ 15 ۔ اَور داؤد نے دیکھا کہ ساؤل اُس کی جان کی تلاش میں نِکلا ہے۔ اَور داؤد زِیف کے بِیابان میں بَن میں تھا۔ 16 ۔ اَور یونتن بن ساؤل اُٹھا۔ اَور داؤد کے پاس بَن میں آیا۔ اَور اُس کا ہاتھ خُدا میں مضبُوط کِیا۔ اَور اُس سے کہا۔ 17 ۔ مت ڈر۔ کیونکہ میرے باپ ساؤل کا ہاتھ تُجھ پر کامیابی نہ پائے گا اَور تُو اِسرائیل پر بادشاہی کرے گا۔ اَور مَیں تُجھ سے دُوسرے درجہ پر ہوں گا۔ اَور میرا باپ ساؤل بھی یہ جانتا ہے۔ 18 ۔ اَور دونوں نے خُداوند کے سامنے عہد باندھا۔ اَور داؤد بَن میں رہا جبکہ یونتن اپنے گھر کو چلا گیا۔ 19 ۔ اَور زِیف کے لوگ جبعہ میں ساؤل کے پاس آئے۔ اَور کہا کہ داؤد ہمارے درمیان محفُوظ مقاموں میں حکیلہ کی پہاڑی کے بَن میں جو بِیابان کے جنُوب میں ہے، چھُپا ہوا ہے۔ 20 ۔ اَب اَے بادشاہ! جس طرح تیرا دِل چاہتا تھا کہ تُو جائے۔ چلا جا۔ اَور ہمارا ذِمّہ ہوگا۔ کہ ہم اُسے بادشاہ کے ہاتھ میں حوالے کر دیں۔ 21 ۔ ساؤل نے کہا۔ تُم خُداوند کی طرف سے مُبارَک ہو۔ کیونکہ تُم نے مُجھ پر مہربانی کی۔ 22 ۔ لیکن جاؤاَور تحقِیق کرو۔ اَور معلوم کرو۔ اَور وہ جگہ دیکھو جہاں اُس کا ٹھکانا ہے۔ اَور کون ہے جس نے اُسے وہاں دیکھا۔ کیونکہ مُجھ سے کہا گیا ہے۔ کہ وہ بڑا حیلہ باز ہے۔ 23 ۔ پس دیکھو اَور سب پوشِیدہ جگہوں کو جہاں وہ چُھپتا ہے معلُوم کرو۔ اَور یقینی خبر لے کر میرے پاس واپس آؤ۔ تو مَیں تُمہارے ساتھ چلُوں گا۔ اَور اگر وہ مُلک میں ہو۔ تو یہوداہ کے ہزاروں ہزار میں سے مَیں اُسے ڈُھونڈلُوںگا۔ 24 ۔ تب وہ اُٹھے اَور ساؤل کے آگے زِیف کو گئے اَور داؤد اَور اُس کے آدمی دشتِ معون کے درمیان اُس میدان میں تھے جو بِیابان کے جنُوب میں ہے۔ 25 ۔ تو ساؤل اَور اُس کے آدمی تلاش کے لئے روانہ ہوئے۔ اَور داؤد کو خبر دی گئی۔ تو وہ چٹان کی طرف آیا۔ اَور دشتِ معو ن میں ٹھہرا رہا۔ جب ساؤل نے سُنا۔ تو اُس نے دشت ِ معون میں داؤد کا پیچھا کِیا ۔ 26 ۔ اور ساؤل پہاڑ کی اِس طرف جاتا تھا۔اور داؤد اَور اُس کے آدمی اُس کی دُوسری طرف تھے۔ اَور داؤد ساؤل سے بھاگ جانے کے لئے جلدی کرتاتھا۔ اَور ساؤل اَور اُس کے آدمیوں نے داؤد اَور اُس کے ساتھیوں کو گھیر لِیا۔ تاکہ اُنہیں پکڑ لیں۔ 27 ۔ اُسی وقت ایک قاصِد ساؤل کے پاس آیا اَور اُس سے کہا۔ کہ جلدی کر اور چل کیونکہ فِلستی مُلک میں گھُس گئے ہیں۔ 28 ۔ پس ساؤل داؤد کی تلاش سے پھِرا۔ اَور فلستیوں کے مِلنے کو روانہ ہوا۔ اِس لئے اُس جگہ کا نام سلع ہمخلقوت رکھّا گیا۔ 29 ۔ اَور داؤد وہاں سے نِکل کر عین جدی کے محفُوظ مقاموں میں رہنے لگا۔