باب

1 ۔ داؤد کا مَسح اَور خُداوند نے سمُوئیل سے کہا۔ تُو ساؤل پر کب تک ماتم کرے گا؟ حالانکہ مَیں نے اُسے اِسرائیل کی بادشاہت سے رَدّ کِیا ہے۔ پس تُو اپنا سیِنگ تیل سے بھر۔ اَور آ۔ کہ مَیں تُجھے بَیت لحم کے یِسّی کے پاس بھیجتاہوں۔ کیونکہ مَیں نے اُس کے بیٹوں میں سے ایک کو اپنے لئے بادشاہ ٹھہرایا ہے۔ 2 ۔ سمُوئیل نے کہا۔ مَیں کیسے جاوُں۔ کیونکہ اگر ساؤل نے سُنا تو مُجھے قتل کردے گا۔ خُداوند نے کہا۔ تُو ایک بچھڑا اپنے ساتھ لے۔ اَورکہہ۔ کہ مَیں خُداوند کے لئے ذَبیحہ ذَبح کرنے جاتا ہوں۔ 3 ۔ اَور اپنے ذَبیحے پر یِسّی کی دعوت کر اَور مَیں تُجھے بتاوُں گا کہ تُجھے کیا کرنا ہوگا۔ اَور جس کا نام مَیں تُجھے بتاوُں۔ تُو اُسے میرے لئے مَسح کر۔ 4 ۔ تب سمُوئیل نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا۔ اَور بَیت لحم میں آیا۔ اَور شہر کے بزُرگ اُس کے مِلنے کے لئے کانپتے ہوئے آئے اَور کہا۔ کیا تیرا آنا صُلح سے ہے؟ 5 ۔ اُس نے کہا مَیں صُلح سے آیا ہوں۔ تاکہ خُداوند کے لئے قُربانی کرُوں۔ پس تُم اپنے آپ کو پاک کرو۔ اَور میرے ساتھ قُربانی گُزراننے کے لئے آؤ۔ اَور اُس نے یِسّی اَور اُس کے بیٹوں کو پاک کِیا۔ اَور اُنہیں قُربانی پر بُلایا۔ 6 ۔ جب وہ آئے۔ اُس نے اِلیاب کو دیکھا تو اپنے دِل میں کہا۔ یقینا خُداوند کا ممسُوح اُس کے سامنے آیا۔ 7 ۔ لیکن خُداوند نے سمُوئیل سے کہا۔ کہ تُو اُس کی شکل اَور اُس کے قد کی لمبائی کا لحاظ نہ کر۔ کیونکہ مَیں نے اُسے ناپسند کِیا۔ مَیں اِنسان کی شکل کے مُطابِق فیصلہ نہیں کرتا ہوں اِس لئے کہ ِانسان اُن چیزوں کو دیکھتا ہے جو نظر آتی ہیں۔ لیکن خُداوند دِل کی طرف دیکھتا ہے۔ 8 ۔ تب یِسّی نے اِبینداب کو بُلایا۔ اَور اُسے سمُوئیل کے سامنے پیش کِیا۔ تو اُس نے کہا۔ خُداوند نے اِسے بھی پسند نہیں کِیا۔ 9 ۔ پِھر یِسّی نے سمّہ کو پیش کِیا۔ تو اُس نے کہا۔ اِسے بھی خُداوند نے پسند نہیں کِیا۔ 10 ۔ تویِسّی نے اپنے ساتوں بیٹوں کو سمُوئیل کے سامنے پیش کِیا۔ تو سمُوئیل نے کہا۔ اِن میں سے خُداوند نے کِسی کو پسند نہیں کِیا۔ 11 ۔ پِھر سمُوئیل نے یِسّی سے کہا کیا تیرے سب لڑکے یہی ہیں؟ تو اُس نے کہا۔ کہ سب سے چھوٹا باقی ہے۔ اَور وہ بھیڑ بکریاں چراتا ہے۔ تو سمُوئیل نے یِسّی سے کہا۔ آدمی بھیج کہ اُسے ہمارے پاس لائے۔ کیونکہ ہم دسترخوان پر نہ بیٹھیں گے۔ جب تک وہ یہاں پر نہ آ جائے۔ 12 ۔ تب اُس نے بُلا بھیجا اَور وہ اُسے لایا۔ اَور وہ سُرخ رنگ اور خوب صورت اور حسین تھا۔ تو خُداوند نے کہا۔ اُٹھ اُسے مَسح کر۔ کیونکہ یہ وہی ہے۔ 13 ۔ تب سمُوئیل نے تیل کا سیِنگ لے کر اُس کے بھائیوں کے درمیان اُسے مَسح کِیا۔ تو اُس دِن سے آگے کوخداوند کی رُوحِ داؤد پر نُزُول ہوتی رہی ۔ اَور سمُوئیل اُٹھااَور رامہ کو روانہ ہوا۔ 14 ۔ اَور خُداوند کی رُوح ساؤل سے جُدا ہوئی۔ اَور خُداوند کی طرف سے ایک بَدرُوح اُسے ستانے لگی۔ 15 ۔ تب مُلازِموں نے ساؤل سے کہا۔ دیکھ۔ ایک بَدرُوح خُدا کی طرف سے تُجھے ستاتی ہے۔ 16 ۔ پس ہماراا ٓقا اپنے خادِموں کو جو تیرے سامنے ہیں۔ حُکم کرے۔ کہ ایک ایسے مَرد کی تلاش کریں۔ جو بربط بجانے میں ہنُر مند ہو۔ تاکہ جس وقت بَدرُوح خُدا کی طرف سے تُجھ پر چڑھے تو وہ اپنے ہاتھ سے بجائے اَور تُو بَحال ہو جائے۔ 17 ۔ تب ساؤل نے اپنے مُلازِموں سے کہا۔ کہ ایک اچھّا بجانے والا آدمی میرے لئے ڈُھونڈو۔ اَور اُسے میرے پاس لاؤ۔ 18 ۔ تو درباریوں میں سے ایک نے جَواب میں کہا۔ میں نے بَیت لحم کے یِسّی کے بیٹے کو دیکھا۔ وہ اچھّا بجانے والا ہے۔ اَور وہ زور آور دلیر اَور جنگی مَرد ہے۔ بات کرنے میں ہوشیار اَور خُوبصُورت ہے اَور خُداوند اُس کے ساتھ ہے۔ 19 ۔ تب ساؤل نے یِسّی کے پاس قاصِد بھیجے اَور اُس سے کہا۔ کہ اپنے بیٹے داؤد کو جو بھیڑ بکریوں کے ساتھ ہے میرے پاس بھیج دے۔ 20 ۔ تب یِسّی نے ایک گدھا لِیا اَور اُس پر روٹیاں لادیں۔ اَور مَے کا مشکیزہ اَور بکری کا ایک بچّہ۔ اَور اُنہیں اپنے بیٹے داؤد کے ہاتھ ساؤل کے پاس بھیجا۔ 21 ۔ تب داؤد ساؤل کے پاس آیا اَور اُس کے سامنے کھڑا ہوا۔ تو اُس نے اُسے بُہت پیار کِیا۔ اَور وہ اُس کا سلاح بردار ہوا۔ 22 ۔ اَور ساؤل نے یِسّی کو کہلا بھیجا ۔ کہ داؤد کو میرے پاس رہنے دے۔ کیونکہ وہ میرا منظُورِ نظر ہوا ہے۔ 23 ۔ اَور ایسا ہوا کہ جب بُری رُوح خُدا کی طرف سے ساؤل پر چڑھتی۔ تو داؤد بربط لیتا اَور اپنے ہاتھ سے بجاتا۔ تب ساؤل کو آرام آتا اَور وہ بَحال ہوجاتا تھا۔ کیونکہ بُری رُوح اُس پر سے اُتر جاتی تھی۔