باب

1 ۔ شاہی محلّ کی تعمیر اَور سُلیمان تیرہ بَرس اپنے گھر کی تعمیر میں لگا رہا اَور اُسے مُکمل کِیا۔ 2 اَور اُس نے مَحلّ لبنان بنایا۔ جس کا طُول 46میٹر اَور عرض23 میٹراور بُلندی 14 میٹرتھی۔ اَور اُس نے اُسے دیودار کے ستُونوں کی تین قطاروں پر بنایا۔ اَور ستُونوں پر دیودار کے شہتیر تھے۔ 3 ۔ اَور اُس کی چھت دیودار کے پنتالیس ستُونوں پر تھی۔ ہر ایک قطار میں پندرہ ستُون تھے۔ 4 ۔ اَور جالی دار کھڑکیاں تین قطاروں میں تھیں۔ دریچہ مُقابِل دریچے کے تین درجوں پر۔ 5 ۔ اَور تمام دروازے اَور چوکھٹیں مُربع ڈھانچے کی تھیں۔ اَور دریچہ مُقابِل دریچے کے تین درجوں پر تھا۔ 6 ۔ اَور اُس نے ستُونوں کا برآمدہ بنایا۔لمبائی 26 میٹراَور عرض 14 میٹر۔ تو ستُونوں کے آگے برآمدہ تھا اَور ستُون اَور دہلیز آگے تھی۔ 7 ۔ اَور اُس نے تخت کا برآمدہ بنایا جہاں وہ عدالت کرتا تھا اَور یہ عدالت کرنے کا برآمدہ فرش سے لے کر چھت تک دیودار سے ڈھنپا ہُوا تھا۔ 8 ۔ اَور جس گھر میں وہ رہتا تھا۔ وہ برآمدے کے اندر دُوسرا صحن تھا۔ اِسی طرح وہ بھی بنا تھا۔ اَور سُلیمان نے فِرعون کی بیٹی کے لِئے جسے اُس نے بِیاہا۔ اِسی برآمدے کی مِثل ایک گھر بنوایا۔ 9 ۔ یہ سب عمارتیں بڑے بڑے برابر تراشے ہُوئے اَور آروں سے اندر اَور باہر سے چیرے ہُوئے پتھّروں سے بنی ہُوئی تھیں۔ بُنیاد سے لے کر منڈیر تک اَور باہر کے برآمدے سے لے کر بڑے صحن تک۔ 10 ۔ اَور بُنیاد بڑے بڑے پتھّروں کی تھی جِن میں سے بعض 4.8 میٹرکے اَور بعض 3.7 میٹرکے تھے 11 ۔ اَور اُوپر قیمتی پتھّر تَراشے ہُوئے برابر ناپ کے اَور دیودار کے شہتیر تھے ۔ 12 ۔ اَور بڑے صحن کے لِئے گِرداگِرد تَراشے ہُوئے پتھّروں کی تین قطاریں تھیں۔ اَور ایک قطار دیودار کے شہتیروں کی تھی۔ جس طرح سے کہ خُداوند کے گھر کے اندرُونی صحن کے لِئے اَور گھر کے برآمدے کے لِئے تھی۔ 13 ۔ ہَیکل کا سامان اَور سُلیمان بادشاہ نے صُور سے حیرام کو بُلوایا۔ 14 ۔ وہ نفتالی کے قبِیلہ میں سے ایک بیوہ عورت کا بیٹا تھا اَور اُس کا باپ صُورمیں ایک ٹھٹھیرا تھا۔ اَور وہ پِیتل کے سب طرح کے کام میں حِکمت اَور فہم اَور ہُنرمندی سے بَھرا ہُوا تھا۔ تو وہ سُلیمان کے پاس آیا۔ اَور اُس کا سب کام کِیا۔ 15 ۔اَور اُس نے پِیتل کے دوستُون بنائے۔ ہَر ایک ستُون کا طُول 8.5 میٹر اَور دونوں ستُونوں کا محیط 8.3میٹر کے دھاگے کا تھا۔ 16 ۔ اَور ڈھالے ہُوئے پِیتل کے دو ٹوپ بنائے۔ کہ وہ ستُونوں کے سِر پر رکھّے جائیں۔ ایک ٹوپ کی اُونچائی 3.2 میٹراَور دُوسرے ٹوپ کی اُونچائی بھی پانچ ہاتھ تھی۔ 17 ۔ اَور اُس نے اُن دونوں ٹوپوں کے لِئے جو ستُونوں کے سِر پر تھے، خانے دار جالیاں اَور زنجیری دار ہار بنائے۔ سات ایک ٹوپ کے لِئے اَور سات دُوسرے ٹوپ کے لِئے۔ 18 ۔ اَور اُس نے انار بنائے۔ جِن کی جالی کے گرِددو قطاریں تھِیں تاکہ ستُون کے سِر پر کاٹوپ ڈَھنپ جائے۔ اَور ایسا ہی دُوسرے ٹوپ کے لِئے بنایا ۔ 19 ۔اور وہ ٹوپ جو برآمدے میں ستُونوں کے سِر پر تھے۔ 1.8 میٹرکے سوسن کی شکل کے تھے۔ 20 ۔ اَورستُونوں کے ٹوپ پیٹ کے اُوپر سے جو جالی کی پچھلی طرف تھا باہر کو نِکلے ہُوئے تھے۔ اَور دو سَوانار دو قطاروں میں ایک ٹوپ کے گِرداگِرد تھے۔ 21 ۔ اَور اُس نے دونوں ستُون ہَیکل کے برآمدے میں نَصب کِئے۔ اُس نے دہنا ستُون نَصب کِیا اَور اُس کا نام یاکن رکھّا۔ اَور بایاں ستُون نَصب کِیا تو اُس کا نام بوعز رکھّا۔ 22 ۔ اَور ستُونوں کے سِروں پر سوسن کی شکل بنائی۔ سو ستُونوں کا کام تمام ہُوا۔ 23 ۔ اَور اُس نے ڈھالا ہُوا گول بُحیرہ بنایا۔ اُس کا قطر کِنارے سے کِنارے تک دس ہاتھ تھا۔ اُس کی اُونچائی 2.3 میٹرتھی۔ اَور اُس کی گولائی 7.13 ہاتھ کے دھاگے کا تھا ۔ 24 ۔ اَور اُس کے کِنارے کے نیچے گِرداگِرد گانٹھیں بنائِیں۔ ہر ایک ہاتھ میں دس۔ وہ دو قطاروں میں تمام بُحیرہ کو گھیرتی تھِیں اُس کے ڈھالتے وقت گانٹھیں بھی ڈھالی گئی تھیں۔ 25 ۔ اَور اُسے بارہ بَیلوں پر رکھّا۔ اُن میں سے تین کا مُنہ شمال کی طرف اَور تین کا مغرب کی طرف اَور تین کا جنوب کی طرف اَور تین کا مشرق کی طرف تھا۔ اَور بُحیرہ اُن کے اُوپر تھا۔ اَور اُن کے پچھلے حِصّے اندر کی طرف کو تھے۔ 26 ۔ اُس کی موٹائی بالِشت بھر کی اَور اُس کا کِنارہ پِیالے کے کِنارے کی طرح سوسن کے پُھول کی طرح تھا۔ اَور اُس میں دو ہزار بَت کی گنُجائِش تھی۔ 27 ۔ اَور اُس نے پِیتل کی دس چوکیاں بنائِیں۔ ہر ایک چوکی کا طُول 1.8 میٹر اَور عرض 8.1 میٹراَور بُلندی 3.1 میٹرتھی۔ 28 ۔ اَور اُن چوکیوں کی ساخت یہ تھی۔ کہ اُن کے دِلّے تھے۔ اَور دِلّے چَوکھٹے کے درمیان تھے۔ 29 ۔ اَور دِلّوں پر جو چَوکھٹے کے درمیان تھے شیراور بَیل اور کرُّوبی بَنے تھے اور چوکھٹے کے اُوپر شیر اَور بَیل تھے۔ اَور اُس کے نیچے لٹکے ہُوئے پُھولوں کے ہار تھے۔ 30 ۔ اَور ہر ایک چَوکی کے لِئے پِیتل کے چار پَہیّے اَور پِیتل کی دُھریاں تھیں۔ اَور اُس کے کونوں کے لِئے چار ڈھالے ہُوئے پائے حوض کے نیچے ایک دُوسرے کے مُقابِل تھے۔ 31 ۔ اَور اُس کا مُنہ ٹوپ سے لے کر اُوپر تک ایک ہاتھ تھا۔ اَور اُس کا مُنہ گول برتن کے پیندہ 46 سینٹی میٹر کا تھا۔ اَور اُس کا مُنہ بھی مَنقَش تھا۔ ماسِوا اُس کے دِلّے گول نہیں بلکہ چورس تھے۔ 32 ۔اَور دلّوں کے نیچے چار پَہیّے تھے۔ اَور پہیّوں کی دُھریاں پایوں پر تھیں۔ اَور ہر ایک پَہیّے کی اُونچائی 69 سینٹی میٹر تھی۔ 33 ۔ اَور پَہیّوں کی ساخت گاڑی کے پَہیّوں کی ساخت جیسی تھی۔ اُن کی دُھریاں اَور اُن کے چَوکھٹے اَور اُن کے آرے سب ڈھالے ہُوئے تھے ۔ 34 ۔ اَور ہَر ایک چَوکی کے چار کونوں میں چار پائے تھے۔ اَور چَوکی کے پائے اُسی سے تھے۔ 35 ۔ اَور اُونچی چَوکی کے اُوپر ایک گول چکّر 23 سینٹی میٹر ہاتھ کا تھا۔ اَور اُس کے ہاتھ اَور چَوکھٹے اُسی میں سے تھے۔ 36 ۔اَور ہاتھوں اَور چَوکھٹے کے اُوپر کی طرف کرُّوبین اَور شیر اَور کھجُوریں اُن کی وُسعت کے مُطابِق بنائی گئی تھیں۔ اَور اُن کے گِرد پُھولوں کے ہار تھے۔ 37 ۔ دسوں چَوکیوں کا کام ایسا ہی تھا۔ سب کا ایک ہی سانچا اَور ایک ہی اندازہ اَور ایک ہی شکل تھی۔ 38 ۔پِھر اُس نے پِیتل کے دس حوض بنائے ہر ایک میں چالیس بَت کی گُنجائش تھی۔ اَور ہر ایک حَوض 1.8 میٹرکا تھا۔ اَور ہر ایک حَوض ایک چَوکی پر تھا۔ سب چَوکیاں 880 لیٹرتھیں۔ 39 ۔ اَور اُس نے پانچ چَوکیاں گھر کی دہنی طرف رکھّیں اَور پانچ بائیں طرف اَور بُحیرہ کو گھر کے دہنے مشرق کی طرف جنُوب کے رُخ رکھّا۔ 40 ۔اَور حیرام نے دیگیں اَور کڑچھے اَور پِیالے بنائے۔ اَور حیرام سب کام سے جو اُس نے خُداوند کے گھر کے لِئے سُلیمان بادشاہ کے واسطے بنایا، فارِغ ہُوا۔ 41 ۔ دو ستُون اَور دونوں ٹوپوں کے پِیالے جو ستُونوں کے سِر پر تھے۔ اَور دو جالیاں جِن سے ٹوپوں کے پِیالے ڈھانپے گئے تھے۔ 42 ۔ اَور دونوں جالیوں کے لِئے چار سَو انار۔ اناروں کی دو قطاریں ہر ایک جالی کے لِئے تاکہ ستُونوں کے ٹوپوں کو ڈھانپیں۔ 43 ۔ اَور دس چَوکیاں اَور دس حَوض جو چَوکیوں پر تھے۔ 44 ۔ اَور بُحیرہ اَور بارہ بَیل جو بُحیرہ کے نیچے تھے۔ 45 ۔ اور دیگیں اَور کڑچھے اَور پِیالے اَور سب برتن جو حیرام نے خُداوند کے گھرکے لِئے سُلیمان بادشاہ کے واسطے بنائے جِلا کِئے ہُوئے پِیتل کے تھے۔ 46 ۔بادشاہ نے اُنہیں یُردن کے میدان میں چِکنی مِٹّی کی زمین میں سکات اَورضرتان کے درمیان ڈھالا۔ 47 ۔ اَور سُلیمان نے سب برتنوں کو بے وزن چھوڑا۔ کیونکہ وہ نہایت ہی بُہت تھا۔ سو پِیتل کا وزن نا معلُوم رہا۔ 48 ۔ اَور سُلیمان نے خُداوند کے گھر کے سب برتن سونے کے بنائے۔ سونے کا مذَبح۔ اَور سونے کی میز جس پر نَذَر کی روٹی رکھّی رہتی تھی ۔ 49 ۔ اَور خالص سونے کے شمع دان پانچ دہنی طرف اَور پانچ اِلٰہام گاہ کے آگے شِمال کو۔ اَور پُھول اَور چراغ اَور چِمٹے سونے کے تھے۔ 50 ۔ اَور طاس اَور گُل گیر اَور پیالے اَور تھال اَور عود سوز خالص سونے کے۔ اَور اندرُونی گھر یعنی قُدس اُلاَقداس کے کواڑوں اَور ہَیکل کے گھر کے کواڑوں کے قبضے سونے کے تھے۔ 51 ۔ اَور جب سب کام جو سُلیمان بادشاہ نے خُداکے گھر کے لئے کِیا تمام ہُوا۔ تو سُلیمان اپنے باپ داؤد کی نَذَر کی ہُوئی چیزوں سونے اَور چاندی اَور برتنوں کو اندر لایا۔ اَور اُنہیں خُداوند کے گھر کے خزانوں میں رکھا۔