باب

1 ۔ ہَیکل کی تعمیر اَور ایسا ہُوا ۔ کہ مُلکِ مِصر سے بنی اِسرائیل کے نِکلنے کے چار سَو اَسّی بَرس بعد اِسرائیل پر سُلیمان کی بادشاہی کے چوتھے بَرس کے زِیو کے مہینے میں جو دُوسرا مہینہ ہَے۔ اُس نے خُداوند کا گھر بنانا شرُوع کِیا ۔ 2 ۔اَور جو گھر سُلیمان بادشاہ نے خُداوند کے لِئے بنایا اُس کا طُول (ستائیس) 27 میٹراَور عرض (نو)9 میٹراَور بُلندی 13.5میٹرتھی۔ 3 ۔ اَور ہَیکل کے آگے برآمدہ گھر کے عرض کے برابر طُول 4.5 میٹراَور گھر کے آگے عرض 9 میٹر۔ 4 ۔ اَور گھر کے لِئے جھَروکے بنائے جِن میں جالی جَڑی ہُوئی تھی۔ 5 ۔ اَور گھر کی دِیوار سے لَگی ہُوئی منزلیں بنائیں یعنی ہَیکل اَور اِلٰہام گاہ کے گِرد۔ اَور گِرداگِرد حُجرے بنائے۔ 6 ۔نچلی منزل کا عرض 2.3 میٹر اَور درمیانی کاعرض 2.8میٹراَور تیسری کا عرض 3.2 میٹرکیونکہ اُس نے گھر کی دِیوار میں باہر کی طرف گِرداگِرد پُشتے چھوڑے تاکہ شہِتیر گھر کی دِیواروں پر نہ رکھّے جائیں۔ 7 ۔ اَور گھر جب بن رہا تھا تو اُن پتھّروں سے بنتا تھا جو کان پر تراشے اَور تیّار کئے گئے تھے۔ تو گھر کے بناتے وقت ہَتھوڑے اَور کُلہاڑے اَور لوہے کے کسی اوزار کی آواز سُنی نہ جاتی تھی ۔ 8 ۔اَور نچلی منزل کا دروازہ گھر کے دہنی طرف رکھّا۔ اَور گُھومتی ہُوئی سِیڑھیوں سے وہ درمیانی منزل میں جاتے تھے۔ اَور درمیانی سے تیسری میں۔ 9 ۔ سو اُس نے گھر بنایا اَور اُسے مُکمل کِیا۔ اَور اُس کی چھت دیودار کے شہِتیروں اَور تختوں کی تھی 10 ۔اَور اُس نے چاروں طرف گھر سے لگی ہُوئی منزلیں بنائیں۔ ہر ایک کی بُلندی 2.3 میٹرتھی۔ اَور وہ دیودار کی لکڑیوں کے سہارے اُس گھر پر ٹِکی ہُوئی تھِیں۔ 11 ۔ اَور خُداوند سُلیمان سے ہم کلام ہُوا اَور کہا ۔ 12 ۔اِس گھر کی بابت جو تُو بناتاہَے۔ اگر تُو میرے قوانین پر چلے گا اَور میرے آئین پر عمل کرے گا۔ اَور میرے تمام اِحکام کو مانے گا تاکہ اُن پر چلے۔ تو مَیں اپنے سُخن کو جو مَیں نے تیرے باپ داؤد سے کہا تیرے لِئے پُورا کرُوں گا۔ 13 ۔ اَور مَیں اُس میں بنی اِسرائیل کے درمیان رہُوں گا اَور اپنی قوم اِسرائیل کو نہ چھوڑُوں گا۔ 14 ۔اَور سُلیمان نے گھر بنایا اَور اُسے تمام کِیا۔ 15 ۔ اَور اُس نے گھر کی دِیواروں پراندر کی طرف دِیودار کے تختے لَگائے۔ اَور اُس کے اندرُ ون کو گھر کے فرش سے لے کر چھت کے شہتیروں تک لکڑی سے ڈھانپا۔ اَور گھر کی زمین پر سَرو کے تختوں کا فرش کِیا ۔ 16 ۔ اَور اُس نے گھرکی پچھلی طرف 9 میٹر لمبائی کے فاصلہ تک دیودار کے تختے زمین سے شہتیروں تک لگائے۔ اَور اُس کے اندر قُدس اُلاَ قداس یعنی اِلٰہام گاہ بنائی۔ 17 ۔ اَور اِلٰہام گاہ کے دروازہ سے لے کر ہَیکل کی لمبائی 18میٹرتھی۔ 18 ۔ اَور گھر کے اندر کی طرف مَنقَش دیودار کی لکڑی تھی۔ لٹّو اَور کِھلے ہُوئے پُھولوں کی شکل پر سب دیودار کی لکڑی تھی کہ پتھّر نظر نہ آتا تھا۔ 19 ۔اَور گھر کے بِیچ اِلٰہام گاہ تیّار کی۔ تاکہ وہاں خُداوند کے عہد کا صندُوق رکھّا جائے۔ 20 ۔ اَور اِلٰہام گاہ کا طُول 9میٹر اَور عرض 9میٹر اَور بُلندی 9 میٹرتھی اَور اُسے خالص سونے سے مَڑھا۔ اَور اِلٰہام گاہ کے سامنے اُس نے دیودار کا مذَبح بنایا۔ اَور اُسے سونے سے مَڑھا۔ 21 ۔اَورگھر کے اندرُون کو بھی سُلیمان نے خالص سونے سے مڑَھااَور اِلٰہام گاہ کے آگے سونے کی زنجیریں کھینَچ دیں۔ 22 ۔ اَور سارے گھر کو پُورے طور پر سونے سے مَڑھا۔ اَور اِلٰہام گاہ کے سامنے کا مَذبح بھی تمام سونے سے مَڑھا ۔ 23 ۔اَور اِلٰہام گاہ کے اندر اُس نے زیتُون کی لکڑی کے دو کرُّوبی بنائے۔ ہر ایک کی لمبائی4.5 میٹرتھی۔ 24 ۔ اَور ہر ایک کرُّوبی کا ایک پر2.3 میٹر اَور دُوسرا پر2.3میٹرتھا۔ یعنی ایک پَر کے کِنارے سے لے کر دُوسرے پَر کے کِنارے لمبائی4.6 میٹر ہُوئے۔ 25 ۔ اَور دُوسرا کرُّوبی لمبائی 4.5 میٹر کا پہلے کے مُوافق۔ اَور دونوں کرُّوبی ایک ہی ناپ کے اور ایک ہی جیسے تھے۔ 26 ۔ یعنی ایک کرُّوبی کی لمبائی 4.5 میٹرتھی۔ اَور اِتنی ہی دُوسرے کی تھی ۔ 27 ۔ اَور دونوں کرُّوبیوں کو اندرُونی کمرے کے بِیچ میں رکھّا اَور دونوں کرُّوبیوں کے پَر پھیلے ہُوئے تھے۔ کہ ایک کاپر ایک دِیوار کو اَور دُوسرے کرُّوبی کا پردُوسری دِیوار کو چُھوتا تھا۔ اَور دونوں کے پر گھر کے درمیان مِلے ہُوئے تھے۔ 28 ۔ اَور کرُّوبیوں کو سونے سے مَڑھا۔ 29 ۔ اَور گھر کی تمام دِیواروں پر گِردا گِرد کرُّوبیوں اَور کھجُوروں اَور کِھلے ہُوئے پُھولوں کی تصویریں تھِیں ۔ 30 ۔ اَور گھر کے فرش کو اندر اَور باہر سونے سے مَڑھا۔ 31 ۔اَور اِلٰہام گاہ کے دروازے کے لِئے دو کواڑزیتُون کی لکڑی کے بنائے۔ اَور چوکھٹ مع بازوؤں کے پانچ کونوں والی تھی۔ 32 ۔ اَور زیتُون کی لکڑی کے کواڑ تھے اُن پر کرُّوبیوں اَور کھجُوروں اَور کِھلے ہُوئے پُھولوں کی تصویریں کھودیں۔ اَور اُن دونوں کو سونے سے مَڑھا۔ اَور کرُّوبیوں اَور کھجُوروں کو سونے سے ڈھانپا۔ 33 ۔اَور ایسا ہی اُس نے ہَیکل کے دروازے کے لِئے زیتُون کی لکڑی کی چوکھٹ بنائی۔ 34 ۔اَور سَرو کی لکڑی کے دو کواڑ۔ چُولوںپر گھُومنے والے ایک کواڑ کے دو پَلّے اَور چُولوں پر گھُومنے والے دُوسرے کواڑ کے دو پلّے تھے۔ 35 ۔ اَور اُن دونوں پر کرُّوبیوں اَور کھجُوروں اَور کِھلے ہُوئے پُھولوں کی تصویریں کھودیں۔ اَور سب کو سونے کی پتریوں سے مَڑھا۔ 36 ۔اَور اندرُونی صحن کو ایسا بنایاکہ اُس میں تین قطاریں تراشے ہُوئے پتھّروں کی اَور ایک قطار دیودار کے شہتیروں کی تھی 37 ۔چوتھے سال زِیو کے مہینے میں خُداوند کے گھر کی بُنیاد ڈالی گئ ۔ 38 ۔اَور گیارھویں سال بول کے مہینے میں جو آٹھواں مہینہ ہَے۔ وہ گھر اپنے سب حِصّوں میں اَور اپنے نقشوں میں مُکمل کِیا گیا۔ سو اُس نے اُسے سات سال میں تعمیر کِیا۔