باب

1 ۔ ہَیکل کی تعمیِر کی تیّاریاں اَور صُور کے بادشاہ حیرام نے سُلیمان کے پاس اپنے خادِم بھیجے۔ کیونکہ اُس نے سُنا۔ کہ اُنہوں نے اُسے مَسح کرکے اُس کے باپ کی جگہ بادشاہ بنایا ہَے۔ کیونکہ حیرام داؤد کے سارے ایّام میں اُس کا دوست تھا 2 ۔ تو سُلیمان نے حیرام کو کہلا بھیجا ۔ 3 ۔ تُو جانتا ہَے۔ کہ میرا باپ داؤد خُداوند اپنے خُدا کے نام کے لِئے گھر نہ بناسکا۔اُن لڑائیوں کے باعث جو اُس کے گِرد تھیں۔ جب تک کہ خُداوند نے اُنہیں اُس کے پاؤں کے تلوؤں کے نیچے نہ کر دِیا۔ 4 ۔ اَور اب خُداوند میرے خُدا نے ہر ایک طرف سے مُجھے آرام دِیا ہَے۔ کہ کوئی مُخالِف نہیں اَور نہ کوئی بُرا حادثہ ہَے۔ 5 ۔اَور دیکھ مَیں نے اِرادہ کِیا ہَے۔ کہ خُداوند اپنے خُداکے نام کے لِئے گھر تَعمیِر کرُوں۔ جیسا کہ خُداوند نے میرے باپ داؤد سے کلام کرکے فرمایا تھا۔ کہ تیرا بیٹا جسے مَیں تیری جگہ تیرے تخت پر قائم کرُوں گا۔ وہی میرے نام کے لِئے گھر بنائے گا۔ 6 ۔ پس اب تُو حُکم کر۔ کہ میرے لِئے لبنان سے دِیودار کاٹے جائیں۔ اَور میرے نوکر تیرے نوکروں کے ساتھ ہوں گے۔ اَور مَیں تیرے نو کروں کی اُجرت تیرے مُقرّر کرنے کے مُطابِق تُجھے ادا کرُوں گا۔ کیونکہ تُو جانتا ہَے۔ کہ ہمارے درمیان ایسا کوئی نہیں جو صَیدُونیوں کی مانند لکڑی کاٹنا جانتا ہو۔ 7 ۔ جب حیرام نے سُلیمان کی یہ بات سُنی تو نہایت ہی خُوش ہوا اَور کہا۔ کہ خُداوند آج مُبارَک ہَو۔ جس نے اِس بڑی قوم پر داؤد کو دانشمند بیٹا عطا کِیا۔ 8 ۔ اَور حیرام نے سُلیمان کو کہلا بھیجا۔ کہ جو کُچھ تُو نے مُجھے کہلا بھیجا مَیں نے سمجھا۔ اَور دیودار کی لکڑی اَور سَرو کی لکڑی کی بابت مَیں تیری تمام خواہش پُوری کرُوں گا۔ 9 ۔ اَور میرے نوکر اُسے لبنان سے سمُندر تک لائیں گے۔ اَورمَیں اُن کے گٹھّے بندھوا کر سمُندر ہی سمُندر اُس جگہ تک جسے تُو مُقرّر کرے گا پُہنچواوُں گا۔ اَور وہاں ڈلوادُوں گا۔ تو تُو اُسے لے لے گا۔ اَور تُو میرے گھرانے کو خُوراک دے کر میری خواہش پُوری کرے گا۔ 10 ۔ سو حیرام سُلیمان کو دیودار کی لکڑی اَور سَرو کی لکڑی اُس کی خواہش کے مُطابِق بھیجتا تھا 11 ۔اور سُلیمان نے حیرام کو بیس ہزارکُر گیہُوں کے اُس کے گھرانے کی خُوراک کے لِئے اَور بیس ہزار خالِص تیل کے دیئے اَور سُلیمان اِتنا ہی ہر سال حیرام کو دیتا تھا۔ 12 ۔ اَور خُداوند نے جیسا کہ کہا تھا سُلیمان کو حِکمَت بخَشی۔ اَور حیرام اَور سُلیمان کے درمیان صُلح تھی۔ اَور اُن دونوں نے آپس میں عہد باندھا 13 ۔ اَور سُلیمان نے تمام اِسرائیل سے مدد لی اَور تیس ہزار آدمی مدد کو آئے۔ 14 ۔ اَوروہ ہر مہینے اُن میں سے دس ہزار باری باری لبنان کو بھیجتا تھا۔ تو وہ ایک مہینہ لبنان میں اَور دو مہینے اپنے گھروں میں رہتے تھے۔ اَور اَدونرام اُن مَزدُوروں کا داروغہ تھا۔ 15 ۔ اَور سُلیمان کے سَتّر ہزار بوجھ اُٹھانے والے اَور اَسّی ہزار سنگ تراش پہاڑ میں تھے۔ 16 ۔ ماسِوا اُن کے وہ سردار اَور مَنصَب دار جو سُلیمان نے مَزدُوروں پر مُقرّر کئے سو تین ہزار تین سَو تھے۔ وہ اُن لوگوں پر جو کام کرتے تھے سردار تھے۔ 17 ۔ اَور بادشاہ نے حُکم دِیا۔ کہ وہ بڑے بڑے اَور قیمتی پتھّر کاٹیں۔ تاکہ گھر کی بُنیاد تراشے ہُوئے پتھّروں سے رکھّی جائے۔ 18 ۔سو سُلیمان کے مِعَماروں اَور حیرام کے مِعَماروں اَور جبلّیوں نے اُنہیں تَراشا۔ اَور لکڑیاں اَور پتھّر گھر کی عمارت کے لِئے تیّار کِئے ۔