1 ۔ سُلیمان کی حکُومتِ دانِش اَور سُلیمان بادشاہ سارے اِسرائیل کا بادشاہ ہوا ۔ 2 ۔ اَور یہ اُس کے سردار تھے۔ عَزریاہ بِن صدوق کاہِن۔ 3 ۔ الیحورف اَور اَخیاہ بنی سیسہ کاتِب۔ یہوسفط بِن اَخیلودمُورّخ۔ 4 ۔ بنایاہ بن یہویدع سپہ سالار۔ صدوق اَور اَبیاتر کاہِن۔ 5 ۔عزریاہ بِن ناتن منَصَب دارِاعظم۔ زبودبِن ناتن بادشاہ کا مُشِیر۔ 6 ۔اخیسر محل کا دِیوان۔ اَدو نرام بِن عَبدا خَراج گِیر 7 ۔اَور سُلیمان کے بارہ مَنصَب دار سارے اِسرائیل پر تھے اَور وہ بادشاہ اَور اُس کے گھر کے لِئے رَسد بَہم پُہنچاتے تھے۔ ہر ایک کوسال میں مہینہ بھر رسد پُہنچانی پڑتی تھی۔ 8 ۔ اُن کے نام یہ ہَیں۔ بن حُور کوہ اِفرائیم میں ۔ 9 ۔ بِن دقر، مقص اَور سعَلبیم اَور بَیت شمس اَور ایلون اَور بیت حنان میں۔ 10 ۔بِن حصداَرُبّوت میں۔شوکہ اَور حِفر کا سارا علاقہ اُس کا تھا ۔ 11 ۔ ابینداب طافت دور میں۔ سُلیمان کی بیٹی طافت اُس کی بیوی تھی۔ 12 ۔ بَعنَہ بِن اَخیلُود تَعنک اَور مِجدّو اَور تمام بیت شآن جو ضُرتان کے قرِیب ہَے یزرعیل کے نیچے۔بیت شآن سے لے کر اَبیل مُحولہ تک یعنی یُقمعام کے مُقابل ٍتک اُس کا تھا۔ 13 ۔بِن جبررامات جِلعَاد میں۔ یائیربن منسی کے قصبے جو جِلعَاد میں ہَیں۔ اَور ارجوب کا علاقہ جو بسن میں ہَے۔ کُل ساٹھ بڑے فصیل دار اَور پِیتل کی چٹکنیوں والے شہر اُس کے تھے ۔ 14 ۔ اَخینداب بِن عِدّو مَحنَایم میں ۔ 15 ۔اَخیمعض نفتالی میں۔ اُس نے سُلیمان کی بیٹی بُسمت کو بِیاہ لِیا تھا۔ 16 ۔اور حوسی کا بیٹا بعنہ آشر اور علوت میں تھا۔ 17 ۔یہوسفط بِن وفروح اشکار میں۔ 18 ۔سمِعی بِن ایلہ بِنیمین میں۔ 19 ۔جبربن اُوری جِلعَاد کے مُلک میں جواموریوں کے بادشاہ سیحون اَور بسن کے بادشاہ عوج کا مُلک تھا۔ اَور ایک منصب دار یہُوداہ کے مُلک میں تھا۔ 20 ۔اَور یہُوداہ اَور اِسرائیل کثرت میں سمُندر کی ریت کی طرح بُہت تھے۔ وہ کھاتے اَور پِیتے اَور خُوشی کرتے تھے۔ 21 ۔ اَور سُلیمان سب مَملُکتوں پر دریا سے لے کر فلِسطین کے مُلک تک اَور مِصر کی حد تک حکُومت کرتا تھا۔ وہ سُلیمان کے لِئے ہَدیئے لاتے اَور اُس کی زِندگی کے تمام ایّام میں اُس کے خدمت گُزار تھے۔ 22 ۔ اَور سُلیمان کی ایک دِن کی رَسد یہ تھی۔ تِیس کرُ مَیدہ کے اَور ساٹھ کُر آٹے کے۔ 23 ۔ اَور دس موٹے بَیل اَور بیس بَیل چَراگاہوں سے۔ ایک سَو بھیڑیں علاوہ بارہ سِنگوں اَور ہرنوں اَور گورخروں اَور موٹے پرَندوں کے۔ 24 ۔ کیونکہ وہ تمام مُلک پر جو دریا کے پارتفِسح سے لے کر غزّہ تک ہَے۔ دریا کے پار کے تمام بادشاہوں پر حکُومت کرتا تھا۔ اَور اُس کے اَور اُن سب کے درمیان صُلح تھی جو چاروں طرف اُس کے گِردا گِرد تھے۔ 25 ۔ اَور یہُوداہ اَور اِسرائیل میں سے ہر ایک اپنے تاکستان اَور اپنے انجِیر کے نیچے دان سے لے کر بیرسبع تک سُلیمان کے سارے ایّام میں اِطمینان سے رہتا تھا۔ 26 ۔اَور سُلیمان کی گاڑیوں کے گھوڑوں کے چار ہزار اِصطبل تھے۔ اَور بارہ ہَزار زِین کے لِئے تھے 27 ۔ اَور یہ مَنصَب دار ہر ایک اپنے مہینے میں سُلیمان بادشاہ کے لِئے اَور اُن سب کے لِئے جو بادشاہ کے دسترخوان پر حاضِر ہوتے رسد پُہنچاتے تھے۔ اَور کسی چیز کی حاجت باقی نہ چھوڑتے تھے۔ 28 ۔ اَور وہ جَو اَور بُھوسا گھوڑوں اَور چَوپایوں کے لِئے جہاں کہیں سُلیمان ہوتا، جمع کرتے تھے ۔ جیسا کہ اُنہیں حُکم تھا۔ 29 ۔اَور خُدا نے سُلیمان کو دانِش اَور نہایت تیز فہم دِیا۔ اَور سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانند دِل کی وُسعت بھی ۔ 30 ۔اَور سُلیمان کی حِکمت تمام اہلِ مشرق کی حِکمت سے اَور تمام مِصر کی حِکمت سے بھی بڑھ گئی۔ 31 ۔ اَور وہ سب آدمیوں سے ایتان ازراحی اَورہیمان اَور کل کُول اَور دردع بنی محول سے زیادہ دانشمند تھا۔ اَور اُس کا نام سب قوموں میں ہر ایک طرف مشہُور ہُوا۔ 32 ۔اَور اُس نے تین ہزار تمِثیلیں کہیں۔ اَور اُس کی غزلیں ایک ہزار پانچ تھِیں۔ 33 ۔ اَور اُس نے درختوں کی کیفیّت دیودار سے لے کرجو لبنان پر ہَے زُو فاتک جو دِیوار سے ا ُگتاہَے، بِیان کی۔ اَور چَوپایوں اَور پرَندوں اَور رینگنے والوں اَور مچھلیوں کی بابت کلام کِیا۔ 34 ۔ اَور سب لوگوں میں سے اَور سب زمین کے بادشاہوں میں سے جِنہوں نے اُس کی حِکمَت کی بابت سُنا۔ سُلیمان کے پاس اُس کی حِکمَت سُننے کے لِئے آتے تھے ۔