باب

1 تب بَعشا کے خلاف خُداوند یا ہوبِن حَنَانی سے ہم کلام ہُوا اَور کہا۔ 2 ۔ حالانکہ مَیں نے تُجھے خاک پر سے اُٹھایا اَور اپنی قوم اِسرائیل کا تُجھے سردار بنایا۔ تُو یربعام کی راہ پر چلا۔ اَور میری قوم اِسرائیل سے گُناہ کروایا۔ اَور اُنہوںنے اپنے گُناہوں سے مُجھے غُصّہ دِلایا۔ 3 ۔ پس دیکھ مَیں بَعشا کی نسل کو اَور اُس کے گھرانے کی نسل کو کاٹ ڈالُوں گا۔ اَور تیرے گھر کو یربعام بِن نباط کے گھر کی مانند کرُوں گا ۔ 4 ۔ بَعشاکا جو کوئی شہر میں مَرے گا اُسے کُتّے کھائیں گے۔ اَور جو کوئی میدان میں مَرے گا اُسے آسمان کے پرندے کھائیں گے۔ 5 ۔ اَور بَعشا کا باقی احوال اَور جو کُچھ اُس نے کِیا اَور اُس کی قوُّت۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 6 ۔ اَور بَعشا اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور ترضہ میں دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا ایلہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 7 ۔ اَور بَعشا اَور اُس کے گھرانے کے خلاف خُداوند نے یاہوبِن حنانی نبی کی زُبان سے کلام کِیا۔ اُس تمام شرارت کے باعِث جو اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں کی جس وقت اُس نے اپنے ہاتھوں کے کاموں سے اُسے غُصّہ دِلایا اَور یربعام کے گھرانے کی مانند بنا۔ 8 ۔ ایلہ اِسرائیل کا بادشاہ یہوداہ کے بادشاہ آسا کے چھبیسویں برس میں ایلہ بِن بَعشا نے اِسرائیل پر ترضہ میں دو برس سَلطنَت کی ۔ 9 ۔تب اُس کے خادِم آدھی گاڑیوں کے داروغے زِمری نے اُس کے خلاف بغاوت کی اَور اَیلہ ترضہ میں اَرضہ کے گھر کے اندر جو ترضہ کا حاکِم تھا۔ شراب پی پی کر متوالا ہوتا جاتا تھا ۔ 10 ۔ تو زِمری نے آکر اُسے مارا اَور یہوداہ کے بادشاہ آسا کے ستائیسویں سال میں اُسے قتل کِیا۔ اَور اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 11 ۔ جب وہ بادشاہ ہُوا اَور تخت پر بیٹھا۔ تو اُس نے بَعشا کے تمام گھرانے کو قتل کِیا۔ اَور کِسی کو نہ چھوڑا نہ لڑکوں کو اُس کے ولیوں اَور دوستوں کو۔ 12 ۔ اَور زِمری نے بَعشا کے سارے گھرانے کو نابُود کِیا۔ بمُطابِق خُداوند کے اُس کلام کے جو اُس نے بَعشا کے خلاف یاہو نبی کی زُبان سے فرمایا ۔ 13 ۔بَعشا کے تمام گُناہوں اَور اُس کے بیٹے ایلہ کے گُناہوں کے سبب سے جِن سے اُس نے خُود بَدی کی اَور اِسرائیل سے بَدی کروائی۔ تاکہ خُداوند اِسرائیل کے خُدا کو اپنی بطالتوں سے غُصّہ دِلائیں۔ 14 ۔ اَور ایلہ کا باقی احوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 15 ۔ زِمری اِسرائیل کا بادشاہ اَور یہوداہ کے بادشاہ آسا کے ستائیسویں برس میں زِمری نے سات دِن ترضہ میں بادشاہی کی۔ اَور لوگ اُس وقت فلِسِتیوں کے جِبتون کے خلاف خَیمہ زَن تھے۔ 16 ۔ اَور جو لوگ خَیمہ زَن تھے اُنہوں نے سُنا کہ زِمری نے بغاوت کی اَور بادشاہ کو قتل کِیا۔ تو اُسی دِن خَیمہ گاہ میں تمام اِسرائیل نے لشکر کے سِپہّ سالار عُمری کو اِسرائیل پر بادشاہ کِیا۔ 17 ۔ تب عُمری اَور اُس کے ساتھ سب اِسرائیل جِبتون سے روانہ ہُوئے اَور ترضہ کا مُحاصرہ کیا۔ 18 ۔جب زمری نے دیکھا کہ شہر لے لِیا گیا۔ وہ شاہی محلّ کے مُحکم حِصّہ میں گیا۔ اَور شاہی محلّ کو اپنے اُوپر آگ سے جَلادیا۔ اَور مَر گیا۔ 19 ۔اپنے گُناہوں کے سبب سے جو اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کرنے کے لئے کئے۔ اَور یربعام کی راہ پر چلنے اَور اُن خطاؤں کے سبب جو اُس نے خُود کیں۔ اَور جِن سے اِسرائیل سے بَدی کروائی۔ 20 ۔ اَور زِمری کا باقی احوال اَور اُس کی بغاوت جو اُس نے کی۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 21 ۔ عُمری اِسرائیل کا بادشاہ اُس وقت اِسرائیل کے لوگ دو حِصّے ہوگئے۔ لوگوں کا ایک حِصّہ تبنّی بِن جینت کا پیرو ہُوا۔ کہ اُسے بادشاہ بنائیں اَور دُوسرے حِصّے نے عُمری کی پَیروی کی۔ 22 ۔ اَور وہ لوگ جوعُمری کے ساتھ تھے اُن لوگوں پر جو تِبنّی بِن جینت کے ساتھ تھے، غالِب آئے۔ تو تِبنّی مَرگیا۔ اَور عُمری بادشاہ ہُوا ۔ 23 ۔ یہُودہ کے بادشاہ آسا کے اِکتیسویں سال میں عُمری نے اِسرائیل پر بارہ برس سَلطنَت کی۔ ترضہ میں اُس نے چھ برس سَلطنَت کی ۔ 24 ۔ اُس نے سمِرسے سامریہ کا پہاڑ چاندی کے دو قنطاروں سے خریدا۔ اَور اُس نے پہاڑ پر ایک شہر تعمیر کِیا۔ اَور جو شہر اُس نے بنایا وہ کوہِ سامریہ کے مالِک کے نام سے سمِر کہلایا ۔ 25 ۔ اَور عُمری نے خُداوند کی نِگاہ میں شرارت کی اَور سب سے جو اُس سے پہلے ہُوئے تھے شرارت میں بڑھ گیا۔ 26 ۔ اَور یربعام بِن نباط کی تمام راہوں پر اَور بَدیوں پر چَلا جو اُس نے اِسرائیل سے کروائیں تاکہ خُداوند اِسرائیل کے خُدا کو اُن کی بطالتوں سے غُصّہ دِلائے۔ 27 ۔ اَور عُمری کا باقی احوال جو کُچھ اُس نے کِیا۔ اَور اُس کی طاقت جواُس نے دِکھائی۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 28 ۔ اَور عُمری اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور سامریہ میں دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا اَخی اب اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا 29 ۔ اَخی ا ب اِسرائیل کا بادشاہ یہوداہ کے بادشاہ آسا کے اڑتیسویں سال میں اَخی اب بِن عُمری اِسرائیل پر بادشاہ ہُوا اَور اَخی اب بِن عُمری کی اِسرائیل پر سَلطنَت کی مُدّت بائیس برس تھی۔ 30 ۔ اَور اَخی اب عُمری نے اُن سب سے جو اُس سے پہلے تھے۔ خُداوند کی نِگاہ میں زیادہ شرارت کی۔ 31 ۔ اَور یربعام بِن نباط کے گُناہوں پر چلنا اُس کے لئے کافی نہ ہُوا۔ سو اُس نے صیدُونیوں کے بادشاہ اِ تبَعَل کی بیٹی ایزبل سے بِیاہ کِیا۔ اَور جا کر بَعلَ کی پرستِش کی اَور اُسے سجَدہ کِیا۔ 32 ۔اَور بَعلَ کے مندر میں جو اُس نے سامریہ میں تعمیر کِیا بَعلَ کے لئے ایک مذَبح بنایا۔ 33 ۔ اَور اَخی اب نے کھمبا لگایا۔ اَور اِسرائیل کے سب بادشاہوں سے جو اُس سے پہلے ہو چکے تھے اَخی اب نے خُداوند اِسرائیل کے خُدا کو زیادہ غُصّہ دِلایا۔ 34 ۔ اَور اُس کے ایّام میں حی ایل نے جو بیت ایل سے تھا، یریحو کو فصیل دار کِیا۔ اور جب اُس نے بُنیاد رکھّی تو اُس کا پہلوٹھا بیٹا ابرام مر گیا۔ اور جب اُس نے دروازے لگاِئے تو اُس کا چھوٹا بیٹا سبحوب مر گیا۔ خُداوند کے کلام کے مُطابِق جو اُس نے یشوع بِن نُون کی زُبان سے فرمایا تھا۔