باب

1 ۔ اِبیام یہُوداہ کا بادشاہ اَور یربعام بِن نباط کی سَلطنَت کے اٹھارھویں برس میں اِبیام یہوداہ پر بادشاہ ہُوا۔ 2 ۔اُس نے یرُوشلیِم میں تین برس بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام مَعکَہ بِنت ابی سلوم تھا۔ 3 ۔وہ اپنے باپ کے سب گُناہوں پر چلا جو اُس نے اُس سے پہلے کِئے تھے اَور اُس کا دِل خُداوند اپنے خُدا کی طرف کامِل نہ تھا جیسا کہ اُس کے باپ داؤد کا تھا۔ 4 ۔لیکن داؤد کی خاطِر خُداوند اُس کے خُدا نے اُسے یرُوشلیِم میں ایک چراغ عطا کِیا۔ کہ اُس کے بیٹے کو اُس کے بعد برپا کرے اَور یرُوشلیِم کو برقرار رکھّے۔ 5 ۔ اِس لئے کہ داؤد نے وہی کام کِیا جو خُداوند کی نِگاہ میں راست تھا۔ اَور اپنی زِندگی کے تمام دِنوں میں وہ خُداوند کے کِسی حُکم سے جو اُس نے اُسے دِیانافرمان نہ ہُوا۔ مگر اُور یاہ حِتّی کے مُعاملے کے بارے میں۔ 6 ۔ اَور رحَبعَام اَور یربعام کے درمیان اُن کی زِندگی کے تمام دِنوں میں لڑائی رہی۔ 7 ۔اَور اِبیام کا باقی احوال اَور جو کُچھ اُس نے کِیا۔ کیا یہ یہوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ اَور اِبیام اَور یربعام کے درمیان بھی لڑائی رہی۔ 8 ۔ اَور اِبیام اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور داؤد کے شہر میں دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا آسا اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا 9 ۔ آسا یہوداہ کا بادشاہ اِسرائیل کے بادشاہ یربعام کے بیسویں برس میں آسا یہوداہ پر سَلطنَت کرنے لگا ۔ 10 ۔ اُس نے یرُوشلیِم میں اِکتالیس برس بادشاہی کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام مَعکَہ تھا جوابی سلوم کی بیٹی تھی۔ 11 ۔ اَور آسا نے اپنے باپ داؤد کی مانند وہی کُچھ کِیا جو خُداوند کی نِگاہ میں راست تھا۔ 12 ۔ اُس نے ہم جنس پرستوں کو مُلک سے باہر نِکال دِیا۔ اَور بُتوں کو جو اُس کے باپ دادا نے بنائے تھے، دُور کِیا۔ 13 ۔بلکہ اُس نے اپنی ماں مَعکَہ سے مَلکِہ کا لقب ہٹا دِیا۔ کیونکہ اُس نے یسیرت کی نفرت انگیز مُورت بنائی تھی۔ تو آسا نے اُس مُورت کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر کے ندی قدرُون کے پاس جَلادیا۔ 14 ۔لیکن اُونچی جگہیں ڈھائی نہ گئیں۔ تاہم آسا کا دِل اُس کے سارے ایّام میں خُداوند کی طرف کامِل رہا ۔ 15 ۔ اَور وہ اپنے باپ کی نَذَر کی ہُوئی چیزیں اَور اپنی نَذَر کی چیزیں چاندی اَور سونا اَور برتن خُداوند کے گھر میں لایا ۔ 16 ۔ اَور آسا اَور اِسرائیل کے بادشاہ بَعشا کے درمیان اُن کے سب دِنوں میں لڑائی رہی ۔ 17 ۔ اَور اِسرائیل کے بادشاہ بَعشا نے یہُوداہ پر چڑھائی کی اَور رامہ کوفصیل دار بنایا۔ تاکہ کوئی آدمی یہُوداہ کے بادشاہ آسا کے پاس سے باہر نہ جا سکے اَور نہ کوئی اندر آسکے۔ 18 ۔ تب آسا نے سب چاندی سونا جو خُداوند کے گھر کے خزانوں میں اَور بادشاہ کے گھر میں باقی تھا لِیا۔ اَور اپنے نوکروں کے ہاتھ میں سپُرد کِیا۔ اَور اُسے آسا بادشاہ نے بِن ہَدَدبِن طابرمون بِن حزیون اَرام کے بادشاہ کے پاس جو دمِشق میں رہتا تھا، بھیجا اَور کہا ۔ 19 ۔کہ میرے اَور تیرے درمیان اَور میرے باپ اَور تیرے باپ کے درمیان عہد ہَے اَور دیکھ مَیں تیرے پاس چاندی اَور سونا ہدیہ بھیجتا ہُوں۔ پس تُو آ۔ اَور اپنے عہد کو جو اِسرائیل کے بادشاہ بَعشا کے ساتھ ہَے، توڑ دے۔ تاکہ وہ میرے پاس سے چلا جائے ۔ 20 ۔تو بِن ہَدَدنے آسا بادشاہ کی بات سُنی۔ اَور اپنے لشکروں کے سرداروں کو اِسرائیل کے شہروں کے خلاف بھیجا۔ اَور عِیّون اَور دان اَور ابیل بَیت مَعکَہ اَور سب کنّرت کو یعنی نفتالی کے تمام مُلک کو مارا ۔ 21 ۔جب بَعشا نے سُنا تو رامہ کے فصیل دار کرنے سے رُک گیا۔ اَور ترضہ میں جا رہا ۔ 22 ۔تب آسا بادشاہ نے تمام یہُودہ کو یہ کہہ کر بُلا بھیجا کہ کوئی آدمی مُعاف نہ کِیا جائے۔ تو وہ رامہ کے پتھّروں اَور لکڑیوں کو جِن سے بَعشا اُسےفصیل دار بنا رہا تھا اُٹھالے گئے۔ اَور اُن سے آسا بادشاہ نے جبع بِنیمین اَور مِصفاہ کو فصیل دار بنایا۔ 23 ۔ اور آساکا باقی اِحوال اَور اُس کی سب قوُّت اَور جو کُچھ اُس نے کِیا اَور جو شہر اُس نے فصیل بنائے۔ کیا یہ یہوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ مگر بڑھاپے میں اُس کے پاؤں میں بیماری ہوگئی۔ 24 ۔ اَور آسا اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور اپنے باپ داؤد کے شہر میں اپنے باپ دادا کے ساتھ دفن کِیا گیا اَور اُس کا بیٹا یہوسفط اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا ۔ 25 ۔ندب اسرائیل کا بادشاہ اَور یہوداہ کے بادشاہ آسا کے دُوسرے سال میں ندب بِن یربعام اِسرائیل پر بادشاہ ہُوا۔ اَور اُس نے اِسرائیل پر دو برس سَلطنَت کی۔ 26 ۔ اَور اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ اَور وہ اپنے باپ کی راہ پر اُن بَدیوں پر چلا جو اُس نے اِسرائیل سے کروائی تھیں۔ 27 ۔ تب اِشکارکے گھرانے سے بَعشا بِن اَخیاہ نے اُس کے خلاف سازِش کی۔ اَور بَعشا نے جِبتون میں جوفلِستیوں کا ہَے، اُسے مارا۔ کیونکہ ندب اَور تمام اِسرائیل نے جِبتون کو گھیر لِیا۔ 28 ۔ اَور یہوداہ کے بادشاہ آسا کے تیسرے برس میں بَعشا نے اُسے قتل کِیا۔ اَور اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 29 ۔ اَور جب وہ بادشاہ ہُوا۔ اُس نے یربعام کے سارے گھرانے کو کاٹ ڈالا۔ اَور اُس نے یربعام کے کِسی سانس لینے والے کو نہ چھوڑا پر اُسے ہلاک کِیا۔خُداوند کے کلام کے مُطابِق جو اُس نے اپنے بندے اَخیاہ سیلانی کی زُبان سے فرمایا تھا۔ 30 ۔ اُن خطاؤں کے باعِث جِن سے یربعام نے خُود بَدی کی اَور اِسرائیل سے بَدی کروائی۔ اَور جِن سے خُداوند اِسرائیل کے خُدا کو اُس نے غُصّہ دِلایا ۔ 31 ۔ اَور ندب کا باقی احوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ کیا یہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 32 ۔ اَور آسا اَور شاہ اِسرائیل بَعشا کے درمیان اُن کے سسب دِنوں میں لڑائی رہی۔ 33 ۔بَعشااِسرائیل کا بادشاہ یہوداہ کے بادشاہ آسا کے تیسرے برس میں بَعشا بِن اَخیاہ نے تمام اِسرائیل پر ترضہ میں چوبیس برس سَلطنَت کی۔ 34 ۔ اَور اُس نے خُداوند کی نِگاہ میں شرارت کی اَور یربعام کی راہ پر اَور اُن خطاؤں پر چلا جِن سے اُس نے اِسرائیل سے بَدی کروائی۔