باب

1 ۔یربعام کی سزا اَور مَوت اُس وقت یربعام کا بیٹا اِبیاہ بیمار پڑا۔ 2 ۔تو یربعام نے اپنی بیوی سے کہا۔ اُٹھ اَور اپنا بھیس بدل۔ تاکہ معلُوم نہ ہو کہ تُو یربعام کی بیوی ہَے۔ اَور سیلا میں جا۔ کیونکہ وہاں اَخیاہ نبی ہَے جس نے مُجھ سے کہا۔ کہ مَیں اِن لوگوں کا بادشاہ ہُوں گا۔ 3 ۔ اَور دس روٹیاں اَور پاپڑیاں اَور شہد کا مرتبان اپنے ساتھ لے اَور اُس کے پاس چلی جا۔ اَور وہ تُجھے بتائے گا۔ کہ اِس لڑکے کی بابت کیا ہوگا۔ 4 ۔تو یربعام کی بیوی نے ایسا ہی کِیا۔ وہ اُٹھی اَور سیلا کو گئی اَور اَخیاہ کے گھر میں پُہنچی مگر اَخیاہ دیکھ نہ سکتا تھا۔ کیونکہ بڑھاپے کے سبب سے اُس کی آنکھیں دُھندلا گئی تھیں۔ 5 ۔ اَور خُداوند نے اَخیاہ سے کہا تھا۔ کہ یربعام کی بیوی تیرے پاس اپنے بیٹے کی بابت پُوچھنے آتی ہَے۔ کیونکہ وہ بیمار ہَے۔ سو تُو اُسے یُوں یُوں کہہ۔ اَور وہ تیرے پاس اپنا بھیس بدل کر آتی ہَے۔ 6 ۔ جب اَخیاہ نے اُس کے پاؤں کی آہٹ سُنی اَور وہ دروازے میں داخِل ہو رہی تھی تو اُس سے کہا۔ اَے یربعام کی بیوی اندر آ۔ تُو اپنے آپ کو کیوں دُوسری بناتی ہَے کیونکہ مَیں تیرے پاس سخت بات کہنے کے لئے بھیجا گیا ہُوں۔ 7 ۔جا اَور یربعام سے کہہ۔ کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ چُونکہ مَیں نے تُجھے لوگوں کے درمیان سے بُلند کیا۔ اَور اپنی قوم اِسرائیل پر تُجھے سردار بنایا۔ 8 ۔ اَور داؤد کے گھرانے سے سَلطنَت مَیں نے تقسیم کردی اَور تُجھے دی۔ اَور تُو میرے بندے داؤد کی مانند نہ ہُوا۔ جس نے میرے حُکموں کو مانا اَور اپنے سارے دِل سے میری پیروی کی۔ اَور وہی کِیا جو میری نِگاہ میں راست تھا۔ 9 ۔مگر تیرے کام اُن سب سے جو تُجھ سے پہلے تھے زیادہ بَدی کے ہُوئے۔ اَور تُو پِھر گیا۔ اَور اپنے لئے دُوسرے مَعبُود اَور ڈھالے ہُوئے بُت بنائے۔ تاکہ تو مُجھے غُصّہ دِلائے۔ اَور تُو نے مُجھے کمر کے پیچھے پھینک دِیا۔ 10 ۔اِس لئے مَیں یربعام کے گھرانے پر بَلا نازِل کرُوں گا اَور یربعام کے لئے اِسرائیل میں ہر ایک لڑکے کو۔ کیا غُلام کیا آزاد، کاٹ ڈالُوں گا۔ اَور یربعام کے گھرانے کے بَقیّہ کو پھینک دُوں گا جیسے کوئی کُوڑے کو پھینکتا ہَے۔ یہاں تک کہ وہ نابُود ہو جائیں گے۔ 11 ۔اَور یربعام کا جو کوئی شہر میں مَرا اُسے کُتّے کھائیں گے۔ اَور جو میدان میں مَرا اُسے آسمان کے پرندے کھائیں گے۔ کیونکہ خُداوند نے فرمایا ہَے۔ 12 ۔ پر تُو اُٹھ اَوراپنے گھر کو چلی جا۔ اَور تیرا پاؤں شہر میں داخِل ہونے کے وقت لڑکا مَرجائے گا۔ 13 ۔ اَور سارا اِسرائیل اُس پر ماتم کرے گا۔ اور اُسےمدفن کرے گا۔ اَور یربعام کے گھرانے میں سے یہی قبر میں رکھّا جائے گا۔ اِس لئے کہ یربعام کے گھرانے میں سے خُداوند اِسرائیل کے خُدا کی نِگاہ میں اُسی میں کُچھ اچھّا خیال پایا گیا۔ 14 ۔ اَور خُداوند اپنے لئے اِسرائیل پر ایک ایسا بادشاہ قائم کرے گا۔ جو یربعام کے گھرانے کو اِسی دِن اَور اِسی وقت نابُود کرے گا۔ 15 ۔ اَور خُداوند اِسرائیل کو یُوں مارے گا۔ جیساکہ سرکنڈا پانی میں ہِلایا جاتاہَے۔ اَور وہ اِسرائیل کو اُس اچھّے مُلک سے جو اُس نے اُن کے باپ دادا کو عطا کِیا، جڑ سے اُکھاڑ دے گا۔ اَور دریا کے پار اُنہیں پراگندہ کرے گا۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے لئے یسیرت دیوی کے کھمبے لگائے۔ تاکہ خُداوند کو غُصّہ دِلائیں۔ 16 ۔اَور وہ اِسرائیل کو یربعام کی خطاؤں کے باعِث ترک کرے گا۔ جس نے آپ گُناہ کِیا اَور اِسرائیل سے گُناہ کروایا۔ 17 ۔تب یربعام کی بیوی اُٹھی اَور روانہ ہُوئی۔ اَور ترضہ میں آئی۔ اَور اُس کے دروازے کی دہلیز میں داخِل ہوتے ہی لڑکا مَرگیا۔ 18 ۔ اَور دفن کِیاگیا اَور تمام اِسرائیل نے اُس پر ماتم کِیا۔ بہ مُطابِق خُداوند کے کلام کے جو اُس نے اپنے بندے اَخیاہ نبی کی زُبان سے فرمایا تھا۔ 19 ۔ اَور یربعام کا باقی احوال کہ کیسے وہ لڑا اَور کیسے اُس نے سَلطنَت کی۔ اِسرائیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج ہَے۔ 20 ۔اَور یربعام کے سَلطنَت کرنے کے ایّام بائیس برس تھے۔ اَور وہ اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا۔ اَور اُس کا بیٹا ندب اُس کی جگہ بادشاہ ہُوا۔ 21 ۔ رحَبعَام یہوداہ کا بادشاہ اَور رحَبعَام بِن سُلیمان نے یہوداہ میں سَلطنَت کی اَور جس وقت رحبَعَام بادشاہ ہُوا وہ اِکتالیس برس کا تھا اَور اُس نے یرُوشلیِم شہر میں جِسے خُداوند نے اِسرائیل کے سب قبیلوں میں سے چُن لِیا تاکہ اپنا نام وہاں رکھّے۔ سترہ برس سَلطنَت کی۔ اَور اُس کی ماں کا نام نعمہ عمّونی تھا۔ 22 ۔ اَور یہوداہ نے خُداوند کی نِگاہ میں بَدی کی۔ اَور اُنہوں نے اپنے گُناہوں کے سبب سے جو اُنہوں نے کِئے۔ اُسے زیادہ غُصّہ دِلایا۔ بہ نِسبت اُس سب کُچھ کے جو اُن کے باپ دادا نے کِیا تھا۔ 23 ۔ اَور اُنہوں نے اپنے لئے اُونچی جگہیں اَور ستُون اَور یسرت کے کھمبے ہر ایک ٹِیلے پر اَور ہر ایک سبز درخت کے نیچے قائم کِئے۔ 24 ۔ اَور اُن کے مُلک میں مُغلّمِ بھی تھے۔ اَور اُنہوں نے اُن قوموں کی سب پلیدگیوں کی مانند کام کئے۔ جِنہیں خُداوند نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے دُور کِیا ۔ 25 ۔اَور رحَبعَام کی سَلطنَت کے پانچویں برس میں مِصر کا بادشاہ سیسق یرُوشلیِم پر چڑھ آیا۔ 26 ۔ اَور اُس نے خُداوند کے گھر کے خزانے اَور بادشاہ کے گھر کے خزانے لُوٹ لئے۔ اَور سب کُچھ لے لِیا اَور سب سونے کی ڈھالیں بھی جو سُلیمان نے بنائی تھیں۔ 27 ۔تو رحَبعَام بادشاہ نے اُن کی جگہ پِیتل کی ڈھالیں بنوائیں اَور مُحافظ سپاہیوں کے سرداروں کے ہاتھوں میں دیں جو بادشاہ کے گھر کے دروازے کی چوکیداری کرتے تھے۔ 28 ۔ اَور ایسا ہوتا تھا۔ کہ جب بادشاہ خُداوند کے گھر میں جاتا۔ تو سِپاہی اُنہیں اُٹھا لیتے اَور پِھر اُنہیں سِپاہیوں کے سلاح خانے میں رکھّ دیتے تھے۔ 29 ۔اَور رحَبعَام کا باقی احوال اَور سب کُچھ جو اُس نے کِیا۔ کیا یہ یہوداہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں درج نہیں؟ 30 ۔اَور رحَبعَام اور یربعام کے درمیان ہمیشہ لڑائی رہی۔ 31 ۔ اَور رحَبعَام اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اَور داؤد کے شہر میں اُن کے ساتھ دفن کِیا گیا۔ اَور اُس کی ماں کا نام نعمہ عمّونی تھا۔ اَور اُس کا بیٹا اِبیام اُس کی جگہ بادشاہ ہوا۔