1 تولع اَوراَبی مَلک کے بعد تولع بِن فوہ بِن دودو جواشکار کے قبیلہ میں سے تھا بنی اِسرائیل کو رِہائی دینے اُٹھا۔ اَور وہ کوہِ اِفرائیم کے سمیر میں رہتا تھا۔ 2 وہ تئیس برس اِسرائیل میں قاضِی رہا۔ اَور مَرگیا۔ اَور سمیر میں دفن کِیا گیا۔ 3 یائیر اُس کے بعد یائیر جِلعادی اُٹھا اَور وہ بائیس برس اِسرائیل میں قاضِی رہا۔ 4 اَور اُس کے تیس بیٹے تھے جو تیس جوان گدھوں پر سَوار ہُوا کرتے تھے۔ اَور اُن کے تیس شہر تھے۔ جو آج کے دِن تک یائیر کے قصبے کہلاتے ہیں۔ اَور وہ جِلعاد کے مُلک میں ہَیں۔ 5 اَور یائیر مَرگیا۔ اَور قامون میں گاڑا گیا۔ 6 قوم کی بدکاری اَور بنی اِسرائیل نے خُداوند کی نِگاہ میں پِھر بَدی کی۔ اَور بعلیم اَور عستارات اَور ارام کے مَعبُودوں اَور صیدا کے مَعبُودوں اَور موآب کے مَعبُودوں اَور بنی عمّون کے مَعبُودوں اَور فلِستیوں کے مَعبُودوں کی بندگی کی۔ اَور خُداوند کو چھوڑ دِیا۔ اَور اُس کی بندگی نہ کی۔ 7 تو خُداوند کا غضب اِسرائیل پر بھڑکا۔ تو اُس نے اُنہیں فلِستیوں اَور بنی عمّون کے ہاتھوں میں بیچ ڈالا۔ 8 اَور وہ بنی اِسرائیل پر اُس سال میں بلکہ اَٹھارہ برس تک ظُلم کرتے رہے۔ یعنی اُن تمام بنی اِسرائیل کو پامال کر دِیا جو یردن کے پار اَموریوں کے مُلک اَور جِلعاد میں رہتے تھے۔ 9 اَور بنی عمّون یردن سے پار ہُوئے۔ تاکہ یہوداہ اَور بِنیمِین اَور اِفرائیم کے خاندان سے جنگ کریں۔ اَور اِسرائیل سخت تنگ ہوا۔ 10 تب بنی اِسرائیل خُداوند کے پاس چِلّائے اَور کہا۔ کہ ہم نے تیرے خلاف گُناہ کِیا اَور اپنے خُدا کو چھوڑ دِیا۔ اَور بعلیم کی پرستِش کی۔ 11 اَور خُداوندنے بنی اِسرائیل سے کہا۔ کیا مَیں نے تُمہیں مِصریوں اَور اَموریوں اَور بنی عمّون اَور فلِستیوں سے نہیں چُھڑایا؟ 12 اَور صِیدُانیوں اَور عمالیِقیوں اَور مِدیانیوں نے بھی تُمہیں تنگ کِیا۔ تو تُم میرے پاس چِلّائے۔ کیا مَیں نے تُمہیں اُن کے ہاتھوں سے بھی مُخلِصی نہیں بخشی؟ 13 تو بھی تُم نے مُجھے چھوڑ دِیا۔ اَور اجنبی مَعبُودوں کی بندگی کی۔ اِس لئے اَب پِھر مَیں تُمہیں نہیں چُھڑاؤں گا۔ 14 تُم جاؤ اَور اُن مَعبُودوں کے پاس جِنہیں تُم نے اِختیار کِیا۔ فریاد کرو۔ اَور وُہی تُمہارے دُکھ کے وقت تُمہیں چُھڑائیں۔ 15 تو بنی اِسرائیل نے خُداوند سے کہا۔ کہ ہم نے تو گُناہ کِیا۔ چُنانچہ جو کُچھ تیری نِگاہ میں اچھّا ہے۔ تُو ہمارے ساتھ کر۔ اَور آج کے دِن ہمیں رِہائی دے۔ 16 اَور اُنہوں نے اجنبی مَعبُودوں کو اپنے درمیان سے دُور کِیا۔ اَور خُداوند کی پرستِش کرنے لگ گئے۔ تو اُس کا دِل اِسرائیل کے دُکھ کے باعِث نرم ہُوا۔ 17 اَور بنی عمّون جمع ہُوئے۔ اَور جِلعاد میں ڈیرے لگائے۔ اَور بنی اِسرائیل بھی فراہم ہُوئے۔ اَور مِصفَاہ میں خَیمے کھڑے کِئے۔ 18 تب جِلعاد کے عوام وخواص ایک دُوسرے سے کہنے لگے۔ کہ وہ کون مَرد ہَے۔ جو پہلے بنی عمّون سے لڑنا شرُوع کرے۔ تو وُہی جِلعاد کے سب باشِندوں کا سردار ہوگا۔