باب

1 یہورام اِسرائیل کا بادشاہ اَور یہُوداہ کے بادشاہ یہوسفط کے اَٹھارھویں برس میں یہورام بِن اَخی اب سامریہ میں اِسرائیل پر بادشاہ ہُوا۔ اَور اُس نے بارہ برس سَلَطنت کی۔ 2 اَور اُس نے خُداوند کے حضُور بَدی کی۔ لیکن اپنے باپ اَور اپنی ماں کی طرح نہیں۔ کیونکہ اُس نے بَعلَ کے ستُونوں کو جو اُس کے باپ نے بنائے تھے دُور کِیا۔ 3 لیکن وہ یربعام بِن نباط کے گُناہوں سے جس نے بنی اِسرائیل سے بَدی کروائی چِمٹا رہا اَور اُن سے کَنارہ نہ کِیا۔ 4 موآب سے جنگ اَور میسا موآب کا بادشاہ بُہت چوپایوں کا مالِک تھا۔ اَور وہ اِسرائیل کے بادشاہ کو ایک لاکھ برّے اَور ایک لاکھ مینڈھے اَور اُن کی اُون ادا کرتا تھا ۔ 5 پس اَخی اب مَر گیا۔ تو موآب کے بادشاہ نے شاہِ اِسرائیل سے سر کشی کی۔ 6 تو اُس روزیہورام بادشاہ سامریہ سے باہر نِکلا۔ اَور تمام اِسرائیل کا شُمار کِیا۔ 7 پِھر وہ گیا۔ اَور یہُوداہ کے بادشاہ یہوسفط کو کہلا بھیجا کہ موآب کے بادشاہ نے میرے خلاف بغاوت کی ہے۔ تو کیا تُو میرے ساتھ موآب سے لڑائی کرنے کو چلے گا؟ اُس نے کہا۔ مَیں چلُوں گا۔ کیونکہ میری جان تیری جان کی طرح اَور میرے لوگ تیرے لوگ اَور میرے گھوڑے تیرے گھوڑے ہیں۔ 8 تو اُس نے اُس سے کہا۔ ہم کِس راہ سے چڑھائی کریں؟ اُس نے کہا۔ اِدوم کے بِیابان کی راہ سے۔ 9 تب اِسرائیل کا بادشاہ اور یہُود۱ہ کا بادشاہ اَور اِدوم کا بادشاہ گئے۔ اَور سات دِن کے سفر کا چکر مارا۔ پر اپنے لشکروں اَور اپنے چوپایوں کے لئے جو اُن کے پیچھے آتے تھے پانی نہ پایا۔ 10 تو اِسرائیل کے بادشاہ نے کہا۔ افسوس۔ کہ خُداوند نے ہم تین بادشاہوں کو بُلایا۔ تاکہ ہمیں موآب کے ہاتھ میں حوالے کرے۔ 11 اَور یہوسفط نے کہا۔ کیا خُداوند کا کوئی نبی یہاں نہیں؟ کہ اُس کی معرفت ہم خُداوند سے پُوچھیں۔ تو اِسرائیل کے بادشاہ کے خادِموں میں سے ایک نے جَواب دِیا اَور کہا۔ کہ یہاں الیِشع بِن سافط ہے جوایلیاہ کے ہاتھوں پر پانی ڈالا کرتا تھا۔ 12 یہوسفط نے کہا۔ یقِیناً خُداوند کا کلام اُس کے ساتھ ہے۔ اَور اِسرائیل کا بادشاہ اَور یہوسفط یہُوداہ کا بادشاہ اَور اِدوم کا بادشاہ اُس کے پاس گئے۔ 13 تب الیِشع نے اِسرائیل کے بادشاہ سے کہا۔ مُجھے تُجھ سے کیا؟ تُو اپنے باپ کے نبیوں اَور اپنی ماں کے نبیوں کے پاس جا۔ تو اِسرائیل کے بادشاہ نے اُس سے کہا۔ ہرگز نہیں۔ کیونکہ خُداوند نے اِن تین بادشاہوں کو بُلایا۔ تاکہ اُنہیں موآب کے ہاتھ میں حوالے کرے۔ 14 الیِشع نے کہا۔ ربُّ الافواج کی زِندگی کی قَسم جس کے سامنے میں کھڑا ہُوں۔ اگر مَیں یہُوداہ کے بادشاہ یہوسفط کے مُنہ کا لحاظ نہ کرتا۔ تو تیری طرف نظر نہ کرتا۔ اَور نہ تُجھے دیکھتا۔ 15 اَور اب میرے پاس سارنگی بجانے والا لاؤ۔ تو جب اُس نے سارنگی کو چھیڑا خُداوند کا ہاتھ الیِشع پر آیا۔ 16 تو اُس نے کہا۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ کہ اِس وادی میں گڑھے ہی گڑھے بنادو۔ 17 کیونکہ خُداوند فرماتاہے۔ کہ تُم ہَوا اَور مِینہ نہ دیکھو گے۔ تو بھی یہ وادی پانی سے بھر جائے گی۔ اَور تُم پِیئو گے اَور تُمہارے مواشی اَور تُمہارے چوپائے پِیئیں گے۔ 18 اَور خُداوند کی نِگاہ میں یہ ایک ہلکی سی بات ہے۔ اَور وہ موآب کو بھی تُمہارے ہاتھ میں حوالے کردے گا۔ 19 اَور تُم ہر ایک فصِیل دار شہر اَور عُمدہ شہر کو مارو گے۔ اَور تمام اچھّے درخت کاٹ ڈالو گے۔ اَور پانی کے ہر ایک چشمے کو بند کرو گے۔ اَور ہر ایک اچھّے کھیت کو پتھّروں سے خراب کرو گے۔ 20 اَور صُبح کو قُربانی چڑھانے کے وقت ایسا ہُوا۔ کہ اِدوم کی راہ سے پانی آیا۔ اَور زمین پانی سے بھر گئی۔ 21 اَور سب موآب نے سُنا۔ کہ بادشاہ اُن کے ساتھ لڑائی کرنے کو چڑھ آئے ہیں۔ تو اُنہوں نے سب کو جِنہوں نے کَمر بند باندھنا شرُوع کِیا۔ جمع کِیا۔ اَور سَرحد پر کھڑے ہوگئے۔ 22 اَور وہ صُبح سویرے اُٹھے۔ اَور سُورج پانی پر چمکا تو موآب نے اپنے سامنے پانی کو لہُو کی طرح سُرخ دیکھا۔ 23 تو اُنہوں نے کہا۔ یہ تو لہُو ہے۔ کہ بادشاہوں نے آپس میں لڑائی کی اَور ایک نے دُوسرے کو مارا۔ سو اب اَے موآب اُن کی لُوٹ کو چل۔ 24 اَور وہ اِسرائیل کی لشکر گاہ کی طرف گئے۔ تب اِسرائیل نے اُٹھ کر موآب کو مارا۔ تو وہ اُن کے سامنے سے بھاگے۔ اَور وہ مُلک میں داخِل ہوئے اَور موآب کو مارتے جاتے تھے۔ 25 اَور اُنہوں نے شہروں کو مسمار کِیا۔ اَور ہر ایک آدمی نے ہر ایک اچھّے کھیت میں پتھّر پھینکے۔ جب تک کہ وہ بھر نہ گیا۔ اَور اُنہوں نے پانی کے سب چشمے بند کر دیئے۔ اَور سب اچھّے درخت کاٹ ڈالے۔ یہاں تک کہ قیر حراست میں اُنہوں نے پتھّروں کے سِوا کُچھ نہ چھوڑا۔ اَور اُس کو بھی فلاخن اندازوں نے جا گھیرا۔ اَور اُسے مارا۔ 26 جب شاہِ موآب نے دیکھا۔ کہ اُس کے خلاف لڑائی شدِّت سے ہے۔ تو اُس نے اپنے ساتھ سات سَو تلوار چِلاّنے والے جوان لئے۔ تاکہ صف چیِر کے وہ شاہِ ادوم پر جا پڑیں، مگر وہ نہ کر سکے۔ 27 تب اُس نے اپنے پہلوٹھے بیٹے کو جو اُس کا ولی عہد تھا لِیا۔ اَور اُسے دیوار پر سوختنی قُربانی کے طور گُزرانا۔ اَور اِسرائیل پر بڑا سخت قہر نازِل ہُوا۔ اَور وہ میسا بادشاہ کو چھوڑ کر اپنے مُلک کو لَوٹ آئے۔